English   /   Kannada   /   Nawayathi

جامعہ اسلامیہ بھٹکل سے امسال 26طلباء نے کی حفظ کی تکمیل

share with us

اللہ نے حفاظ کے سینوں کو قرآن کی بقا کا ذریعہ بنایا ہے : مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد صاحب کوبٹے ندوی

بھٹکل 14؍ مارچ 2019 (فکروخبر نیوز) آج 7 رجب المرجب 1440ھ مطابق 14 مارچ 2019ء بروز جمعرات صبح 10 بجے جامعہ اسلامیہ کی مسجد میں امسال جامعہ اور اس کے جملہ مکاتب سے حافظ ہونے والوں کے اعزاز میں ایک خوبصورت محفل سجائی گئی جس میں سابق صدر شعبہ حفظ جامعہ اسلامیہ جناب حافظ کبیر الدین صاحب نے حفاظ کے حفظ کی تکمیل کرائی، اور حفاظ کو گرانقدر انعامات سے نوازا گیا۔
جلسہ کا آغاز قاری فہیم الدین بن حافظ کبیر الدین صاحب کی خوش الحان تلاوت سے ہوا اس کے بعد صیام رکن الدین نے بارگاہ رسالت میں گلہائے نعت پڑھی۔ اس موقع پر حفاظ کے حق میں طریف ابوحسینا نے منظوم تہنیتی کلام اپنی سریلی آواز میں پیش کیا جس میں انہیں مبارکبادی کے کلمات کے ساتھ زندگی بھر قرآن کی تلاوت کا معمول رکھنے اور قرآن سے تعلق رکھنے کی ترغیب دی۔ نیز دوران جلسہ جناب ماہر القادری کی نظم قرآن کی فریاد عزیزی حسن ثابت نے پیش کی۔ 
ملحوظ رہے کہ صدر شعبہ حفظ جامعہ اسلامیہ مولانا حافظ عمران صاحب اکرمی نے مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ مولانا حافظ عرفان صاحب ندوی نے قرآن مجید کی عظمت اور حفاظ کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔
اس کے علاوہ علماء کرام نے اپنے تاثرات میں تمام حفاظ کو مبارکباد دیتے ہوئے قرآن کریم کی تلاوت اور اس پر عمل کی ضرورت پر مفید نصائح سے نوازا۔ 
مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد صاحب کوبٹے ندوی نے اولاً تمام حفاظ اور ان کے پیچھے محنت کرنے والے اساتذہ و سرپرستوں کو خصوصی مبارکباد دی اور قرآن مجید کے اصل پیغام اور ہماری ذمہ داری پر پر مغز خطاب فرمایا، مولانا نے فرمایا کہ اللہ نے اپنے کلام پاک کی حفاظت کے لیے ہمارے سینوں کو قبول فرمایا ہے، یہ ہمارے لیے بڑی سعادت کی بات ہے، اللہ نے حفاظ کے سینوں کو قرآن کی بقا کا ایک ذریعہ بنایا ہے، جبکہ حفاظ اوران کے سرپرستوں کو روز قیامت بڑے اعزاز سے نوازا جائے گا۔ قرآن مجید ہر لحاظ سے آسان ہے، جو ہمت کرکے آگے بڑھتا ہے اللہ تعالی اس کے لیے راستے کھولتے ہیں، نیز اس درد بھرے خطاب میں قرآن کے احکام پر عمل کرنے اور صحیح طور پر قرآن مجید کی تلاوت کرنے کی لوگوں کو ترغیب دیتے ہوئے سرپرستوں کو اپنے نونہالوں کے حفظ کے استحکام اور ان کی خبرگیری کرتے رہنے، ان کے اخلاق کو سنوارنے پر زور دیا۔ ساتھ ہی ساتھ علم دین کی راہ پر قدم بڑھانے کی تلقین فرمائی۔ 
ہر حافظ قرآن نے اپنی خوش الحان تلاوت سے سامعین کو محظوظ کیا، جہاں ایک طرف حافظ قرآن اسٹیج کی زینت بنے ہوئے تھے تو دوسری طرف حفاظ کے سرپرستوں کو اعزاز دے کر اسٹیج کی رونق کو بڑھایا گیا۔
واضح رہے کہ سابقہ کچھ سالوں سے جامعہ اسلامیہ سے عالمیت کی تکمیل اور دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنو سے فضیلت کی تکمیل کے بعد حفظ قرآن مجید کے شوق میں طلبہ جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں داخلہ لیتے ہیں اور اپنی محنت کے اعتبار سے سال دو سال میں قرآن مجید کو اپنے سینوں مین محفوظ کرلیتے ہیں، آج کی تقریب میں ایسے پانچ طلبہ شامل رہے، ان کی نمائندگی کرتے ہوئے مولوی جساد ندوی بن عبدالقادر جیلانی سعدا نے اپنے احساسات کا اظہار کیا اور اس سلسلہ کو مزید جاری رکھنے کی ترغیب دی۔ اس کے علاوہ حافظ قتادہ ابن مولانا طلحہ صاحب رکن الدین ندوی جنھوں نے عالمیت کے ساتھ ساتھ فارغ اوقات میں اپنی والدہ کے پاس قرآن مجید حفظ کیا۔ صدر جامعہ مولانا محمد اقبال صاحب ملا ندوی کی دعا اور انعامات کے ساتھ قبل از ظہر جلسہ حسن اختتام کو پہونچا۔
اس موقع پر صدر جامعہ مولانا محمد اقبال صاحب ملا ندوی، نائب صدر جامعہ مولانا صادق صاحب اکرمی ندوی، ناظم جامعہ جناب محمد شفیع صاحب شہ بندری، نائب ناظم جامعہ مولنا طلحہ صاحب رکن الدین ندوی، مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد صاحب کوبٹے ندوی، اراکین شوری و ذمہ داران جامعہ کے علاوہ ان حفاظ کی حوصلہ افزائی کر نے کے لیے علماء و عمائدین شہر کی کثیر تعداد حاضر بزم رہی۔
تمام حفاظ اور ان کے اساتذہ و سرپرست قابل مبارکباد ہیں ، اللہ تعالی ان کے حفظ کو مستحکم رکھے، اور قرآن مجید سے محبت اور لگاو ہم سب کے دلوں میں پیدا کرے اور قرآن کی تعلیمات پر عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

علاقات عامہ 
جامعہ اسلامیہ بھٹکل

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا