English   /   Kannada   /   Nawayathi

سعودی ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کا ایک اور حملہ، ایک شخص جاں بحق

share with us

ریاض:24جون2019(فکروخبر/ذرائع) سعودی عرب کے ابھا ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کے ایک اور حملے میں ایک شامی باشندہ جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے۔سعودی خبر ایجنسی کے مطابق ملک کے جنوب مغربی علاقے کے شہر ابھا کے ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کی جانب سے رواں ماہ دوسرا حملہ کیا گیا ہے، اس حملے میں ایک شامی باشندہ جاں بحق ہوا جب کہ 21 افراد زخمی ہیں۔

زخمی ہونے والوں میں 13 سعودی شہری، 4 بھارتی، 2 مصری جب کہ 2 بنگلہ دیشی شہری شامل ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جن میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔

اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثی باغیوں کے حملے میں زخمی ہونے والوں میں 3 خواتین اور 2 بچے بھی شامل ہیں جب کہ ایئرپورٹ کے ایک ریسٹورینٹ اور 18 گاڑیوں کو نقصان پہنچا تاہم کرنل ترکی نے حملے کی نوعیت کے حوالے سے تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

واضح رہے ابھا ایئرپورٹ سعودی عرب کا ایک مصروف ہوائی اڈہ ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں لوگ آمد ورفت کے لیے موجود ہوتے ہیں اور رواں ماہ کی 12 تاریخ کو اسی ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کے میزائل حملے میں 26 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا