English   /   Kannada   /   Nawayathi

مکاتب کے ذریعہ حاصل کی جانے والی تعلیم سے کفرستان میں بھی ایمان محفوظ رہ سکتا ہے : مولانا محمدالیاس ندوی 

share with us


شعبۂ تبلیغ جماعت المسلمین حلقۂ نوائط کالونی بھٹکل کی جانب سے جلسۂ سیرت النبی اور حلقہ کے شبینہ مکاتب کے درمیان عظیم الشان کوئز مقابلہ کا انعقاد


بھٹکل 09؍ دسمبر 2018(فکروخبر نیوز) شعبۂ تبلیغ جماعت المسلمین حلقۂ نوائط کالونی بھٹکل کی جانب سے جلسۂ سیرت النبی اور حلقہ کے بیس شبینہ مکاتب کے درمیان عظیم الشان کوئز مقابلہ کا انعقادتنظیم جمعہ مسجد کے احاطہ میں منعقد کیا گیا جس میں طلباء نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے مسجد کی بہترین نمائندگی کی۔ اس موقع پر استاد تفسیر جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا محمد الیاس ندوی نے شبینہ مکاتب کی اہمیت وضرورت پر گفتگو کرتے ہوئے بچوں کے ایمان کی حفاظت کے لیے اسے لازمی قرار دیا۔ مولانا نے اس کے ذریعہ پھیلنے والی ایمان کی مضبوطی کو مثالوں کے ذریعہ ثابت کرتے ہوئے کہاکہ مکاتب کی تعلیم کی مضبوطی کی وجہ سے کفرستان بھی جاکر ایمان باقی رہتا ہے اور اس کی تعلیم کی طرف توجہ نہ دینے کی وجہ سے ایمانستان میں بھی رہ کر ایمان کی گیارنٹی نہیں دی جاسکتی ۔ مولانا نے برملا اس بات کا اظہار کیا کہ اب تک یہ شبینہ مکاتب ہمارے بچوں کو اخلاق اور تلاوتِ قرآن کی تصحیح پر توجہ دیا کرتے تھے اور بچوں کے ایمان کے باقی رہنے کا ذریعہ بن رہے ہیں ۔ مولانا نے اس کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ بچپن میں اگر عقیدے کی تعلیم درست ہوتی ہے تو انسان جہاں بھی پہنچے اپنے دین پر باقی رہتا ہے اور اس کی ایک نہیں سیکڑوں مثالیں دی جاسکتی ہیں۔ موجودہ حالات کے تناظر پر بات کرتے ہوئے مولانا نے کہا کہ ہم ہندوستان کے بعض علاقوں میں ہمارے بچوں کے ارتداد کی خبریں سن رہے تھے آج حالات اس قدر خراب ہیں کہ ہمارے پڑوسی علاقوں میں اسطرح کے واقعات پیش آرہے ہیں اور ہماری بچیاں مرتد ہوکر کھلے عام گھوم رہی ہیں اور کوئی انہیں ٹوکنے والا نہیں ہے اور یہ حالات اس وجہ سے پیش آرہے ہیں کہ ہم نے بچوں کے ایمان کی حفاظت کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا اور ان شبینہ مکاتب کو ہم نے اہمیت نہیں دی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے شبینہ مکاتب کے نظام کو مستحکم کریں اور ما شاء اللہ ہمارے یہاں شبینہ مکاتب میں صرف قرآن کی تعلیم پر اکتفا نہیں کیا جارہا ہے بلکہ اس کے زیر اہتمام سیرت النبی اور مختلف موضوعات پر جلسو ں کا انعقاد کرکے بچوں کے ایمان کی حفاظت کے لیے اقدام ہورہا ہے جس پر ہمیں اللہ کا شکر بجالانا چاہیے۔ 
مولانا کے خطاب سے قبل شعبۂ تبلیغ نوائط کالونی کے ذمہ دار مولانا محمد انصار خطیب ندوی نے شعبہ کے تحت انجام پانے والے مختلف دینی اور دعوتی کاموں کا مختصراً تعارف پیش کرتے ہوئے اسے مزید مستحکم کرنے کے لیے اپنے عزائم کا بھی اظہار کیا ، مولانا نے کہا کہ ہمارے اس شعبۂ تبلیغ نوائط حلقہ میں نمازِ فجر کے بعد درسِ قرآن کا اہتمام کیا جاتا ہے ، بعض مساجد میں درسِ قرآن کا دوسرا دور چل رہا ہے ، اس کے ساتھ ساتھ ائمہ کرام مصلیان کے تصحیح قرآن کے لیے اپنے اوقات فارغ کررہیں ہیں۔ شبینہ مکاتب میں آرہی کمزوریوں کو دورکرنے کے لیے فکریں کی جارہی ہیں اور اس کے لیے مختلف پروگرام کابھی انعقاد کیا جارہا ہے ۔ ساتھ ساتھ شعبہ کے تحت اسلامی مہینوں کے اعتبارسے حلقہ کے مختلف علاقوں میں پروگرامات منعقد ہوتے ہیں جس میں عوام کو اس مہینے کی عظمت بیان کرکے اعمال کی طرف راغب کرنے کی کوششیں جاری ہے۔ مولانا نے کہا کہ ان سب کے علاوہ ایک اہم کام مؤذنین کی اذان کی درستگی کی فکریں بھی ہورہی ہیں۔


شبینہ مکاتب کے طلباء نے پیش کیا عمدہ اور بہترین کوئز مقابلہ 
شعبۂ تبلیغ حلقۂ نوائط کے جملہ بیس شبینہ مکاتب کے درمیان انوکھے طرز پر عمدہ اور بہترین کوئز مقابلہ کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء نے اپنے اپنے مساجد کی نماندگی کی۔ سوالات پیش کرنے کے لیے اسٹیج پر بڑا سا اسکرین نصب کیا گیا تھا جس پر عمدہ طریقے پرطلباء کے سامنے سوالات پیش کیے جاتے تھے۔ سوالات پڑھنے کے لیے ایک شخص کو بھی تعیینات کیا تھا جو طلباء کو سوالات پیش کرنے میں ان کی مدد کیا کرتا تھا ، اسکرین پر سوال آنے کے بعد طلباء اس کا صحیح جواب دینے کی کوشش کرتے ۔ صحیح جواب دینے کے لیے ایک وقت متعین کیا گیا تھا جس کے اندر ہی طلباء کو سوال کا جواب دینا لازمی تھا، وقت ختم ہونے کے بعد صحیح جواب کا شمار نہیں کیا جارہا تھا۔ پروجیکٹر پر سوالات تیار کرنے میں نوجوان علماء کی ٹیم نے بڑی محنت سے کام لیا تھا جس کی داد اسٹیج پر موجود علماء اور دانشوران کے ساتھ عوام نے بھی دی۔ اس مقابلہ کے مختلف راؤنڈ منعقد کیے تھے جن میں تمام راؤنڈ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے شبینہ مکتب مسجد علی میاں ، علی میاں محلہ آزاد نگر نے پہلا مقام اور مسجد مزمل کے شبینہ مکتب نے دوسرا مقام حاصل کیا۔امتیازی نمبرات سے کامیاب ہونے والوں کے ساتھ ساتھ مقابلہ میں شریک ٹیموں کو بھی انعامات سے نوازا گیا ۔ جلسہ کی صدارت قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا ملا محمد اقبال ندوی نے کی اور نظامت کی ذمہ داری مولانا وصی اللہ ندوی ، مولانا عبداللہ شریح کوبٹے ندوی اور دیگر نے بحسنِ خوبی انجام دی۔ دعائیہ کلمات پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا