English   /   Kannada   /   Nawayathi

مسجد الحرام میں بڑی چھتریوں کی تنصیب کا کام رمضان المبارک سے قبل مکمل کر لیا جائے گا

share with us

مکہ مکرمہ:20اگست 2019 (فکروخبر/ ذرائع ) مسجد الحرام کے صحنوں میں دیوہیکل چھتریوں کی تنصیب کا کام رمضان المبارک سے قبل مکمل کر لیا جائے گا، 300 سے زائد دیوہیکل چھتریاں مسجد الحرام میں نصب کی جائیں گی، اس کی بدولت زائرین کو طواف اور نماز میں آرام و راحت نصیب ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ کی مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہِ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے اعلان کیا کہ مسجد الحرام (مکہ مکرمہ) کے ساتھ مسجد نبوی شریف ( مدینہ منورہ ) کے صحنوں کے باقی حصے میں بھی دیوہیکل چھتریوں کی تنصیب کا کام رواں حج سیزن ختم ہوتے ہی شروع کر دیا جائے گا اور آئندہ رمضان المبارک سے قبل مکمل کر لیا جائے گا۔

ڈاکٹر السدیس نے بتایا کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں تعمیر و توسیع اور تزئین و خدمات کے سارے منصوبے آئندہ 2برسوں کے دوران مکمل کر لئے جائیں گے۔

انھوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 300سے زائد دیوہیکل چھتریاں مسجد الحرام میں نصب کی جائیں گی، خانہ کعبہ کے اطراف صحن میں بھی سائبان نصب ہو گا، جس کی بدولت زائرین کو طواف اور نماز میں آرام و راحت نصیب ہو گا۔

السدیس نے توجہ دلائی کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولیعہد محمد بن سلمان نے اس احساس کے تحت کہ زائرین کو طواف ، نماز ، عباد ت اور آنے جانے میں دھوپ کے مسئلے سے دوچار نہ ہونا پڑے دیوہیکل چھتریوں کی تنصیب کا منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ، اعلیٰ قیادت کے حکم کے مطابق یہ کام اعلیٰ اور معیاری شکل میں انجام دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 2008 کے دوران سعودی حکومت نے مسجد حرام کے صحن کو ڈھانپنے کیلئے بہت ہی بڑی بڑی چھتریاں لگانے کا منصوبہ بنایا تھا۔

سال 2014 میں اپنی وفات سے کچھ روز قبل سعودی فرماں روا شاہ عبداللہ نے مسجد الحرام میں عبادت گزاروں کی سہولت کے لیے خصوصی چھتریوں کی تنصیب کا فرمان جاری کیا تھا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا