English   /   Kannada   /   Nawayathi

ہیبلے پنچایت حدود میں اب کچرہ نکاسی کا مسئلہ ہوا حل ، 10؍ فروری سے گھر گھر سے کچرہ اٹھانے کا عمل کیا جائے گا شروع

share with us

بھٹکل 07؍ فروری 2019(فکروخبر نیوز) یہاں کے ہیبلے پنچایت حدود میں کئی سالوں سے عوام کے لیے دردِ سر بنا کچرہ نکاسی کا مسئلہ اب حل ہوگیاہے۔ 
آج محلوں کے ذمہ داروں کے ساتھ پنچایت کے ذمہ داروں کی نشست میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ 10فروری سے باقاعدہ گھر گھر سے کچرہ اٹھانے کا نظم کیا جائے گا اور اس کے لیے ہر گھر کی جانب سے ماہانہ ستر روپئے ادا کرنے لازمی ہوں گے۔ ہیبلے پنچایت کے صدر این ڈی موگیرنے فکروخبر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کئی سالوں سے اٹکا یہ مسئلہ حل ہوگیا ہے اور اب کچروں کے تعلق سے عوام کو شکایت کا موقع نہیں ملے گا۔پہلے مرحلہ میں کچرہ نکاسی کا عمل حنیف آباد ، رحمت آباد ، فردوس نگر ،ماسٹر کالونی ، جامعہ آباد سے شروع کیا جائے گا اور پھر اس کے بعد لوگوں کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے ان میں توسیع کی جائے گی۔ 
یاد رہے کہ اس سے قبل کئی اسپورٹس سینٹروں اور محلہ کے ذمہ داروں نے اس مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے حل کرنے کی کوشش کی تھی اور اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر کو بھی یادداشتیں پیش کی جاچکی تھیں لیکن اس پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے یہ مسئلہ ہنوز عوام کے لیے دردِ سر بنا ہوا تھا۔ برہم عوام نے کئی مرتبہ عملی اقدام کرتے ہوئے کچرہ نکاسی کی تھی اور اپنے عمل سے پنچایت کی توجہ اس طرف مبذول کرانے کی کوشش کی تھی لیکن پنچایت کے ذمہ دار ہمیشہ اس مسئلہ کو عملی طور پر شروع کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے عوام کو مطمئن کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ اس سے قبل جب پنچایت کے ذمہ داروں سے رجوع کرکے اس مسئلہ کے تعلق سے پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ وہ خود چاہتے ہیں کہ ان کی پنچایت کی حدود میں آنے والے سبھی علاقہ صاف ستھرے ہونے چاہیے لیکن اس کے لیے انتظام نہ ہونے کی وجہ سے اس کام کی شروعات نہیں ہورہی ہے۔ آج جب پنچایت کی جانب سے گھر گھر سے کچرہ اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا تو عوام میں خوشی کی لہر دوڑ ہوگئی ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ وہ محلے جہاں راستوں کے کنارے جمع شدہ کچروں کے ڈھیروں سے پوری پنچایت کی رسوائی ہورہی تھی، اس اہم کام کے آغاز کے بعد وہاں کچروں کے ڈھیر دیکھنے نہیں ملیں گے اور ذمہ دار حضرات بھی اس طرف نظر رکھتے ہوئے اپنے اپنے محلوں کو پاک وصاف رکھنے کی پوری کوشش کرتے ہوئے پنچایت کا بھر پور تعاون کریں گے۔ 

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا