English   /   Kannada   /   Nawayathi

مندسور قتل معاملہ: بی جے پی کارکن گرفتار

share with us

مدھیہ پردیش:19؍جنوری2019(فکروخبر/ذرائع) مندسور میں بی جے پی لیڈر اور میونسپل کارپوریشن صدر پرہلاد بندھوار کے قتل معاملہ میں ایک حیرت انگیز انکشاف ہوا ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ ان کا قاتل بی جے پی کا ہی ایک کارکن ہے جس کا نام منیش بیراگی ہے اور اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گزشتہ جمعرات کو مندسور میونسپل کارپوریشن صدر پرہلاد بندھوار کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ قتل کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی تھی اور اس سلسلے میں کانگریس کے اوپر انگلیاں اٹھائی جا رہی تھیں۔ اب جبکہ بی جے پی کارکن گرفتار ہو چکا ہے تو یہ ثابت ہو گیا ہے کہ کانگریس کو بدنام کرنے کے مقصد سے یہ سب کچھ کیا گیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ میونسپل کارپوریشن صدر بندھوار نئی آبادی علاقے میں سابق کونسلر وجے شرما کی دکان پر کھڑے تھے۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار حملہ آور وہاں پہنچے اور پرہلاد بندھوار کے سر میں گولی مار دی۔ گولی لگتے ہی بندھوار گر پڑے۔ انھیں فوراً ضلع اسپتال لے جایا گیا لیکن ڈاکٹروں نے بندھوار کو مردہ قرار دے دیا۔ پرہلاد بندھوار کی موت کے بعد ان کے حامیوں اور مقامی لوگوں نے خوب ہنگامہ کیا۔ ناراض لوگوں نے اسپتال میں توڑ پھوڑ بھی کی تھی۔

میونسپل کارپوریشن صدر کو گولی مارنے کی اطلاع کے بعد پولس سپرنٹنڈنٹ اپنی ٹیم کے ساتھ ضلع اسپتال پہنچے تھے اور ناراض لوگوں کو خاموش کرایا تھا۔ اس معاملے میں پولس نے کیس درج کر کے جانچ فوراً شروع کر دی اور حملہ آور کی تلاش جاری تھی۔ پولس نے اب اس قتل کے ملزم بی جے پی کارکن کو گرفتار کر لیا ہے اور اس سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔ پولس آج ملزم کو لے کر راجستھان سے مدھیہ پردیش پہنچے گی جہاں اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پولس کی پوچھ تاچھ میں کئی بڑے انکشافات ہو سکتے ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا