English   /   Kannada   /   Nawayathi

مرکزی جماعت المسلمین تینگن گنڈی کا اجلاس عام 

share with us

 

اتحادواتفاق کا دامن تھامتے ہوئے اپنی خصوصیات باقی رکھنے کی کوشش کی جائے : مولانا محمد سعود ندوی 

بھٹکل 18؍ جنوری 2019(فکروخبر نیوز ) مرکزی جماعت المسلمین تینگن گنڈی کا اجلاس عام کل رات ساڑھے نو بجے جامع مسجد سیدنا ابراہیم جامعہ آباد میں منعقد کیا گیا جس میں جماعت کی چار سالہ کارکردگی کی رپورٹ اور اتحاد واتفاق کے عنوان پر علماء کرام کے بیانات بھی ہوئے۔ 
مہتمم مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی مولانا محمد سعود صاحب ندوی نے اتحادو اتفاق کی اہمیت وضرورت پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعیت سے جو کام ہوتا ہے وہ انفرادیت سے نہیں ہوتا ہے۔ ہمیں ہر کام میں اجتماعیت کو برقرار رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے جس سے انسان کے دلوں میں ایک دوسرے کے تعلق سے خیر خواہی کا جذبہ بھی پیدا ہوتا ہے اور ایک دوسرے کے تعاون کے لیے ہمیشہ تیار ہوتے ہیں۔ اس کے برخلاف اس چیز کو ختم کرنے سے ہمارا شیرازہ بکھر جائے گا اور شیطان ہم پر مسلط ہوجائے گا۔ مولانا نے اپنے بیان میں کئی ایک مثالیں پیش کرتے ہوئے اہلیانِ تینگن گنڈی کی تعریف کی اور ان میں جو برسوں سے چلی آرہی خصوصیات ہیں اس کو باقی رکھنے پر زور دیا ، انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں اتحاد واتفاق برسوں سے چلاآرہا ہے اور جب جب بھی اس میں دراڑیں پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تو لوگوں نے مل کر اس کے اسباب تلاش کرکے اس کو ختم کرکے ہی دم لیا۔ 
امام وخطیب جامع مسجد تینگن گنڈی مولانا محمد اسحاق صاحب ڈانگی ندو ی نے بھی اتحاد واتفاق کو باقی رکھنے والی کوششوں پر زوردیا اور ہر کام اتحاد کے ساتھ کرنے کی ترغیب دلائی ۔ صدارتی خطاب میں جناب سلیمان صاحب بنگالی نے کہاکہ اس میعاد میں جو بھی کام ہوا ہے وہ محض اللہ کی توفیق سے ہوا ہے اور آپ حضرات جانتے ہیں کہ جب تک اللہ کی توفیق شامل حال نہیں ہوتی کوئی کام نہیں ہوپاتا اور جو بھی کچھ غلطیاں اور کوتاہیاں ہوئیں ہیں وہ میری کمزوری کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے جماعت کے جملہ ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ایک خاص بات کی طرف انہو ں نے توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ہمارے اتحاد واتفاق کا راز ہی یہی ہے کہ ہم میں بات ماننے کی صفت موجود ہے۔ معاملہ چاہے کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو ہمارے لوگ خاص کر ہمارے نوجوان ہماری باتو ں کی قدر کرتے رہے اور جب بھی کسی کام سے انہیں روکنے کی کوشش کی گئی فوری طور پر انہوں نے اس پر لبیک کہا۔
واضح رہے کہ اس اجلاس کا آغاز حافظ محمد اسحاق ڈانگی صاحب کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جماعت کے جنرل سکریٹری جناب محمد اقبال صاحب بنگالی نے چار سالہ کارکردگی رپورٹ کی شکل میں پیش کی اور گوشوارہ آمدو خرچ کی تفصیلات بھی بیان کیں۔ حاضرین کو بھی اپنے اپنے تأثرات پیش کرنے کا مواقع دیا گیا اور اس دوران انہوں نے جماعت کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اپنی مفید آراء سے نوازا۔ نظامت کے فرائض مولانا عتیق الرحمن ڈانگی ندوی نے انجام دئیے اور ناظم مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی محترم جناب حافظ عبدالقادر ڈانگی صاحب کی دعائیہ کلمات پر یہ اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا