English   /   Kannada   /   Nawayathi

مذہب سے اوپر اٹھ کر تمام ہندوستانیوں کی فلاح کے لئے کام کرے حکمراں : امیر جماعت اسلامی ہند

share with us

نئی دہلی :25مئی2019(فکروخبر/ذرائع)انتخابی نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند کے امیر جناب سید سعادت اللہ حسینی نے نو منتخب ارکان پارلیمان اورحکمرانوں سے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ ذات پات،مذہب اور طبقہ کی تفریقات سے اوپر اٹھ کر تمام ہندوستانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں گے ا ور اپنی دستوری ذمہ داریوں کو سنجیدگی اور ایمانداری سے ادا کریں گے۔ انتخابی مہم کے دوران پیدا ہوئی تلخیوں اور تفریقات کے سلسلہ میں انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ انتخابات کی تکمیل کے بعد اب ان باتوں کو فراموش کردیا جائے گا اور منتخب نمائندے احساس ذمہ داری کے ساتھ حکمرانی اور پارلیمانی رکنیت کے فرائض انجام دیں گے۔انہوں نے نئی حکومت کو یاد دلایا ہے کہ یہ اس کی ذمہ داری ہے کہ ملک کے کمزور طبقات اور اقلیتوں میں تحفظ و سلامتی کے احساس کو تقویت دے اوریہ یقین دہانی کرائے کہ ان کے حقوق محفوظ ہیں۔’’اب جبکہ مسلسل دوسری بار حکمران جماعت نے زمام کار سنبھالی ہے، یہ اس کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسی ذمہ دار جماعت کی حیثیت سے اپنی امیج بنانے کی فکر کرے جس پر ملک کے تمام طبقات خصوصاً کمزور اور محروم طبقات اور اقلیتیں بھی اعتماد کرسکیں۔‘‘امیر جماعت نے ملک میں امن و امان کا ماحول پیدا کرنے اور عدل و انصاف کے قیام میں، جماعت اسلامی ہند کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ اپوزیشن کی جماعتوں اور قائدین سے اپنے بیان میں انہوںنے اپیل کی ہے کہ وہ سنجیدگی سے اپنا احتساب کریں۔’’ملک کے حالات حزب اختلاف سے بھی زیادہ ذمہ دارانہ رویہ کا مطالبہ کرتے ہیں۔ سیاسی قائدین اور جماعتوں کی جانب سے،ذاتی انا،مفاد پرستی اور اصولوں پر مصالحت کے رویوں نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ حزاب اختلاف کے قائدین ان انتخابات سے سبق لیں گے اور ذمہ دار اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے‘‘۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا