English   /   Kannada   /   Nawayathi

علی پبلک اسکول بھٹکل میں تقسیمِ انعامات جلسہ کا انعقاد 

share with us

بھٹکل 14؍ فروری 2018(فکروخبر نیوز) علی پبلک اسکول بھٹکل میں سال بھر میں منعقدہ مختلف مسابقوں کے انعامات کی تقسیم کے لیے آج ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے طلباء کے درمیان مہمانانِ خصوصی کے ہاتھوں انعامات تقسیم کیے گئے ۔ 
اس موقع پر بطورِ مہمانِ خصوصی تشریف فرما امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم صاحب خطیب ندوی نے کہا کہ اسلام میں علوم کی تفریق نہیں کی گئی بلکہ جو تعلیم شریعت اسلامی اور اس کے روح کے مطابق ہوگی وہ اسلامی تعلیم قرار پائی چاہے تخصص دینی علوم میں ہو یا دنیوی علوم میں ۔ لہذا ایسی تعلیم جس سے اللہ کی معرفت حاصل ہوجائے اسلام میں پسندیدہ ہے۔ انہوں نے حضرت مجدد الف ثانی ؒ اور دنیا کی خوبصورت عمارتوں میں شمار کی جانے والی تاج محل کے انجینئر کی مثال پیش کرتے ہوئے طلباء کو سمجھایا کہ پہلے زمانہ میں ابتدائی تعلیم سبھوں کی ایک ساتھ ہوتی تھی۔بعد میں چل کر تعلیم حاصل کرنے والا دینی اور دنیوی تعلیم کا انتخاب کیا کرتا تھا اور پھر میں وہ ماہر بنتا تھا۔ اور اس علی پبلک اسکول میں بھی ان دونوں کو جمع کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ طلباء کو دوسروں کے لیے نمونہ بننے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو نمازوں کی پابندی ، والدین کی خدمات ، محلہ کے بڑے افراد کا اکرام اور ایک اچھا لڑکا بن کر زندگی گذارنی چاہیے اورہماری اندر یہ جذبہ ہونا چاہیے کہ مستقبل میں ہم جو بھی بنیں گے وہ اسلام کی روشنی میں بنیں گے ۔ 
جناب دامدا حسن شبر صاحب طلباء کو مبارکبادی پیش کرتے ہوئے کہ آپ ایسے اسکول کا حصہ بن رہے ہیں جس کے طلباء کی تعداد بہت ہی قلیل مدت میں دو ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ یہ صرف تعلیم گاہ نہیں ہے بلکہ اسلامی ورکشاپ ہے جہاں آپ تعلیم حاصل کرتے ہوئے ترقیوں کے منازل طئے کررہے ہیں۔ انہوں نے طلباء کو بڑی محنت کے ساتھ آگے بڑھنے پر بھی زور دیا۔ 
اسکول کے روحِ رواں مولانا محمد الیاس ندوی نے بھی طلباء کو مبارکبادی پیش کرتے ہوئے مزید ترقیوں کے منازل طئے کرنے کے لیے کوششیں کرنے پر زور دیا او رکہا کہ اگلے انعامی جلسہ میں تمام طلباء اس بات کی پوری کوشش میں لگے رہیں کہ انعامات کی تقسیم کے دوران ان کے ناموں کا بھی اعلان کیا جائے ۔ 
استاد علی پبلک اسکول بھٹکل مولانا عبدالنور فکردے ندوی نے اسکول او رمہمانوں کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس اسکول کی بنیاد ایک عظیم مقصد کو سامنے رکھ کر ڈالی گئی ہے ۔ یہاں شریعت کے دائرے میں رہ کر ان علوم کو سکھانے کی کوشش کی جارہی ہے جن کے ذریعہ سے ہمارے طلباء پوری اسلامی فکر کے حامل رہتے ہوئے مختلف میدانوں میں اپنی خدمات انجام دے سکیں اور ہم نے شروع دن سے ہی اس بات کا لحاظ رہا کہ اسلامی اصولوں کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہ ہو اور ہم اس بات کی پوری کوشش اور فکر میں رہتے ہیں کہ ان اسلامی اصولوں پر ہم قائم ودائم رہیں ۔ 
اس موقع پر طلباء کے درمیان انعامات کی تقسیم کے ساتھ ساتھ مختلف اساتذہ کو بھی انعامات سے نواز ا گیا۔ 
ملحوظ رہے کہ تلاوتِ کلام اور نعت پاک سے شروع ہونے والے اس پروگرا م میں شکریہ کے کلمات عرفات لشکری نے پیش کیے اور نظامت کے فرائض مولانا عبداللہ شریح کوبٹے ندوی نے بحسنِ خوبی انجام دئیے۔ اسٹیج پر جناب دامودی عبدالحمید صاحب بھی موجود تھے۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا