English   /   Kannada   /   Nawayathi

مسجد اﷲ کی ملکیت ہے جس سے مسلمان دست بردار نہیں ہوسکتا! اورنگ آباد میں حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی کا خطاب

share with us

اورنگ آباد:09ڈسمبر2018(فکروخبر/ذرائع)مورخہ ۶؍دسمبر ۲۰۱۸ء ؁ بابری مسجد کے یوم شہادت کے موقع پر مسلم نمائندہ کونسل کی جانب سے نہرو بھون، اورنگ آباد میں بعد نماز مغرب بابری مسجدکی شہادت کے ضمن میں ایک جلسۂ عام منعقد کیاگیا،جس کی صدارت مسلم نمائندہ کونسل کے صدر جناب ضیاء الدین صدیقی نے فرمائی، اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررخصوصی مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی (سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ )نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ مسجد اﷲ کی ملکیت اور اس کا گھر ہوتا ہے اور کوئی طاقت اﷲ کے گھر کو ہم سے چھین نہیں سکتی،بابری مسجد بھی شروع دن سے مسجد تھی اب بھی مسجد ہے اورآئندہ بھی مسجد رہے گی۔ ہندوستان کے مسلمان کبھی بھی اس مسجد سے دست بردار نہیں ہو سکتے۔موصوف نے کہا کہ مسلم پر سنل لا بورڈ کا یہی موقف ہے، اور ہر سچے مسلمان کا بھی یہی موقف ہے۔
ایودھیا کی متنازعہ اراضی کے تعلق سے گذشتہ ماہ جو کچھ سرگرمیاں انجام دی گئیں ان کے سلسلے میں مولانا نے کہا کہ یہ سب کچھ محض مسلمانوں کو خوفزدہ کرنے کی سازش تھی، جو پوری طرح ناکام ہوئی، اس لیے فرقہ پرستوں کو یہ با ت سمجھ لینی چاہئے کہ مسلمان اﷲ کے علاوہ کسی سے نہیں ڈرتے،اور وہ ا س ملک میں اپنی مذہبی خصوصیات اور اسلامی پہچان کے ساتھ جئیں گے اور اسلام پر ہی مریں گے۔ آپ نے میڈیا کے جانبدارانہ رویہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو ملک سے معافی مانگنی چاہئے جس نے پورے ملک کے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی ۔اخیر میں آپ نے مسلم پرسنل لا بورڈکی قانونی جدوجہدکی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بورڈنہایت مضبوطی سے اس مقدمہ کی پیروی کررہا ہے اور ثبوت و شواہد کی بنیاد پر ہمیں یقین ہے کہ فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا، اس لیے مسلمان ہمت او رحوصلہ رکھیں اور اپنی قیادت پر اعتماد کریں۔نیز اﷲ رب العزت کے حضور گڑگڑا کر دعا بھی مانگیں۔
اس جلسے سے حضرت مولانامعزالدین فاروقی، حضرت مولاناعبدالقوی فلاحی ،حضرت مولانا نورالحق اشاعتی، حضرت مولاناعبدالرحمن ندوی، حضرت مولاناشریف نظامی، حضرت مولانااقبال احمد انصاری اور حضرت مولاناعتیق الرحمن سراجی نے بھی خطاب کیا۔نظامت کے فرائض جناب معراج صدیقی صاحب نے انجام دیئے،جب کہ اسٹیج پر حضرت مولانامحفوظ الرحمن فارقی،جناب اویس احمدصاحب ، جناب الیاس کرمانی صاحب،جناب سید شارق نقشبندی اور جناب اجمل خان وغیرہ موجود تھے۔اس اجلاس میں ہزاروں کی تعدا د میں برادران اسلام شریک ہوئے۔ رات گیارہ بجے مولانا رحمانی صاحب کی دعا پر یہ اجلاس ختم ہوا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا