English   /   Kannada   /   Nawayathi

مغربی مہاراشٹر سیلاب متاثرین کی امدادکے لئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی)کی ہنگامی میٹنگ 

share with us


  سیلاب متاثرین میں اشیاء خورد و نوش،چادر،بستراور کپڑے کی تقسیم، راحت رسانی کا کام جنگی پیمانہ پر جاری:مولانا حلیم اللہ قاسمی 


ممبئی:11 اگست 2019 (فکروخبر/ پریس ریلیز )جمعیۃ علماء جو ناگہانی حالات میں فوری طور پر اپنی خدمات فراہم کر کے عوامی سطح پر راحت رسانی کا کام کرتی رہی ہے،اس نے منظم اندازمیں مغربی مہاراشٹر کے ضلع کولہا پور، میرج سانگلی ستارا اور کراڈ میں سیلاب متأثرین کے لئے راحت وریلیف کا کام سرگرمی کے ساتھ جاری رکھا ہے۔ آج جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے ذمہ داران کی ہنگامی میٹنگ مولانا مستقیم احسن اعظمی (صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر) کی صدارت   میں منعقدہوئی،جس میں متاثرہ مقامات کے ذمہ داران سے رابطہ قائم کر کے راحت رسانی اور ریلیف کے کام کا جائزہ لیا گیا۔اس میٹنگ میں باہمی مشورہ سے یہ بات طے پائی کہ چونکہ مقامی جمعیۃعلماء کے اراکین مخیر حضرات کے تعاون سے متاثرین کے خورد و نوش کا انتظام کر رہے ہیں،سیلابی کیفیت ختم ہونے کے بعد ان کے لئے روز مرہ استعمال کے سامان،اور باز آباد کاری کی شدید ضرورت ہوگی،جس پر کثیر سرمایہ کی ضرورت ہوگی۔جمعیۃعلماء مہاراشٹر اپنی روایت کے مطابق متاثرین کی باز آباد کاری میں حصہ لے گی۔ 
    جمعیۃعلماء شہرکولہا پور کے ذمہ داروں کی رپورٹ کے مطابق شہر کولہا پور کے علاقہ سدھارتھ نگر،راجیو گاندھی وساہت،لونار وساہت اور مارکیٹ یارڈ وغیرہ پانی سے ڈوبا ہواہے،مکانات میں پانی بھرجانے کی وجہ سے کھانے پینے اور روزمرہ کے استعمال کی اشیاء برباد ہو گئیں،لوگ دانہ دانہ کے محتاج ہوگئے۔ مقامی جمعیۃعلماء کی جانب سے یومیہ صبح و شام سات سو سے ایک ہزار لوگوں کو کھانا تقسیم کیا جا رہا ہے،ساتھ ہی چادر،بستر اور کپڑے بھی دیئے جارہے ہیں۔
       جمعیۃعلماء شہرسانگلی کے ذمہ داروں کی رپورٹ کے مطابق شہر سانگلی اور اس کے اطراف کے علاقے پانی سے بہت زیادہ متاثر ہیں،ابھی بھی گھروں میں پانی موجود ہے، جس کی وجہ سے لوگ اسکولوں اور اونچے مقامات پر پناہ لیئے ہوئے ہیں۔روز اول ہی سے جمعیۃعلماء کے مقامی کارکنان راحت رسانی اور بچاؤ کے کام میں مصروف ہیں۔یومیہ دو ہزار افراد کا صبح و شام کھانا اور چائے و بسکٹ کے علاوہ  ابتدائی راحت کے سامان پہونچا رہے ہیں۔
     موصولہ اطلاع کے مطابق مغربی مہاراشٹر کی صورت حال نہایت بھیانک ہے،سیلاب سے وسیع پیمانے پر ہوئی تباہی وبربادی کے مد نظر بڑے پیمانے پر منظم طریقہ سے ریلیف اورراحت رسانی کے سامان پہونچانے کی ضرورت ہے جس کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملت کے تمام افراد کو سرگرم حصہ لینے کی ضرورت ہے۔اہل خیر حضرات متاثرین کی باز آباد کاری کے لئے بڑھ چڑھ کر اپنا قیمتی تعاون پیش کریں۔چیک اور ڈرافٹ مندرجہ ذیل نام سے بنوائیں۔
A/C.NAME: MUFTI KIFAYATULLAH MEMORIAL TRUST MUMBAI 
A/C NO. 918020071196781
BARNCH: CRAWFORD MARKET MUMBAI
IFSC
 CODE: UTIB0000294
یہ اپیل جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کی ہے جو  مغربی مہاراشٹرسیلاب متاثرین کی امداد و راحت رسانی کی نگرانی میں مصروف عمل ہیں۔
    جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے ممبئی میں اخبار نویسوں کو بتا یا کہ مغربی مہاراشٹر سیلاب متاثرین کے درمیان جمعیۃ علماء کے مقامی کارکنان نے ریلیف اور راحت رسانی کا کام جنگی پیمانہ پر شروع کردیا ہے۔اور اس بڑی تباہی سے نمٹنے کے لئے مقامی جمعیۃ علماء کے ذمہ دار اپنے موجودہ وسائل کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں پہونچ کر راحت رسانی اور بچاؤ کے کام کے ساتھ ان کے خورد و نوش کی اشیاء اور کپڑے وغیرہ فراہم کر رہے ہیں۔ 
    جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی جانب سے منعقدہ ہنگامی میٹنگ میں ریاستی صدر مولانا مستقیم احسن اعظمی،جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی،خازن و ناظم اصلاح معاشرہ مفتی محمد یوسف قاسمی،سکریٹری قانونی امداد کمیٹی الحاج گلزار احمد اعظمی اورجوائنٹ سکریٹری جمعیۃعلماء ضلع پالگھر و جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء وسئی روڈ مولانا محمد عارف عمری وغیرہ نے شرکت کی۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا