English   /   Kannada   /   Nawayathi

ایرانی فضائیہ کے سربراہ کی اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی دھمکی

share with us


تہران:22؍جنوری2019(فکروخبر/ذرائع)ایرانی فضائیہ کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل عزیز نصیر زادہ نے کہا ہے کہ ’’ ایران اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹادے گا‘‘۔ان کا یہ دھمکی آمیز بیان ایران کے سرکاری ٹیلی ویڑن کے تحت ویب سائٹ ینگ جرنلسٹ کلب نے سوموار کو جاری کیا ہے۔ نصیر زادہ کہا کہ ’’نوجوانوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے۔ وہ صہیونی رجیم کے خلاف لڑائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور اس کو کرہ ارض سے اکھاڑ پھینکیں گے‘‘۔کمانڈر عزیز نے بیان میں مزید کہا کہ ’’ ہماری اگلی نسل کو اپنی مضبوطی کے لیے ضروری علم سیکھنا چاہیے او ر ایسا علم حاصل کرنا چاہیے جس سے اسرائیل کو تباہ کیا جاسکے‘‘۔انھوں نے یہ بیان اسرائیلی فوج کے شام میں فضائی حملے کے ردعمل میں جاری کیا ہے۔اسرائیلی فوج نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ اس نے شام میں ایران کی القدس فورس کے اہداف کو نشانہ بنایا ہے اور اس نے شامی فورسز کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس کے ردعمل میں اسرائیلی علاقے یا اس کی فورسز پر حملوں سے گریز کریں۔برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق کے مطابق اسرائیلی فوج کے فضائی حملے اور زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل گرنے سے دو شامیوں سمیت گیارہ جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔تاہم شامی فوج نے چار ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ان فضائی حملوں سے قبل اتوار کو بھی اسرائیلی فوج نے سرحد پار سے حملے کیے تھے اور شام نے کہا تھا کہ اس نے اسرائیل کے ایک فضائی حملے کو ناکام بنا دیا ہے جبکہ اسرائیلی فوج نے گولان کی چوٹیوں پر شام کی جانب سے فائر کیے گئے ایک راکٹ کو ناکارہ بنانے کی بھی اطلاع دی تھی۔اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ان حملوں کے حوالے سے کہا تھا کہ ’’ شام میں ہماری ایک مستقل پالیسی ہے ،وہ ایران کی توسیع پسندی کو نشانہ بنانا ہے اور جو ہمیں نقصان پہنچاتا ،اس کو نقصان پہنچانا ہے‘‘۔انھوں نے اسرائیلی فوج کے شام میں فضائی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ایران کے قائم کردہ فوجی ٹھکانوں کو سوموار کے روز فضائی حملے میں نشانہ بنایا ہے۔ صہیونی وزیراعظم نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اس کو اسرائیل کو تباہ کرنے کی دھمکیوں کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا