English   /   Kannada   /   Nawayathi

بھٹکل میں پورے جوش وخروش کے ساتھ عیدالأضحی منائی گئی 

share with us

مال کی ہوس نے انسان کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کردیا ہے :ٖ مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی 

بھٹکل 12/ اگست 2019(فکروخبر نیوز) آج بھٹکل سمیت پورے ملک میں عید الأضحی کی دوگانہ ادا کی گئی۔ شمالی ہندوستان میں بارش کے پیشِ نظر دوگانہ جمعہ مساجد میں ادا کی گئی۔ بھٹکل میں بھی عید الأضحی کی نمازجملہ مساجد میں ادا کی گئی جہاں خطباء نے ایک ودسرے سے محبت قائم کرنے، صلہ رحمی کرنے، مال کی ہوس ختم کرتے ہوئے آخرت کی تیاری کرنے اور مکمل طور پر اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کی نصیحت کی۔ شہر کی جامع مسجد میں مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے خطبہئ عید الأضحی دیا جس میں انہوں نے مال کی ہوس ختم کرنے، احسان شناسی کو قائم رکھنے اور وارثوں کو ان کا حق دینے کے سلسلہ میں ہورہی کوتاہیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے اس کے ازالہ کی طرف توجہ دلائی۔ مولانا نے کہا کہ اس سے پہلے کی امتیں مال کی محبتوں کی وجہ سے ہلاک کردی گئیں۔ مال کی محبت کی وجہ سے آنے والی بیماریاں بڑی خطرناک ہیں، یہی وہ مال کی محبت ہے جس کی وجہ سے انسان کی دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت بھی برباد ہوجاتی ہے۔ مال کے حصول میں انسان اندھا ہوتا چلا جارہا ہے۔ اس کے سلسلہ میں حلال وحرام کی تمیز ختم ہوتی جارہی ہے۔ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس مال کی محبت کو امت کی بربادی کا پیش خیمہ قرار دیا ہے۔ اسی کے ذریعہ بھائی کے اپنے بھائی سے تعلقات ختم ہورہے ہیں، معاشرہ میں انتشار پیدا ہورہا ہے۔ آپس میں دشمنیاں عام ہورہی ہے، اس کے اسباب پر غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے یہ سب مال کی ہوس کا نتیجہ ہے۔ مولانا نے اپنے معاملات درست کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ انسان اپنی نماز پر بھروسہ کیے ہوئے ہیں، وہ اپنے دماغ میں اس بات کا تصور پیدا کیے ہوئے ہے کہ ہم تو اللہ کے احکامات کی پیروی کررہے ہیں لیکن جب مسجد سے نکل کر بازار کا رخ کرتا ہے او روہاں لوگوں سے معاملات طئے کرتا ہے تو وہ شریعت کے دائرہ سے باہر ہوتے ہیں۔ اس کی نظر دین پر نہیں بلکہ مال پر ہوتی ہے اور اس کی محبت میں دھوکہ، جھوٹ اور دیگر طریقوں سے اسے بٹورنے کی کوشش میں رہتا ہے۔ اسی مال کی ہوس نے انسان کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کردیا ہے۔ مولانا نے وارثوں کو ان کا حق دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسی مال کی محبت کی وجہ سے وارثوں کو ان کا حق نہیں مل رہا ہے۔ لوگوں کے حقوق دباکر پرتعےّش زندگی گذاری جارہی ہے لیکن جن کو حق ملنا چاہیے وہ کسمپرسی کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔ وہ شرم کے بارے میں اپنے مسائل لوگوں کے سامنے بھی نہیں لارہے ہیں۔ا نہیں شریعت کے مطابق حصہ دیا جائے تو ان کے معاشی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ اپنے ملنے والے حق کو کاروبار میں لگاکر اپنے معاشی حالات درست کرسکتے ہیں لیکن یہ سب اسی وقت ہوگا جب انہیں حق ملے تو سہی۔ مولانا نے اسی ضمن میں قرض لینے کے بعد اس کو ادا کرنے کے سلسلہ میں لاپرواہی برتنے والوں کو اس کے سنگین نتائج سے آگاہ کرتے ہوئے احسان مند ہونے کی دعوت دی۔ مولانا نے کہاکہ کوئی شخص احسان کرتے ہوئے کسی کو قرضہ دیتا ہے لیکن بعض لوگ قرضہ دینے والوں کا احسان مند ہونے اور اس کا شکریہ ادا کرنے کے بجائے قرضہ ہی ادا نہیں کررہے ہیں جس کی وجہ سے معاشرہ میں تعلقات خراب ہورہے ہیں۔ مولانا نے اس موقع پر قربانی کے عمل کو زندہ کرنے اور اسلام کے لیے اپنی قربانی پیش کرنے پر بھی زور دیا۔ ساتھ ہی ساتھ سیلاب سے متأثرہ ان تمام افراد کا بھی تذکرہ کیا جو عید کی خوشیوں سے محروم ہیں۔ انسان ہونے کی حیثیت سے ان کا دکھ درد سمجھتے ہوئے ان کا تعاون کرنے پر بھی زور دیا۔ مولانا نے ان کے سلسلہ میں نرمی پیدا نہ ہونے اور ان سے ہمددری کا جذبہ نہ کرنے والے دلوں کو ایمان سے خالی دلوں سے تعبیر کیا۔ اس موقع پر حجاج کرام کے مناسک حج کی ادائیگی میں برداشت کی جانے والی مشقتوں کا بھی تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح حجاج احرام کی کپڑوں میں آخرت کی یاد تازہ کررہے ہیں، عرفات کے میدان میں محشر کے میدان کو یاد کرکے اپنے گناہوں کی معافی طلب کررہے ہیں۔ اسی طرح ہم میں بھی اس عید کے موقع پر آخرت کی فکر پیدا ہونی چاہیے او ریہ سمجھ لینا چاہیے کہ ہم ایک روز اس دنیا کو چھوڑ کر آخرت کی طرف کوچ کرنے والے ہیں جہاں ہمیں زندگی کے ہر موڑ کا حساب دینا ہے۔ ان کے علاوہ خلیفہ جامع مسجد بھٹکل میں مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے، جمعہ مسجد تنظیم میں مولانا انصار خطیب ندوی نے، جمعہ مسجد مدینہ میں مولانا زکریا برماور ندوی نے، جمعہ مسجد بدریہ میں مولانا ہاشم نظام ندوی نے، جمعہ مسجد نور میں مولانا امین رکن الدین ندوی نے، جمعہ مسجد حمزہ میں مولانا اقبال نائطے ندوی نے،جمعہ مسجد بلال موگلی ہونڈا میں مولانا منور پیشمام نے، جمعہ مسجد سیدنا ابراہیم میں مولانا اسماعیل ڈانگی ندوی نے اور تینگن گنڈی جامع مسجد میں مولانااسحاق صاحب ڈانگی ندوی نے عید الأضحی کا خطبہ دیا۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا