English   /   Kannada   /   Nawayathi

شعبۂ تبلیغ جماعت المسلمین حلقۂ شاذلی کی جانب سے جلسۂ سیرت النبی اور کوئز مقابلہ کا انعقاد 

share with us

سیرت کا پیغام ہی یہی ہے کہ ہم ان کے اخلاقِ عالیہ سے متصف ہونے کی کوشش کریں : مقررین کا اظہار خیال 

بھٹکل 05؍ دسمبر 2018(فکروخبر نیوز) شعبۂ تبلیغ جماعت المسلمین شاذلی حلقہ کی جانب سے انتظامیہ مسجد فاروقی بھٹکل کے زیر اہتمام جلسہ سیرت النبی اور عظیم الشان کوئز مقابلہ کا انعقاد کل رات احاطۂ مسجد فاروقی میں کیا گیا ۔ پروگرام میں مذکورہ حلقہ کی مساجد سے نمائندگی کرتے ہوئے شبینہ مکاتب کے طلباء نے اپنا بہترین کوئز مقابلہ پیش کیا جس سے سیرت کے تعلق سے بچوں کی معلومات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ حاضرین کی معلومات میں بھی اضافہ ہوا۔اس موقع پر علماء کرام کی بیانات بھی ہوئے جنہوں نے آپ کی صلی اللہ علیہ کی زندگی کی روشنی میں اپنی زندگی گذارنے کی تلقین کرتے ہوئے کئی ایک مفید باتیں پیش کیں۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ اخوت اور محبت کا برتاؤ کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی زندگی میں ایک دوسرے کی قدر کرتے ہوئے ان کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کا حکم دیا ہے۔ جو قوم بات بات پر لڑتی اور ہزاروں سال جنگیں جن کے درمیان چلتی تھیں وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے دنیا کی مثالی قوم بنی ، جس نے محبت اور اخوت کا وہ نمونہ پیش کیا جو رہتی دنیا تک کے لیے قابلِ تقلید ہیں۔ مولانا نے مدینہ کی زندگی میں صحابہ کے درمیان کیے گئے مواخات کی روشنی میں کہا کہ اس کی وجہ سے مسلمانوں میں ایک طاقت پیدا ہوگئی اور نبی کی تعلیمات کی روشنی نے ان سب کو جوڑدیا ۔مولانا نے واقعات کی روشنی میں بات کرتے ہوئے کہا کہ گروہ بندی کرنا اور ٹکڑیوں میں بٹنا یہ جاہلیت کا کام ہے اور اس کو ختم کرنے کے لیے آگے بڑھنا سیرت کا پیغام عام کرنا ہے۔ مولانا نے سیرت کے جلسہ سے آپس میں اخوت اور محبت کے ساتھ رہنے کا پیغام دیتے ہوئے ٹکڑیو ں اور گروہوں میں کلی طور پر رہنے کی بات کہی ۔ 
استاد ادب جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا محمد اقبال نائطے ندوی نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ہمیں سمجھنے کے لیے قرآن کریم کا مطالعہ کرنا چاہیے اور نبی کی رسالت اور نبوت کو سمجھنا ہے تو قرآن مجید پر عمل کرنا ہے۔ مولانا نے قرآن مجید کی آیات کی روشنی میں کہ سیرت کا یہ پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہماری زندگی میں اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق عالیہ سے ہمیں متصف ہونے کے لیے قرآن مجید پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی یاد رکھی جائے کہ قرآن مجید میں جن نیک خصلتوں کا بیان ہے ، اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم ان اخلاق اور خصلتوں سے متصف تھے۔ 
تمام شرکاء کو انعامات سے بھی نوازا گیا ۔ قاضی جماعت المسلمین بھٹکل محترم مولانا ملا اقبال صاحب ندوی کی دعائیہ کلمات پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا