English   /   Kannada   /   Nawayathi

کمل ناتھ ہونگے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی ،۱۷ دسمبر کو لیں گے وزیر اعلی کا حلف

share with us

مدھیہ پردیش:14/ڈسمبر2018(فکروخبر/ذرائع)آئندہ 17 دسمبر کو کمل ناتھ ریاست کے وزیراعلی کا حلف لیں گے۔بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں 11 دسمبر کو آنے والے انتخابی نتائج کے بعد کانگریس نے اپنی حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کر دیا ہے۔ کانگریس پارٹی کے سینیئر رہنما کمل ناتھ کو دیر رات اتفاق رائے سے قانون ساز پارٹی کے رہنما یعنی وزیراعلی منتخب کرلیا گیا۔سی ایل پی کی میٹنگ کے بعد پارٹی کے قومی آبزرور  اے کے انٹنی نے کمل ناتھ کے وزیر اعلی منتخب کیے جانے کا اعلان کیا۔

سی ایل پی کی میٹنگ میں تمام اراکین اسمبلی کے علاوہ کانگریس پارٹی کے انتخابی مہم کمیٹی کے چیئرمین جیوتی رادتیہ سندھیا اور اپوزیشن لیڈر اجے سنگھ بھی موجود رہے جبکہ دگ وجے سنگھ کے ساتھ ہی پارٹی کے مدھیہ پردیش امور کے انچارج دیپک باوریا اور تمام دیگر سینیئر رہنما بھی موجود تھے۔آج صبح گیارہ بجے کمل ناتھ کی گورنر آنندی بین پٹیل سے ملاقات کے بعد 17 نومبر 2018 کو کمل ناتھ کی حلف برداری تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

کمل ناتھ کے وزیراعلی بنائے جانے کے اعلان کے بعد یہاں کانگریس دفتر کے باہر کانگریس کارکنان میں زبردست خوشی کی لہر دیکھی گئی۔ پہلے جہاں کارکنان دو خیموں میں تقسیم نظر آ رہے تھے وہیں کمل ناتھ کے وزیر اعلی کے طور پر اعلان کے بعد اراکین کمل ناتھ زندہ باد ،کانگریس زندہ باد راہل گاندھی زندہ باد کے نعرے بلند کرتے نظر آئے۔

واضح رہے کہ گذشتہ 7 دسمبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات میں کل 230 سیٹوں میں کانگریس کو 114 اور بی جے پی کو109 سیٹیں ملیں۔ یہ سیٹیں حکومت سازی کے لیے کافی نہیں تھیں لیکن بی ایس پی کے دو ،سماج وادی پارٹی کا ایک اور چار آزاد اراکین اسمبلی کی حمایت کے بعد اکثریت کے لئے مطلو بہ 116 ممبروں سے زیادہ کی حمایت حاصل ہو گئی اور اس طرح کانگریس کے لیے حکومت سازی کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ 

کانگریس پارٹی کی ترجمان شوبھا اوجھا نے بتایا کہ آئندہ 17 دسمبر کو دوپہر 1:30 بجے کمل ناتھ وزیراعلی کا حلف لیں گے۔ حلف برداری تقریب میں راہل گاندھی کی آمد بھی متوقع ہے۔
وہیں شوبھا اوجھا نے کہا سب سے پہلے دعوت نامہ کانگریس کے ان کارکنان کے لئے ہے جن کی محنت سے آج کانگریس پارٹی 15 برس بعد اقتدار میں آئی ہے۔

انہوں نے کہا یہ 15 برس بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقتدار کے ہیں  جس میں عوام کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی پارٹی کو اقتدار سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے کانگریس کے کارکنان کو مبارکباد اور اس حلف برداری تقریب کا دعوت نامہ سب سے پہلے کانگریس کارکنان کو جانا چاہیے ۔وہیں انہوں نے دوسری ریاستوں کی کانگریس کے سینیئر رہنماؤں کو بھی مدعو کیا۔

 

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا