English   /   Kannada   /   Nawayathi

جمعیۃعلماء گونڈی کی طرف سے ایس ایس سی کے طلباء و طالبات کی رہنمائی کے لئے ایک مجلس کا انعقاد

share with us

ممبئی:22؍جنوری2019(فکروخبر/ذرائع)طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امتحان کے ایام میں ہیڈ فون موبائل کمپیوٹر گیمز ٹی وی اور ایسی دیگر سر گرمیوں سے خود کو دور رکھیں جو آپ کی توجہ کو بھٹکا دیں ،امتحان گاہ میں اپنے آپ کو گھبراہٹ کا شکار نہ ہونے دیں ،خود کو پر سکون اور اپنے دماغ کو ٹھنڈا رکھیں ۔اس طرح کا اظہار خیال ماسٹر زین العابدین صاحب نے ممبئی کے مضافات مسلم اکثریتی علاقہ گونڈی کے بی ایم سی اسکول ،امبیڈکر گارڈن،بیگن واڑی ،گونڈی،ممبئی میں جمعیۃعلماء گونڈی کی طرف سے مولانا اشتیاق احمد قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹرکی صدارت میں ایس ایس سی کے طلباء و طالبات کے لئے منعقدہ ایک مجلس میں کیا ۔مجلس کا آغاز قاری عبد اللہ صاحب کی تلاوت کلام پاک سے ہوا،بعدہ مفتی شرف الدین قاسمی امام و خطیب مسجد انوار نے نبی اکرم ﷺ کی شان میں نذرانۂ عقیدت پیش کرنے سعادت حاصل کی ،مدحت نبوی کے بعد ناظم جلسہ قاضی ضیاء الدین سر استاد آئیڈیل اسکول و جونیئر کالج نے میٹنگ کے مقاصد
پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج کی مجلس اردو میڈیم کے دسویں جماعت کے طلباء و طالبات کی رہنمائی کے لئے منعقد کی گئی ہے کہ وہ بورڈ کے امتحان میں کس طرح کامیابی حاصل کریں اور اپنے مستقبل کو کس طرح روشن کریں اور آئندہ کے لئے ان کا لائحہ عمل کیا ہو۔جس میں ممبئی کے مشہور و معروف اسکولوں کے اساتذہ کرام نے شرکت کی اور طلباء و طالبات کی مختلف شعبے میں رہنمائی کی ۔
صمدیہ ہائی اسکول بھیونڈی سے تشریف لائے ہوئے مہمان ماسٹ مومن فیاض صاحب نے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء و طالبات قوت یقین پیدا کریں تو ان کے اندر خود اعتمادی پیدا ہوگی اور خوداعتمادی آپ کیلئے کامیابی کا پہلا زینہ ہوتا ہے ،قبل از وقت تیاری کرے تو کسی قسم کے خوف کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔امتحانات میں صحیح توجہ کامیابی کی کلید ہے ۔اپنے آپ پر اعتماد اور اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں تب ہی ایک کامیاب طالب علم بن کر ابھریں گے۔انہوں نے اپنے بیان میں کافی مفید اور کار آمد نکات کے ذریعہ امتحان کے سوالات حل کرنے کے طریقہ بتائے۔
صلاح الدین ایوبی اسکول سے تشریف لائے ہوئے مہمان معزز ماسٹر نعیم صاحب نے کہا کہ ہمیں امتحانات کے دنوں میں فعال و
متحرک رہنا چاہئے ،انہوں نے پڑھائی کی ہنر مندی پڑھائی پر توجہ اور امتحان کے اچھے نتائج حاصل کرنے کے طور طریقہ وغیرہ پر روشنی ڈالی 
سر پرست و نگراں جلسہ ماسٹر زین العابدین صاحب نے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امتحان کے ایام میں ہیڈ فون موبائل کمپیوٹر گیمز ٹی وی اور ایسی دیگر سر گرمیوں سے خود کو دور رکھیں جو آپ کی توجہ کو بھٹکا دیں ،امتحان گاہ میں اپنے آپ کو گھبراہٹ کا شکار نہ ہونے دیں ،خود کو پر سکون اور اپنے دماغ کو ٹھنڈا رکھیں ۔
بعدہ اسکول کے دوسرے ہال میں نئی میعاد کے لئے انعقاد ہوا ،جس میں مدعو مہمان خصوصی حضرت مولانا عبید اللہ صاحب قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم خدام جمعیۃ کے لئے انتہائی فرحت و شادمانی کی بات ہے کہ اکابرین کی دی گئی وراثتوں کو حسن و خوبی کے ساتھ انجام دینے اور قوم و ملت پر اپنی جان نچھاور کرنے والے شیر دل مرد مجاہد جانشین شیخ الاسلام حضرت مولانا سید ارشد مدنی کی ذات گرامی ہمارے درمیان موجود ہیں جو فرعون وقت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں اور امت مسلمہ کی نمائندگی کر رہے ہیں اس پر ہم اللہ رب العزت کے بے حد شکر گزار ہیں انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء گونڈی کی طرف سے مختلف شعبوں میں جن احباب کو جو ذمہ داری سونپی گئی ہے انہیں چاہئے کہ اخلاص و للٰہیت کے ساتھ اپنی ذمہ داری ادا کرنے کی کوشش کریں یہی ہمارے اکابر کا شیوہ رہا ہے ریا کاری اور نام و نمود سے ہمیں اجتناب کرنا چاہئے ،کیونکہ اس سے کام کی روح ختم ہوجاتی ہے۔
نشست کے اختتام پر جمعیۃعلماء گونڈی کے صدر مکرم حضرت مولانا محسن خان صاحب جنرل سکریٹری حضرت مولانا صدر عالم صاحب قاسمی اور حضرت مولانا اشتیاق صاحب قاسمی کے دست مبارک سے نئے منتخب ارکان کو اپنے شعبوں کی ذمہ داری کا احساس دلانے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لئے سند سے سرفراز کیا گیا ۔
جنرل سکریٹری مولانا صدر عالم صاحب نے حاضرین مجلس کی خدمت میں ہدیہ تشکر پیش کیا ۔
مجلس کے اہم شرکاء میں مولانا محمد اسید صاحب قاسمی ،مولانا عبد القادر فہمی،مولانا اشرف نعمانی ،الحاج قمر عالم قاسمی،مولانا اشفاق قاسمی ،مولانا ثناء اللہ ،حٓفظ عصمت اللہ،حافظ نوشاد صدیقی،مولانا شکیل ندوی ۔افضل بھائی بیگ والے،حافظ عبد الرشید ،حاجی سمیع اللہ ،حاجی نعیم ،یوسف پٹیل اور جناب اہل اللہ وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا