English   /   Kannada   /   Nawayathi

ایران دنیا میں دہشت گردی کو اسپانسر کرنے والا بڑا ملک ہے: مائیک پِنس

share with us


وقت آگیا ہے کہ ہمارے یورپی شراکت دار ہمارے اور ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہوں ‘امریکی نائب صدر


میونخ :17؍فروری2019(فکروخبر/ذرائع)امریکا کے نائب صدر مائیک پِنس نے یورپی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے بڑی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ جوہری معاہدے سے دستبردار ہوجائیں۔انھوں نے ان ممالک سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ چین کی کمپنی ہواوی کے مہیا کردہ ٹیلی مواصلات کے آلات کے استعمال میں بھی محتاط رہیں۔وہ جرمنی کے شہر میونخ میں منعقدہ 55 ویں سالانہ سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے ایران کے خلاف امریکا کے اس دیرینہ الزام کا اعادہ کیا ہے کہ وہ دنیا میں دہشت گردی کو اسپانسر کرنے والی سرکردہ ریاست ہے۔انھوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ ہمارے یورپی شراکت دار ہمارے اور ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہوں اور وہ بھی ایران سے طے شدہ جوہری ڈیل کو خیرباد کہہ دیں۔مائیک پِنس نے کہا کہ امریکا اپنے سکیورٹی شراکت داروں کے ساتھ ہواوی اور چین کی دوسری ٹیلی کام کمپنیوں سے لاحق خطرے کے بارے میں بھی بڑا واضح ہے۔ہمیں اپنے اہم ٹیلی کام انفراسٹرکچر کا تحفظ کرنا چاہیے۔امریکا اپنے تمام سکیورٹی شراکت داروں پر زور دیتا ہے کہ وہ ہوشیار رہیں۔انھوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ امریکا شام سے انخلا کے باوجود داعش کے انتہا پسندوں کا پیچھا جاری رکھے گا۔ وہ اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر داعش کی سرکوبی کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔انھوں نے یورپی یونین سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ جوآن گائیڈو کو وینزویلا کے صدر کے طور پر تسلیم کرلے۔انھوں نے میونخ سکیورٹی کانفرنس میں کہا کہ ’’ ہم سب کو وینزویلا میں آزادی اور جمہوریت کی مکمل بحالی تک اس ملک کے عوام کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھاکہ ہم آج یورپی یونین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ آزادی کے لیے آگے آئے اور جوآن گائیڈو کو وینزویلا کے واحد قانونی صدر کے طور پر تسلیم کرے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا