English   /   Kannada   /   Nawayathi

علماء اور عمائدین کے لیے ادارہ لرن قرآن کی تعارفی نشست کا انعقاد 

share with us

دعوتی ذمہ داری ادا کرنے کے لیے سوشیل میڈیا کا مثبت استعمال ناگزیر : علماء اور عمائدین نے کیا اظہارِ خیال 

بھٹکل 11؍ فروری 2019(فکروخبر نیوز) ادارہ لرن قرآن کی جانب سے شہر کے علماء اور عمائدین کے لیے بروز اتوار رات نو بجے نوائط کالونی میں واقع دفتر میں ایک تعارفی نشست کا انعقادکیا گیا جس میں ادارہ کے رفقاء نے ان کے سامنے ادارہ کا مکمل تعارف پیش کرتے ہوئے مزید اس میدان میں آگے بڑھنے کے لیے مشورے بھی طلب کئے۔ نشست کا آغاز اصغر احمد صدیقی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا بعد ازاں اثال احمد میڈیکل نے نعت پیش کی اورمہمانوں کا استقبال مولوی حسن لبیب ندوی نے کیا ۔ اس موقع پر مولوی شریح احمد کوبٹے ندوی نے تعارف پیش کرتے ہوئے سوشیل میڈیا کو مثبت انداز میں استعمال کیے جانے کے کئی ایک طریقے سامنے رکھے اور اس بات پر زور دیا کہ سوشیل میڈیا فی نفسہٖ بری چیز نہیں ہے بلکہ اس کا انحصار اس کے استعمال کے طریقوں پر ہوتا ہے۔ آپ اس کو برے کاموں کے لیے بھی استعمال کرسکتے ہیں اور آپ تھوڑی سی توجہ سے اسے مثبت پیغامات پھیلانے اور لوگوں کو دین سے جوڑے رکھنے کے لیے بھی کرسکتے ہیں جس کی کئی ایک مثالیں انہوں نے پیش کیں۔ 
یاد رہے کہ ادارہ کی جانب سے اب تک کئی ایک شعبوں میں کام ہورہا ہے جن میں وھاٹس اپ لرن قرآن (قرآن کی تلاوت ارسال کرکے صحیح تلفظ اور مخرج کے ساتھ پڑھانے کی مشق کرنا ) انڈراسٹینڈ قرآن (قرآن فہی اور نماز کے ارکان وعائیں سکھانا ) اسلامک کریش کورس (بیرونی ممالک میں مقیم ہمارے نونہالوں کی چھٹیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کے لیے مخصوص کلاسس کا نظم کرنا ) قرآن ریسرچ سینٹر (قرآنی اعجاز کو سامنے لانے کی کوشش کرنا ) مذاکرۂ علمیہ (وقتاً فوقتاً مختلف موضوعات پر علماء کے محاضرات پیش کرنا ) اور نوائطی زبان میں نکی زاپنی (کوئز وغیرہ کا انعقاد ) اسلامک پکچر اینڈ ویڈیوز (مختلف تصویروں اور ویڈیوز سے اسلامی پیغامات عام کرنا ) وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔
اس موقع پر مہمانوں نے اپنے تأثرات پیش کرتے ہوئے اپنی بے انتہا خوشی کا اظہار کیا اور اس کام کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی کے روحِ رواں مولانا محمد الیاس ندوی نے کہا کہ ہمیں اس بات پر خوش ہوکر نہیں بیٹھنا ہے کہ اس ادارہ سے دنیا کے مختلف گوشو ں سے لوگ جڑ کر فائدہ اٹھارہے ہیں بلکہ دنیا کی مجموعی آبادی کے لحاظ سے ہمارے اس ادارہ سے جڑنے والے افراد کی تعداد بہت ہی کم ہے۔ لہذا ہمیں اس کام سے زیادہ سے زیادہ افراد کو جوڑ کر دعوتی ذمہ داری اداکرنے کے لیے مختلف لائحہ عمل تیار کرنے کی اشد ضرور ت ہے۔ انجمن حامئ مسلمین بھٹکل کے ایڈیشنل سکریٹری جناب اسحاق شاہ بندری صاحب نے اپنے خیالات کے اظہار کے دوران اس بات پر اپنی خوشی کا اظہار کیا کہ انجمن اور جامعہ کے فارغین ما شاء اللہ مل جل کر ایک دعوتی پروجیکٹ پر کام کرر ہیں ہیں ، انہو ں نے مزید کہا کہ میری یہ دیرینہ خواہش رہی ہے کہ انجمن اور جامعہ کے فارغین مل کر کوئی ایسا کام کریں جس سے دونوں طبقہ کے افراد کو ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے مواقع میسر آسکیں اور یہ کام ادارہ لرن قرآن کے ذریعہ سے انجام دیا جارہا ہے۔ بھٹکل جدہ جماعت کے صدر جناب عسکری یاسین صاحب نے اسی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ میں کچھ ہی روز قبل کسی سے اس بات کا تذکرہ کررہا تھا کہ جامعہ اور انجمن کے فارغین مل کر کسی میدان میں کام کرنا چاہیے ، لیکن مجھے دیکھ کر حیرت ہورہی ہے کہ میری سوچ صرف سوچ کی حد تک نہیں رہی بلکہ ہمارے نوجوانوں نے مل کر اس کا عملی نمونہ بھی پیش کیا جس پر وہ دلی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ بھٹکلیس ڈاٹ کام کے ذمہ دار جناب محسن شاہ بندری صاحب نے اپنے مفید مشوروں سے نوازتے ہوئے آن لائن ریڈیو شروع کیے جانے کی بات کہی اور اس کا م کو وسعت دیتے ہوئے ہرممکن تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔ صدر جامعہ اسلامیہ بھٹکل وقاضی جماعت المسلمین بھٹکل محترم مولانا ملا محمد اقبال صاحب نے تمام رفقاء کو مبارکبادی پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعہ سے نہ صرف تلاوتِ قرآن کی تصحیح کرنے بلکہ قرآن سمجھنے اور اس کے پیغام کو عام کرنے کا بھی کام ہونا چاہیے ،اس سے بڑھ کر دین اسلام کو چھوڑ کر دوسروں کے ادیان کو قبول کرنے والی ہماری نئی نسل کو ایمان پر باقی رکھنے اور جو ایمان کی دولت سے محروم ہیں ان تک ایمان اور اسلام کا پیغام پہنچانے کا اہم دعوتی فریضہ انجام دینے کی کوشش کرنا چاہیے۔ مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے ادارہ کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے پورے عملہ کو خصوصی مبارکبادی بھی پیش کی۔ اس موقع پر نوائطی ترجمۂ قرآن کو صرف چھ ماہ کی مدت سے رومن انگلش میں منتقل کرنے کا بڑا کام انجام دینے والے ماعز پیشمام کی ادارہ کی جانب سے تہنیت کرتے ہوئے مومنٹو بھی پیش کیا گیا اور نوائطی ترجمۂ قرآن کو آسان اسلوب میں پیش کرنے والے مولانا ڈاکٹر عبدالحمید اطہر ندوی کی جانب سے انہیں ایک خصوصی انعام سے بھی نواز ا گیا۔ ملحوظ رہے کہ دوسالہ کارکردگی کی رپورٹ مولوی عبدالمعز ندوی اور پروجیکٹ پرادارہ کا تعارف مولوی سلمان ندوی نے پیش کیا۔ نظامت کے فرائض مولوی عبدالرشید شیراز ندوی نے بحسنِ خوبی انجام دئیے ،دعائیہ کلمات پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا