English   /   Kannada   /   Nawayathi

بھٹکل کے دوصحافیوں کو کرناٹکا اردو اکیڈمی نے ایوارڈ کے لیے کیا منتخب 

share with us

بھٹکل 16/ جون 2019(فکروخبر نیوز)  کرناٹکا اردو اکیڈمی کی جانب سے امسال بھٹکل کے دو صحافیوں کو ایوارڈ سے نوازا جائے گاجن میں شہر بھٹکل کے قدیم صحافی اور بھٹکل نیوز کے ایڈیٹر جناب عتیق الرحمن شاہ بندری اور ماہنامہ پھول کے ایڈیٹر جناب عبداللہ دامدابوندوی کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ کرناٹکا اردو اکیڈمی کی جانب سے ایک سرکیولر جاری کیا گیا ہے جس میں مختلف میدانو ں میں اردو کی خدمت کرنے والے 54 افراد کو منتخب کیا گیا ہے۔  ایوارڈ میں سند کے ساتھ ایک مومنٹو اور اکیڈمی کی جانب سے پچاس ہزار روپئے نقد بھی دئیے جائیں گے۔ 
     بھٹکل کے ان دوصحافیوں کے ایوارڈ کے لیے منتخب ہونے پر ادارہ فکروخبر بھٹکل خصوصی مبارکبادی پیش کرتا ہے۔
ایوارڈ حاصل کرنے والے دو صحافیوں کا مختصراً تعارف 
     یاد رہے کہ جناب عتیق الرحمن شاہ بندری نے صحافتی میدان میں اپنی نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ پرنٹ میڈیا سے شروع ہونے والے اس اخبار نے ترقی منزلیں طئے کرتے ہوئے زمانہ کے چیلنجوں کا مقابلہ کیا اور اپنے قارئین کو دنیا جہاں کی خبروں سے باخبر رکھنے کی پوری کوشش کی۔ جناب عتیق الرحمن صاحب کا امتیاز رہا ہے کہ وہ ہمیشہ حالات کے تحت چلتے رہے۔ پرنٹ میڈیا میں جیسے جیسے ترقی ہوتی گئی اپنے اخبار کو اسی کے مطابق ڈھالنے کی پوری کوشش کرتے رہے۔ ملٹی کلر میں بھی اخبار شائع کرکے ملک کے مختلف شہروں اور علاقوں سے نکلنے والے اخباروں میں ایک نمایاں مقام بنائے رکھنے میں کامیاب رہے۔ جب انٹرنیٹ کا دور شروع ہوا تو بھٹکل نیوز شہر ِ بھٹکل کا واحد اخبار تھا جو انٹرنیٹ پر دستیاب تھا۔ خلیج میں مقیم ہزاروں لوگوں کو اپنے شہر بھٹکل سے جوڑے رکھنے میں بھٹکل نیوز کی کوششیں قابلِ ذکر ہیں۔ اب الیکٹرانک میڈیا میں ان کی خدمات دیکھتے ہوئے کرناٹکا اردو اکیڈمی نے ایوارڈ سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔
    مولوی عبداللہ دامدابو ندوی شہر بھٹکل کے نوجوان عالمِ دین ہیں۔ اردو ادب کے ذوق کی وجہ سے ان کے اندر اردو کی خدمت کا داعیہ پیدا ہوا اور اس کو آگے بڑھاتے ہوئے اپنے پوری ٹیم کے ساتھ جلد ہی ایک ماہنامہ ”پھول“ کے نام سے جاری کرنے میں کامیاب رہے۔ اس ماہنامہ نے ہندوستان کے مختلف شہروں سے نکلنے والے رسائل میں اپنی ایک حیثیت قائم کی اور دینی بنیاد پر بچوں کی تربیت کا ایک انوکھا دعوتی مشن شروع کیا جس کی خدمات کو ملک کے چنیدہ علماء اور صحافیوں نے سراہا۔ سبق آموز کہانیوں کے ذریعہ سے بچوں کے ذہنوں کو اسلامی سانچے میں ڈھالنے کی کوشش کی اور مختلف سرگرمیوں کے ذریعہ سے بچوں کو اس سے جوڑنے میں کامیاب رہے۔ یہ ماہنامہ ادارہ ادب اطفال بھٹکل کے تحت نکلتا ہے۔ ادارہ نے اس ماہنامہ کے علاوہ جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے سابق مہتمم اور سابق امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالباری ندوی رحمۃ اللہ علیہ کے نام سے ایک کتب خانہ بھی قائم کیا ہے جس سے بڑی تعداد میں نونہالان فائدہ اٹھارہے ہیں۔ اسلام کے دائرہ میں رہتے ہوئے بچوں کی دلچسپی پیدا کرنے والے چند پروگراموں کی وجہ سے ادارہ نے کم وقت میں ترقی کی منزلیں طئے کیں اور پورے ملک ہی نہیں بلکہ بیرون میں بھی پھول نے اپنی خوشبو بکھیرنے کی کامیاب کوشش کی۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا