English   /   Kannada   /   Nawayathi

موب لنچنگ کو مودی حکومت کی خاموش حمایت حاصل: ابو عاصم اعظمی

share with us

ممبئی:19 اگست 2019 (فکروخبر/ ذرائع ) ممبئی کے حج ہاؤس میں ملی تحریک کے زیراہتمام ایک ’انیٹی موب لنچنگ کانفرنس‘ منعقد ہوئی جس میں مقررین نے جہاں موب لنچنگ کو صریح دہشت گردی قرار دیا وہیں اس کی راست ذمہ داری مودی حکومت پر عائد کرتے ہوئے اس کے خلاف سخت ترین قانون بنانے کا مطالبہ کیا۔

اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی مہاراشٹر کے سربراہ ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ موب لنچنگ کے خلاف سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو سخت قانون بنانے کا حکم دیا ہے، اس کے باوجود مرکز کی مودی حکومت نے اس ضمن میں کچھ نہیں کیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ موب لنچنگ کو مودی حکومت کی خاموش حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے پہلوخان لنچنگ معاملے کے ملزمین کی رہائی پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں پولس نے قصداً عدالت کے سامنے ایسے ثبوت پیش نہیں کیے جو ملزمین کے جرم کو ثابت کرے، جبکہ پہلوخان قتل کے سی سی ٹی وی فوٹیج نیز ملزمین کے اسٹنگ آپریشن کے ویڈیوز پولس کے پاس موجود تھے۔ پولس نے پہلوخان کا کیس ہی اس قدر کمزور بنایا تھا کہ تمام کے تمام ملزمین بری ہوگئے۔

ابوعاصم اعظمی نے کشمیر سے آرٹیکل 370 کے ہٹائے جانے پر بھی مودی حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ مرکزی حکومت نہ صرف جموں وکشمیر بلکہ پورے ملک کے ساتھ سخت ناانصافی کر رہی ہے اور جان بوجھ کر ملک کے حالات خراب کر رہی ہے تاکہ اسے سیاسی فائدہ حاصل ہو۔ انہوں نے موب لنچنگ کے خلاف سخت قانون بنانے کے سپریم کورٹ کی ہدایت پر مودی حکومت کے عمل پیرا نہ ہونے پر تنقید کی اور کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ملک میں موب لنچنگ جاری رہے۔

کل جماعتی تنظیم مالیگاؤں کے صدر بزرگ عالم دین مولانا عبدالحمید ازہری نے موب لنچنگ کو حکومت کی سیاسی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں جتنے بھی موب لنچنگ کے واقعات ہوئے ہیں، ان میں کسی نہ کسی طرح بی جے پی کی نظریات سے وابستہ لوگوں کی شمولیت اجاگر ہوئی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں حکومت کی خفیہ پشت پناہی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے جھارکھنڈ میں تبریز انصاری کے اہل خانہ سے ملاقات کی تھی، ان کی غربت دیکھ کر آنکھیں نمناک ہوجاتی ہیں، لیکن جے شری رام کا نعرہ لگواتے لگواتے اسے بھی موت کے گھاٹ اتاردیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک صریح دہشت گردی ہے جس کے خلاف مرکزی حکومت کو سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق سخت قانون بنانا چاہیے۔

جماعت اسلامی ہند کے مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن اور مشہور کالم نویس ڈاکٹر سلیم خان نے موب لنچنگ کے لئے راست طور پر بی جے پی کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعہ یہ حکومت اکثریتی طبقے کو ووٹوں کا پولرائزیشن چاہتی ہے، اسی لئے وہ ملک کی سب سے بڑی عدالت کی ہدایت کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موب لنچنگ کے ذریعے یہ حکومت مسلمانوں، دلتوں وعیسائیوں کو خوف زدہ کرنا چاہتی ہے تاکہ اس کے ووٹ بینک محفوظ رہیں۔

سماج وادی کے لیڈر للن یادو نے موب لنچنگ کے معاملے میں مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی اس ملک کی فرقہ وارانہ فضاء کو بگاڑکر مختلف دھرم کے ماننے والوں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں تاکہ عوام آپس میں لڑتی رہے اور ان کا سنگھاسن مضبوط ہو۔ انہوں نے مودی حکومت پر آرایس ایس کے اشارے پر کام کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت تقسیم اور بٹوارے کی سیاست کر رہی ہے جو آر ایس ایس کا منصوبہ ہے اس لئے اس ملک کی سالمیت کے لئے ضروری ہے کہ آر ایس ایس پر پابندی عائد کی جائے۔

اس کانفرنس سے مقررین کے علاوہ آل انڈیا علماء کونسل کے جنرل سکریٹری مولانا محمود دریابادی،، رماشنکر تیواری و سماج وادی کے عہدیدار عبدالقادر چودھری نے خطاب کیا۔ جبکہ ملی تحریک کنونیر معراج صدیقی نے نظامت کی۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا