English   /   Kannada   /   Nawayathi

پلوامہ سانحہ ملک کی سلامتی اور اس کی روح پر حملہ: مولانا ارشدمدنی 

share with us

مولانا سید ارشدمدنی نے سانحہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک انتہائی بزدلانہ حرکت قراردیا 

نئی دہلی16؍فروری2019(فکروخبر /پریس ریلیز) صدرجمعیۃعلماء ہند مولانا سیدارشدمدنی نے پلوامہ کے اندوہ ناک حادثہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی بزدلانہ حرکت ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، سی آرپی ایف کے جوانوں پر کیا گیا یہ حملہ ملک کی سلامتی اور اس کی روح پر حملہ ہے ، ساتھ ہی ساتھ ملک کے پر آشوب حالات پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے عوام سے یہ اپیل کی کہ بلاتفریق مذہب وملت ایک ہندوستانی کے طورپر ملک مخالف طاقتوں کے خلاف متحد ہوجائیں ، انہوں نے کہا کہ کسی کو قتل کرنا غیر انسانی فعل ہے جس کی اجازت دنیا کا کوئی مذہب نہیں دیتا ہے ، اس دکھ کی گھڑی میں ہم ملک کے ساتھ کھڑے ہیں اور شہید ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ کے غم میں برابرکے شریک ہیں، علاوہ ازیں تمام زخمیوں کے تعلق سے ان کی جلد صحت یابی کو لیکر اپنی نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہمارے فوجی اور شہری اس طرح کب تک اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے رہیں گے ، واضح رہے کہ مولانا نے ملک بھرمیں پھیلی ہوئی تمام یونٹوں کو یہ ہدایت بھی جاری کی ہے کہ اس سانحہ کے خلاف نہ صرف پرامن احتجاج کریں بلکہ اس کی سختی سے مذمت بھی کریں ۔جمعیۃعلماء ہند ابتدائی ہی سے دہشت گردی ، تشدداور مذہبی شدت پسندی کی مخالف رہی ہے اور اس کے لئے عملی طورپر میدان میں کام بھی کررہی ہے ، اس لئے نہ صرف ہم دہشت گردی اور بدامنی کی سخت مذمت کرتے ہیں بلکہ ان قوتوں کی بھی مذمت کرتے ہیں کہ جو کسی بھی ملک میں دہشت گردی کو خاص مذہب سے جوڑتے ہیں ، دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ملک میں امن وامان کو نہ صرف قائم رکھے بلکہ ہمیں متحدہوکر پورے ملک کو ترقی کی راہ پر لے جانے کی طاقت بھی دے ۔ 

فضل الرحمن قاسمی 
پریس سکریٹری جمعیۃعلماء ہند

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا