English   /   Kannada   /   Nawayathi

نیوزی لینڈ کی مسجدوں میں دہشت گردانہ حملہ: مسلمانوں کودہشت گرد کہنے والےخود دہشت گرد ہیں: مولانا سیدارشد مدنی

share with us

نئی دہلی: جمعیۃعلماء ہند کے صدرمولانا سید ارشد مدنی نے نیوزی لینڈکے شہرکرائسٹ چرچ کی دومسجدوں میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ کی سخت الفاظ میں نہ صرف مذمت کی ہے بلکہ یہ بھی کہا ہے کہ دنیا نے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اپنے پروپیگنڈوں کے ذریعہ دہشت گردی کو اسلام اورمسلمانوں کے ساتھ ایک طرح سے لازم وملزوم کردیا ہے، مگراب جویہ افسوسناک دہشت گرادانہ حملہ ہوا ہے اس نے اس پروپیگنڈے کی قلعی کھول دی ہے اور درحقیقت مسلمانوں کوساری دنیامیں دہشت گردبتانے والوں کے منھ پر ایک طمانچہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی خاتون وزیراعظم نے اسے دہشت گردانہ حملہ قراردیا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ یہ نیوزی لینڈکے لئے ایک سیاہ دن ہے مگریہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ عالمی سطح پر میڈیا اس سانحہ کودہشت گردانہ کارروائی ماننےکوتیارنہیں ہے۔ چنانچہ یہ پروپیگنڈہ کیا جارہا ہےکہ حملہ آورذہنی طورپربیمارتھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈوب مرنےکا مقام ہےکہ دنیا ایسا کہہ کرحملہ آوروں کوبچانے کی کوشش کررہی ہے۔

مولانا ارشد مدنی نے سوال کیا کہ حملہ کے بعد چارمشتبہ لوگوں کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے، تواب دنیا یہ بتائے کہ کیا یہ چاروں ذہنی طورپربیمارتھے؟ اوردنیا یہ بھی بتائے کہ دہشت گردکون ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہم مسلسل یہ کہہ رہے ہیں کہ دہشت گردی کو مذہب سے جوڑکرنہیں دیکھنا چاہئے، اس لئے کہ نہ تودہشت گردی کا کوئی مذہب ہوتا ہے اورنہ دہشت گرد کا۔ لیکن آج کی تاریخ کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ دہشت گردی کو ایک خاص مذہب سے جوڑ دیا جاتا ہے۔

جمعیۃعلماء ہند کے صدرنے وضاحت کی کہ عالمی سطح پردہشت گردی کولےکرجو پروپیگنڈہ ہورہا ہے، وہ مکروفریب کے سوا کچھ بھی نہیں، مسلمانوں کودہشت گرد بتانے والے خود دہشت گردہیں، یہ واقعہ اس کابین ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں پر تودوہری مارپڑرہی ہے، ایک طرف توہردہشت گردی کے واقعہ کو مسلمانوں سے جوڑدیا جاتا ہے، دوسری طرف خودمسلمان دہشت گردانہ حملہ کا شکارہورہے ہیں۔ نیوزی لینڈ کا یہ سانحہ یہ بتارہاہے کہ دہشت گردی کی سچائی کیا ہےاوراب یہ دہشت گردکو ن ہیں، جنہیں اب دنیا ذہنی مریض قراردے کربچانے میں مصروف ہوگئی ہے

مولانا ارشد مدنی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دورکی بدقسمتی یہ ہے کہ اگرکوئی مسلمان نام کا آدمی اس قبیح عمل کوانجام دیتا تواس کا رشتہ اس کے مذہب سے جوڑدیاجاتا، لیکن اب دنیا یہ کہہ رہی ہے کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ مولانا نے مزید کہا کہ ہمارے اپنے ملک میں مہاراشٹرا اے ٹی ایس کے سابق سربراہ ہیمنت کرکرے نے دہشت گردی کی قلعی اپنی تفتیشی رپورٹ میں کھول دی تھی، مگر26/11 ممبئی حملہ میں ہیمنت کرکرے کی موت کے بعد اس رپورٹ پرپردہ ڈا ل دیا گیا، جبکہ کرکرے نے ایک مخصوص ذہینت والی دہشت گردی کا انکشاف کیا تھا اوریہ سچائی بھی سامنے آئی تھی کہ ملک کے بیشتر بڑے دھماکوں میں اسی ذہنیت کے دہشت گردوں کا ہاتھ تھا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا