English   /   Kannada   /   Nawayathi

مدارس ِاسلامیہ سے مذہبی رہنما، قائد اور دین کے داعی پیدا ہوتے ہیں :غیاث احمد رشادی

share with us


غیاث احمد رشادی بانی ومحرک منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا کا بیان 


دعوتِ دین ،تزکیۂ نفس ، تعلیم و تعلم ،درس وتدریس ،تصنیف وتالیف اور دین وشریعت کے دیگر مختلف ومتعددمیدانوںمیں اس ملک کے جن اکابر وممتاز علمائے کرام اور اسکالرس نے ناقابلِ فراموش اور مثالی خدمات انجام دیں اور فہم و فراست کے ساتھ قوم وملت کی جورہبری ورہنمائی فرمائی ان تمام کا تعلق تقریبا دینی مدارس ہی سے رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار منبر و محراب فاؤ نڈیشن کے بانی ومحرک مولانا غیاث احمد رشادی نے کیا
مولانا نے فرمایا کہ یہی وہ دینی مدارس ہیں جہاں مردم سازی کا کام ہوتاہے ۔ یہی وہ مدارس ہیں جو ایک طرف ایسے مذہبی رہنما پیدا کرتے ہیں جو مسجد جیسے پاکیزہ گھر میں سب سے آگے کھڑے ہوکر قوم کی امامت کا فریضہ انجام دیتے ہیں اور مسجد کے منبر پر کھڑے ہو کر قوم وملت کے ضمیر کو بیدار کرتے ہیں ،اور دوسری طرف انہی مدارس سے دین کے فکر مند داعی اور دردمند دل کے ساتھ قوم کی خدمت کرنے والے باشعور علماء کرام پیدا ہوتے ہیں اور ایسے مفتیانِ کرام بھی انہی مدارس ِ اسلامیہ سے وجود میں آتے ہیں جو دین وشریعت کے احکام ومسائل میں امت کی رہنمائی کرتے ہیں ، اس مفید ترین سلسلہ کو قیامت تک باقی رکھنے کیلئے ضرورت ہے کہ ان مدارسِ اسلامیہ میں عوام اپنے ہونہار بچوں کو داخل کرائیں اور ان مدارس کے پاکیزہ ماحول میںانہیں رکھ کر ایک صالح متوکل اور متقی بندہ بننے اور قوم کی قیادت کی صلاحیت پیدا کرنے کے مواقع فراہم کریں ،

   مزید کہا کہ وہ تعلیم جس کی نسبت زمین و آسمان کے خالقِ حقیقی اور رب ذوالجلال کے بھیجے ہوئے آخری پیغمبر سے ہو ،وہ تعلیم اپنے نتیجہ کے اعتبار سے یقینا اعلی و ارفع ہے، یہی وہ تعلیم ہے جو زمین پر بسنے والوں کا رشتہ آسمان سے جوڑتی ہے اور اسی تعلیم سے انسان کی روح پاکیزہ اورمضبوط ہوتی ہے ،یہ المیہ اور دکھ کی بات ہے کہ بعض مالدار اور صاحب ثروت افراد یہ سمجھتے ہیں کہ دینی تعلیم صرف غریب ومفلس ناداراور یتیموں کے لئے ہے یہ بات دل و دماغ میں پیوست کرلینا چاہئے کہ مالدار ہو یا غریب بڑا ہو یاچھوٹا سب پر دینی علم کا حصول لازمی ہے ۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا