English   /   Kannada   /   Nawayathi

خاشقجی کا قتل :سعودی عرب نے امریکی سینیٹ کی قرارداد کو مسترد کر دیا

share with us


سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے اسے ’’جھوٹے الزامات پر مبنی دخل اندازی‘‘قرار دیدیا


ریاض:17ڈسمبر2018(فکروخبر/ذرائع)سعودی عرب نے یمن میں جاری ریاض کی جنگ میں امریکی فوجی امداد کو ختم کرنے اور شہزادہ ولی عہد کو صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے لیے ذمہ دار ٹھہرانے کی امریکی سینیٹ کی قراردادوں کی مذمت کی ہے۔سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے اسے ’’جھوٹے الزامات پر مبنی دخل اندازی‘‘قرار دیا ہے۔جمعرات کو پیش کی جانے والی قرارداد وسیع تناظر میں علامتی ہے اور اس کے قانون بننے کے امکانات بہت کم ہیں۔لیکن اس سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ان کی سعودی پالیسی کے خلاف امریکی قانون سازوں کی ناراضگی کی وارننگ جاتی ہے۔سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی سے جاری کردہ ایک بیان میں سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے کہا کہ سلطنت امریکی سینیٹ کے تازہ موقف کی مذمت کرتی ہے۔اس میں کہا گیا کہ اس قسم کے موقف غیر حقیقی الزامات پر بنائے گئے ہیں اور یہ اپنے داخلی امور میں کسی قسم کی مداخلت کو مکمل طور پر مسترد کرنے کی تصدیق کرتے ہیں۔جمعرات کو کیے جانے والے ووٹ میں امریکی کانگریس کا کوئی بھی گوشہ سنہ 1973 کے 'وار پاور قانون' کے تحت کسی فوجی تصادم سے امریکی فورسز کو ہٹانے کے لیے پہلی بار رضا مند ہوا ہے۔صدر ٹرمپ کے بعض ساتھی ریپبلکن رہنما نے ان کے خلاف جاتے ہوئے اس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جس میں ڈیموکریٹس کی 41 کے مقابلے میں 56 ووٹوں سے جیت ہوئی۔اس قرارداد نے صدر ٹرمپ سے کہا کہ وہ یمن میں جاری دشمنانہ کارروائیوں سے اپنے تمام فوجی بلا لیں سوا ئے ان کے جو اسلام پسند انتہا پسندوں سے برسرپیکار ہیں۔اس کے بعد سینیٹ نے اتفاق رائے سے ایک قراردار منظور کی جس میں سعودی شہزادہ ولی عہد محمد بن سلمان کو واشنگٹن پوسٹ کے نمائندے جمال خاشقجی کے قتل کا ملزم قراردیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ سلطنت مرتکبین کو ذمہ دار ٹھہرائے۔ جمال خاشقجی کا ترکی کے شہر استنبول میں سعودی قونصل خانے میں اکتوبر میں قتل ہوا تھا۔امریکہ نے سعودی عرب کے جنگی طیاروں میں گذشتہ ماہ ایندھن بھرنا بند کر دیا تھا اور اگر جمعرات کی قرارداد کو قانونی حیثیت حاصل ہو جاتی ہے تو پھر ایندھن بھرنے کا عمل دوبارہ شروع نہیں کیا جاسکے گا۔صدر ٹرمپ نے ان اقدام کو ویٹو کرنے کا عہد کیا ہے اور اس کا ایوان نمائندگان میں منظور ہونا فی الحال مشکل نظر آتا ہے۔ خیال رہے کہ اس نے اسی معاملے پر بدھ کو ایک ووٹنگ کو روک دیا تھا۔لیکن آزاد سینیٹر برنی سینڈرس جنھوں نے ان اقدام کی مشترکہ حمایت کی ہے ان کا کہنا ہے کہ انھیں امید ہے کہ جب ڈیموکریٹس باضابطہ طور پر جنوری میں ایوان پر اپنا کنٹرول قائم کر لیتے ہیں تو یہ قرارداد کامیاب ہو جائے گی۔ خیال رہے کہ وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کو ایوان میں برتری حاصل ہوئی تھی۔ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یمن کے متعلق بل ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے خلاف سعودی کی قیادت والے اتحاد کو امریکی امداد ختم کر دیگا۔وائٹ ہاس کے حکام نے سعودی عرب کے ساتھ امریکہ کے اقتصادی رشتے پر زور دیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ کے مشیر اور ان کے داماد جیرڈ کشنر سعودی شہزادے کے ساتھ اپنے تعلقات کو مستقل جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا