English   /   Kannada   /   Nawayathi

لوک سبھا انتخابات2019:آخری مرحلے کی 59سیٹوں پرووٹنگ

share with us

نئی دہلی:19مئی2019(فکروخبر/ذرائع)لوک سبھا انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے کے تحت 8 ریاستوں کی 59 سیٹوں پر اتوار کی صبح سات بجے سے پولنگ شروع ہو گئی۔ گزشتہ چھ مراحل کے الیکشن میں 543 میں سے اب تک 484 سیٹوں پر پولنگ ہو چکی ہے۔ ساتویں مرحلہ میں پنجاب اور اتر پردیش کی 13-13، بہار اور مدھیہ پردیش کی 8-8، مغربی بنگال کی 9، ہماچل پردیش کی 4، جھارکھنڈ کی ایک اور چنڈی گڑھ کی سیٹ پر پولنگ جاری ہے۔

قبل ازیں، پولنگ کے لئے تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ سخت سکیورٹی بندوبست کے درمیان اس مرحلے کے لئے ووٹنگ صبح سات بجے شروع گئی اور ووٹر شام چھ بجے تک اپنے ووٹ کےحق کا استعمال کر سکیں گے۔ شام چھ بجے پولنگ مراکز کے دروازے بند کر دیے جائیں گے لیکن جو ووٹر اس سے پہلے مرکز کے اندر چلا جائے گا اور لائن میں کھڑ ہوجائے گا اسے ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہو گا۔ دور دراز کے علاقوں میں انتخابی اہلکار ضروری انتخابی سامان کے ساتھ پولنگ مراکز میں پہلے ہی پہنچ گئے تھے۔

سب سے اونچے پولنگ مرکز ہماچل پردیش کے ضلع لاحول ا سپیتی کے ٹشیگنگ میں بھی ووٹنگ کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔منڈی پارلیمانی حلقہ کے تحت آنے والا یہ ووٹنگ مرکز 15256 فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔ اس ووٹنگ مرکز کے ارد گرد کے علاقے میں اکثر برف کی موٹی چادر چڑھی رہتی ہے اور انتظامیہ نے اسے دور کرنے کے لئے تمام انتظامات کئے ہیں۔ اس مرکز پر ہیلی کاپٹر سے ای وی ایم پہنچائی گئی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے آزاد اور منصفانہ انتخابات کرانے کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں اور تمام لوک سبھا حلقوں میں انتخابی سپروائزر اور نگرانی ٹیمیں تمام سرگرمیوں پر نظر رکھی ہوئی ہیں۔ پولنگ مراکز کے پاس سکیورٹی کے چاک چوبند انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ حساس اور انتہائی حساس پولنگ مراکز پر مرکزی پولس فورس کی اضافی تعیناتی کی گئی ہے۔مغربی بنگال میں تشدد کے واقعات کو دیکھتے ہوئے خصوصی حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ وہاں سریع الحرکت ٹیموں کو بھی تعینات کیا گیا ہے

آخری مرحلے کی 59 سیٹوں پر انتخابی مہم جمعہ کی شام چھ بجے ختم ہو گئی تھی، جبکہ مغربی بنگال میں تشدد کے واقعات کے بعد وہاں کی نو سیٹوں پر الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم مقررہ وقت سے ایک دن پہلے ہی جمعرات رات دس بجے بند کر دیا تھا۔ اس مرحلے میں 11 لاکھ دو ہزار 986 پولنگ مرکز بنائے گئے ہیں۔ دس کروڑ سے زیادہ ووٹروں میں سے چار کروڑ 74 لاکھ 56 ہزار 828 خواتین ووٹرز ہیں جبکہ مرد ووٹروں کی تعداد پانچ کروڑ 27 لاکھ 14 ہزار 890 ہے۔ تیسری صنف کے ووٹروں کی تعداد 3435 ہے۔
اس مرحلے میں سات ریاستوں بہار، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، مغربی بنگال، پنجاب، ہماچل پردیش، اتر پردیش اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ چنڈی گڑھ میں ووٹ ڈالے جائیں گے ۔

اس مرحلے میں 10 کروڑ ایک لاکھ 75 ہزار ووٹر 918 امیدواروں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ ان میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر روی شنکر پرساد، محترمہ هرسمرت کور بادل، ہردیپ پوری، منوج سنہا، شتروگھن سنہا، انوراگ ٹھاکر، پون بنسل، کرن کھیر، میسا بھارتی، سنی دیول، شیبو شورین، آر کے سنگھ، سی پی آئی لیڈر اتل کمار انجان، مہندر ناتھ پانڈے اور انپريا پٹیل سمیت کئی اہم لیڈر شامل ہیں۔

بنارس سیٹ پر مودی کا مقابلہ کانگریس کے اجے رائے اور سماجوادی پارٹی کی شالنی یادو سے ہے۔ بہار کی پاٹلی پتر سیٹ پر مرکزی وزیر روی شنکر پرساد اور کانگریس کے شتروگھن سنہا کے درمیان مقابلہ ہے جس پر لوگوں کی نظر یں ٹکی ہوئی ہيں۔ سابق لوک سبھا اسپیکر اور کانگریس امیدوار میرا کمار کا بی جے پی کے چھیدي پاسوان سے مقابلہ ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا