English   /   Kannada   /   Nawayathi

ون نیشن ون الیکشن کا فارمولہ بی جے پی کی بڑی سازش :مایاوتی

share with us

لکھنؤ:24جون2019(فکروخبر/ذرائع) لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی جیت میں گھپلے کا الزام لگاتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) سپریمو مایاوتی نے اتوار کو کہا کہ ایک ملک۔ایک انتخاب کا فارمولہ بی جے پی کا بار بار انتخابات میں گڑبڑی کر نے کی زحمت سے بچنے کی کوشش ہے۔ اس طرح سے وہ ایک ہی سازش میں سارے انتخابات میں کامیابی حاصل کر لے گی۔

بی ایس پی سپریمو کی جانب سے پارٹی ہیڈ کوارٹر پر بلائی گئی آل پارٹی میٹنگ میں کئی بڑے فیصلے کیے گئے۔ پارٹی نے سینئر لیڈر و امروہہ سے رکن پارلیمان کنور دانش علی کو لوک سبھا میں پارٹی کا لیڈر منتخب کیا تووہیں مایاوتی کے بھائی آنند کمار کو پارٹی کا قومی نائب صدر تو بھتیجے آکاش آنند کو نیشنل کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا۔

میٹنگ کے بعد جاری اپنے بیان میں مایاوتی نے کہا کہ گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے ای وی ایم کے ذریعہ جمہوریت اور عوامی فیصلے کو ہائی جیک کرنے کا کوشش کی اور وہ اس میں کامیاب بھی رہی۔ اسی کڑی میں اب برسراقتدار پارٹی’ایک ملک۔ایک انتخاب‘ کے نام سے فریب دہی کے نیا فارمولے کا آغاز کیا ہے۔ درحقیقت یہ انتخابی گھپلے بازی پر پردہ ڈالنے اور بار بار انتخاب میں گڑبڑی کر کے جیتنے سے بچنے کی کوشش ہے۔ اگر ملک میں لوک سبھا اور اسمبلی کے انتخابات ایک ساتھ ہوں گے تو پھر ایک ہی کوشش میں بی جے پی اپنی سازش میں کامیاب ہو جائے گی اور ملک اپوزیشن سے پاک ہوکر ذات ۔پات کی تاریکی میں ڈوب جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جیت میں اگر دھاندھلی وغیرہ نہیں ہوئی ہے اور اسے عوام کی حمایت حاصل ہوئی ہے تو پھر پارٹی وقت ۔وقت پر عوام کے درمیان جانے سے کیوں ڈرتی ہے اور بیلٹ پیپر سے انتخابات کرانے کے نظام سے کیوں ڈرتی ہے۔ بی جے پی کی جیت کے پیچھے ای وی ایم ہیکنگ اور بھاری سازش کا ہاتھ ہے۔

بی ایس پی سپریمو نے کہا کہ اترپردیش میں سمیت ملک کی دیگر ریاستوں میں بی ایس پی کارکنوں نے ای وی ایم میں گڑبڑی کے تئیں عوامی خدشات کا میٹنگ میں برملا اظہار کیا اور اس بات پر وہ کافی متعجب تھے کہ ای ویم ایم پوری طرح سے بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے اشارے پر کیسے کام کر رہی ہے۔ ساتھ ہی الیکشن کمیشن نے جس طرح سے ہر سطح پر بی جے پی اور پی ایم مودی کے آگے گھٹنے ٹیکے ہیں اس سے بھی غیر جانبدارانہ انتخابات پر سوال کھڑے ہونے لگے ہیں۔ ملک کے آئینی اداروں کو اس کا حل ضرور ڈھونڈھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سبھی ریاستوں سے ایک ہی آواز آئی ہے کہ بی جے پی کے حق میں جو یک طرفہ نتائج آئے ہیں وہ غیر متوقع اور عوامی توقعات کے عین مخالف ہیں جو بغیر کسی منظم سازش اور گھپلے کے ممکن نہیں ہے۔ اس لئے ای وی ایم کو ہٹا کر دنیا کے دیگر ممالک کی طرح ملک میں بھی پیلٹ پیپر سے انتخاب کرائے جانے چاہیں۔ بی ایس پی سپریموکے بقول سبھی اپوزیشن پارٹیاں ای وی ایم کے بجائے بیلٹ پیپر سے انتخابات کرانے پر ہم آواز ہیں لیکن بی جے پی اور الیکشن کمیشن اس کے خلاف ہیں۔ جس سے ملک میں بے چینی ہے۔

بی ایس پی سپریمو نے کہا کہ اگر بی جے پی عوام کے اس مطالبے پر کان نہیں دھرتی اور ای وی ایم سے ہی انتخابات کرانے پر آڑی رہتی ہے تو آنے والے ضمنی انتخابات ودیگر انتخابات میں پارٹی کے لوگوں کو اسی کے حساب سے تیاریاں کرنی ہونگی اور ای وی ایم کی گڑبڑیوں کا ہر طرح سے ڈٹ کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہنا ہوگا۔

انہوں نے پارٹی کی تنظیمی ڈھانچے کی مضبوطی اور سال 2007 کی طرح بھائی چارے کی بنیاد پر پارٹی کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ تنظیمی ڈھانچے کو مضبوطی کا کام جو لوک سبھا انتخابات کی وجہ سے رک گیا تھا اسے رفتار دینے کے لئے خصوصی ہدایت دیں گئیں اور میٹنگ کے بعد مختلف ریاستوں کی الگ الگ میٹنگ کر کے انہیں آگے کی تیاریوں و تنظیم میں ضروری ردوبدل کے ہدایات دئیے۔ آنے والے دنوں میں جن ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں خاص کر ہریانہ اور مہاراشٹر کے لئے علیحدہ میٹنگ میں کافی تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

مایاوتی نے اس موقع پر بی ایس پی کے نو منتخب اراکین پارلیمنٹ کو ہدایت دی کی وہ مفاد عامہ اور ملکی مفاد کے مسائل پر پارلیمنٹ میں اپنا مثبت کردار ادا کریں ساتھ ہی اپنے حلقے کے عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا