English   /   Kannada   /   Nawayathi

جدید ذرائع ابلاغ کا مثبت استعمال برائیوں کے خاتمہ کاذریعہ , سوشل میڈیا ڈیسک کے اجلاس سے مولاناسعیدالرحمن اعظمی کا خطاب

share with us

لکھنؤ :18ڈسمبر2018(فکروخبر/ذرائع)ملک کے انتہائی اہم صوبہ اترپردیش میں سوشل میڈیا ڈیسک کے کاموں کو منظم اورمستحکم کرنے کی غرض سے مورخہ ۱۷؍دسمبر پیرکو صبح ساڑھے دس بجے جامعہ میمونہ للبنات لکھنؤ میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سوشل میڈیا ڈیسک کا یک روزہ مشاورتی و تربیتی اجلا س ہوا جس میں کثیر تعداد میں علماء کرام اورآئی ٹی سے منسلک مرد وخواتین شریک ہوئے ۔ اس مشاورتی اجلاس کی صدارت دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے مہتمم حضرت مولانا سعیدالرحمن اعظمی صاحب نے فرمائی۔ اس اجلاس میں حضرت مولانا نذرالحفیظ صاحب ندوی ازہری(استاذ دارالعلوم ندوۃ العلماء) نے اپنے کلیدی خطاب میں سوشل میڈیا ڈیسک کے کاموں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت کی انتہائی اہم ضرورت ہے، صدر اجلاس حضرت مولانا سعیدالرحمن اعظمی صاحب نے اپنے صدارتی خطاب میں فرمایا کہ جدید ذرائع ابلاغ کو استعمال کر کے مسلم پرسنل لا کے خلاف پھیلائی جارہی غلط فہمیوں کو دور کیا جا سکتا ہے۔آپ نے آئی ٹی کے ماہرین او ر علماء سے گذارش کی کہ وہ آگے آئیں او ر اس سلسلہ میں اپنا کردار نبھائیں۔ مولانا نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعہ جو خرابیاں پھیل رہی ہیں ان خرابیوں کو ان ہی آلات کے مثبت استعمال کے ذریعہ ختم کیا جا سکتا ہے۔اس اجلاس میں صدر محترم کے ہاتھوں’’ تحریک اصلاح معاشرہ ویب سائٹ‘‘ کا اجرا عمل میں آیا۔ جب کہ شرکائے اجلاس نے سوشل میڈیا کے کاموں کو آگے بڑھانے کے سلسلہ میں مفید تجاویزپیش کیں جن پر غوروخوض اور مشورہ کرنے کے بعد ایک لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ 
حضرت مولاناخالد رشید فرنگی محلی صاحب(رکن مجلس عاملہ مسلم پرسنل لا بورڈ) کو یوپی میں سوشل میڈیا ڈیسک کا ذمہ دار مقرر کیا گیا۔ موصو ف کی نگرانی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس کے ذریعہ پورے صوبہ میں سوشل میڈیا ڈیسک کے کاموں کو پھیلایا جائے گا۔اسٹیج پر جناب رضوان احمد صاحب(سابق ڈی جی پی ، یوپی)،مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی (انچارج سوشل میڈیا ڈیسک) ،مولاناکریم الرحمن ندوی صاحب (ممبئی)جناب مولاناآفتاب عالم صاحب خیر آبادی، جناب مولانا مفتی نذرالہدیٰ ندوی موجود تھے۔ جناب امیرخالدخان صاحب(رکن مجلس تحقیقات و نشریات اسلام) کی کوششوں سے یہ اجلا س کامیاب رہا او ر حضرت مولانا نذرالحفیظ صاحب ندوی ازہری کی دعا پر اپنے اختتام کو پہونچا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا