English   /   Kannada   /   Nawayathi

وی ایچ پی کی دھرم سبھا میں ہندووں کو دی گئی صلاح، ہر ہندو پانچ بچے پیدا کرے اور ہر ایک کے ہاتھ میں ہتھیار دے

share with us

وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) کی جانب سے ایودھیا میں بابری مسجد کے مقام پر رام مندر کی تعمیر کے لئے بنائی گئی کمیٹی کے سربراہ ہنس دیو آچاریہ نے کہا کہ جو لوگ ایودھیا میں بابری مسجد بنانا چاہتے ہیں وہ اس ملک سے نکل جائیں۔ انہوں نے جموں وکشمیر کا نام لئے بغیر کہا کہ ہم یہاں دو آئین اور دو جھنڈوں کی اجازت نہیں دیں گے۔

ہنس دیو آچاریہ نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کی خوب تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ریاست میں جنگجوﺅں کی حمایت والی سرکار کو نہیں بننے دی۔ ان کا اشارہ پی ڈی پی، نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے حالیہ گرینڈ الائنس کی طرف تھا۔

آچاریہ نے کہا کہ گورنر کی جانب سے ریاست میں جنگجوﺅں کی حمایت والی سرکار کو بننے سے روکنا جموں وکشمیر میں ہندو توا کی جیت ہے۔ انہوں نے بی جے پی حکومت کے اچھے دنوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سے اچھے دن کیا ہوسکتے ہیں کہ کشمیر میں پتھربازوں کو مارا جارہا ہے۔

ہنس دیو آرچاریہ جموں کے پریڈ گراﺅنڈ میں اتوار کو وی ایچ پی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی 'دھرم سبھا (مذہبی کانفرنس)' سے خطاب کررہے تھے۔ دھرم سبھا میں سرکردہ ہندو سادھوﺅں اور سنتوں کے علاوہ ہندو مذہب کے سینکڑوں پیروکاروں نے شرکت کی۔

مہنت دنیش بھارتی جنہوں نے سنہ 2008 ءکے امرناتھ زمین تنازعہ کی ایجی ٹیشن کے دوران وادی کشمیر کی اقتصادی ناکہ بندی کرنے میں ایک نمایاں کردار ادا کیا تھا، نے دھرم سبھا سے خطاب کرتے ہوئے ہندوﺅں سے اپیل کی کہ 'ہر ہندو پانچ بچے پیدا کریں'۔ انہوں نے کہا کہ ہر ہندو نہ صرف پانچ بچے پیدا کریں بلکہ ہر ایک بچے کے ہاتھ میں ہتھیار دیں۔

وی ایچ پی کی اس دھرم سبھا میں بی جے پی ریاستی یونٹ کے سینئر لیڈران بشمول ریاستی صدر رویندر رینہ، سابق ریاستی صدر ست شرما، ممبر پارلیمنٹ جگل کشور شرما، سابق وزراءشام چودھری، چندر پرکاش گنگا اور جموں کے میئر چندر موہن گپتا موجود تھے۔

بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر رینہ نے دھرم سبھا کے حاشئے پر نامہ نگاروں کو بتایا کہ 'ہنس دیو آچاریہ جی نے بتایا کہ اگلے سال 31 جنوری کو رام مندر تعمیر کا اعلان ہوگا، جس دن آچاریہ جی اعلان کریں گے، اسی دن مندر کی تعمیر شروع ہوگی'۔

دھرم سبھا میں اپنی تقریر کے دوران مہمان خصوصی ہنس دیو آچاریہ جو کہ اکھل بھارتیہ سنت سمیتی کے سرپرست بھی ہیں، نے مسلمانوں کی درگاہوں پر اشتعال انگیز تبصرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا 'لوگ کہتے ہیں کہ رام مندر کی تعمیر میں دیری کیوں۔ یہ وشو ہندو پریشد ہمیں بیوقوف بنارہی ہے۔ سادھو سنت بے کار ہیں۔ اچھا یہ بتاﺅ کہ مندر بنانا ہے یا کوئی درگاہ بنانی ہے۔ درگاہ تو چار اینٹیں ڈالو، کتا مرا پڑا ہے چادر ڈال دو،درگاہ بن گئی۔ ہمیں ایک عظیم الشان مندر بنانا ہے۔ ہمیں کوئی چھوٹی سے چھونپڑی نہیں بنانی۔ مندر ایک تاریخی اور مثالی بنانا ہے۔ اس کے لئے اتنے پتھر چاہیے کہ ایک دن میں ان پتھروں کی سجاوٹ کا کام مکمل نہیں ہوگا'۔

ہنس دیو آچاریہ نے کہا کہ جو لوگ ایودھیا میں بابری مسجد بنانا چاہتے ہیں وہ اس ملک سے نکل جائیں۔ ان کا کہنا تھا ‘ایک بات اور کہہ دوں، قانون بنے یا نہ بنے، اجازت ملے یا نہ ملے، سپریم کورٹ چلّائے، ملّے چلائے، یہ سیکولر جماعتیں چلائیں، جس دن یہ ہمیں بتائیں گے کہ پتھر تیار ہیں، ڈھانچہ (بابری مسجد) توڑنے کا مہورت نہیں نکالا تھا۔ اسی طرح رام مندر کی تعمیر کا مہورت اسی دن نکلا تھا جس دن ڈھانچہ توڑا تھا۔ رام مندر کی تعمیر وہیں ہوگی اور بابری کی تعمیر کہیں نہیں ہوگی۔ جن کو بابری مسجد بنانی ہے وہ اس دیش سے نکل جائیں۔ یہاں نہ تو دو آئین چلنے دیں گے، نہ دو قانون چلنے دیں گے اور نہ دو جھنڈے چلنے دیں گے’۔

ہنس دیو آچاریہ نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کی خوب تعریف کرتے ہوئے کہا 'میں جموں وکشمیر کے گورنر کابہت بہت شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جنہوں نے جنگجوﺅں کی حمایت والی سرکار کو نہیں بننے دیا۔ یہ جموں وکشمیر میں ہندوتوا کی جیت ہے'۔

انہوں نے کہا 'اچھے دن کی بات کہتا ہوں، اچھے دن تو ہیں تبھی تو یہاں بیٹھ کر سبھا کررہے ہو، اچھے دن ہیں کہ یہاں فوج لگی ہوئی ہے۔ اچھے دن ہیں کہ پتھربازوں کی موت ہورہی ہے'۔

مقامی وی ایچ پی لیڈر مہنت دنیش بھارتی نے اپنی تقریر کے دوران ہندوﺅں سے اپیل کی کہ 'ہر ہندو پانچ بچے پیدا کریں'۔

ان کا کہنا تھا '35 سال کے ہندو کے اوسط بچے ایک اعشاریہ 2 ہوتے ہیں۔ مسلمان جب 35 سال کا ہوتا ہے تو اس کے آٹھ بچے ہوتے ہیں۔ یہ تناسب ہندوؤں کا صحیح نہیں ہے ۔ 2039میں جب لوک سبھا کے انتخابات ہوں گے، ہم جیسے اور تجھ جیسے بوڑھے مر جائیں گے، اور مسلم ووٹر ہوں گے۔ جو 2012 میں پندرہ لاکھ تھے، آج پوری دنیا میں وہ مسلمان دو سو کروڑ سے زیادہ ہیں۔ اس لئے میری آپ سے گزارش ہے کہ ایک ہندو پانچ بچے پیدا کریں۔ اور پانچوں بچوں کے ہاتھوں میں ہتھیار دیں۔ اور ہتھیار دیکر اعلان کریں کہ میری طرف جس نے بھی آنکھ اٹھاکر دیکھا ، اس کی آنکھ نکال لوں گا'۔

انہوں نے کہا 'گیلانی (سید علی گیلانی) جیسے لوگ کہتے ہیں کہ آر ایس ایس کے لوگ بھارت ماتا کی جے کہیں گے تو دیش کٹ جائے گا، دیش بٹ جائے گا، کشمیر میں برہان وانی کے جمائی کہتے ہیں کہ اگر رام جنم بھومی پر مندر تعمیر ہوا تو دیش کٹ جائے گا اور بٹ جائے گا۔ کیوں بھئی دیش سیب ہے یا کیلا ہے جو کاٹ کر بانٹ دیا جائے گا۔ دیش کو مہاتما گاندھی بانٹ گئے'۔

بی جے پی ریاستی صدر رویندر رینہ نے دھرم سبھا کے حاشئے پر نامہ نگاروں کو بتایا 'ایودھا میں شری رام جی کا مندر ہے۔ پوجا کے لئے ہر ایک سہولیت دستیاب ہے۔ لیکن ایک عظیم الشان رام مندر بنے، اس کے لئے جدوجہد جاری ہے۔ آچاریہ جی نے آج بتادیا کہ 31 جنوری کو اعلان ہوگا، جس دن اچاریہ جی اعلان کریں گے، اسی دن مندر کی تعمیر شروع ہوگی'۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا