English   /   Kannada   /   Nawayathi

اس سادگی پہ کون نہ مر جائے اے خدا

share with us

ڈاکٹر شکیل احمد خان

 کیا آپ نے کبھی کسی بطخ کو پانی میں ڈوب کر مرتے دیکھا ہے ؟  یقینا نہیں، کیونکہ قدرت نے بطخوں کو تیرنے اور پانی سے بھیگ کر ووزنی نہ ہونے کی پیدائشی صلاحیت اور تربیت عطا کی ہے۔ لیکن مشہور مصنف جان پارنکی مالل کے مطابق ایک یورپی ملک میں ایک دفعہ ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیاجو حیرت انگیز بھی ہیں اور سبق آموز بھی۔ وہاں اکثر لوگ شوقیہ بطخیں بھی پالتے ہیں اور اُن کے لئے مکانوں میں چھوٹے موٹے تالاب بھی بنواتے ہیں۔ ایک بچی اسکول سے واپسی پر یہ دیکھ کر حیران رہ گئی کہ اُسکی پالتو بطخ تالاب میں ڈوبی مری پڑی ہے۔ وہ یہ سمجھ نہیں پا رہی تھی کہ آیا اسے کسی نے قصداً مار دیا ہے یا وہ خود مر گئی ہے۔ حیوانات کے ڈاکٹر کو بلوایا گیا جس نے تفصیلی معائنہ کے بعد پانی سے تر بتر بطخ کے پروں کو پکڑ کر اُٹھایا، اور کہا، ـ”یہ بطخ اپنی لاپرواہی اور پیشگی تیاری نہ کرنے کے باعث موت کے منہ میں پہنچی ہے”۔

 دراصل بطخوں کو پانی میں اترنے سے پہلے اپنے بالائی پروں پر ایک مخصوص تیل کی تہہ چڑھانی ہوتی ہے۔ اس عمل کو Preening کہا جاتا ہے۔ یہ تیل اُنکی دم کے پاس موجود ایک مخصوص غدودسے نکلتا ہے  جسے Preenin Gland کہتے ہیں۔  بطخیں اپنی چونچ اور سر کی مدد سے یہ تیل پروں کی بالائی سطح پر لگاتی ہیں جو ایک طرح کے واٹر پروف جیکٹ کا کام کرنے لگتے ہیں۔ لہٰذا وہ پانی سے تربتر اور وزنی ہوکر ڈوب نہیں جاتیں۔ مذکورہ بطخ نے تن آسانی اور عجلت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیشگی تیاری کو نظر انداز کیا اور نتیجہ سامنے ہے۔ کیا فطرت میں چھپی اِس حقیقت سے ہمیں کچھ روشنی حاصل ہو سکتی ہے؟

دراصل مخصوص حالات میں اپنی بقا کو بنائے رکھنے کے لئے مخصوص صلاحیتوں، اُنکے استعمال اور پیشگی تیاریوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ حیوانات اور نباتات کو قدرت نے یہ صلاحیتیں اور اُنکے استعمال کی تعلیم پیدائشی طور پر عطا کی ہیں۔ جبکہ اِنسانوں کو ذہن رساء عطا کیا گیا ہے اور اطراف میں درکار وسائل کو پھیلا کر خود سے سمجھنے اور عمل کرنے کی تعلیم دی ہے۔  لہذا عملی زندگی کے تالاب میں اُترنے سے قبل ہمیں بھی پیشگی تیاریوں اور صلاحیتوں سے لیس ہونا ضروری ہوتا ہے تاکہ ہم ڈوبنے نہ پائیں۔

 آج جو ممالک اور قومیں زندگی کے سمندروں پر حاوی اور قابض ہیں انھوں نے ہمیشہ منصوبہ بندی اور پیشگی تیاری کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے۔ سابقہ امریکی صدر ابراہیم لنکن کا کہنا تھا کہ ’’ مجھے ایک درخت کاٹنے کے لئے چھ گھنٹے دیجئے اور میں پہلے چار گھنٹے اپنی کلہاڑی کو تیز کرنے میں صرف کروں گا ‘‘۔  بنجامن فرینکلن کا ایک قول بہت مشہور ہے کہ ’’ تیاری میں ناکامی دراصل ناکامی کی تیاری ہے‘‘۔ مشہور چینی فلسفی اور مبلغ کنفیوشس کے الفاظ میں ’’کامیابی،  پیشگی تیاری پر منحصر ہوتی ہے، اور ایسی تیاری کے بغیر ناکامی یقینی ہے‘‘۔ سین ہیمٹن کے مطابق ’’ کامیابی، عزم اور تیاری کی اولاد ہے‘‘ ۔ نامور نیگرو سائنسداں جارج واشنگٹن کارور کا ماننا تھا کہ ’’سرخروئی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے، زندگی مکمل تیاری کا مطالبہ کرتی ہے‘‘۔

آج ہم جو غوطے پر غوطے کھا رہے ہیں تو اسکی ایک وجہ یہ بھی سمجھ میں آتی ہے کہ یا تو ہم  منصوبہ بندی اور تیاری کی اہمیت کو بھُلا بیٹھے ہیں یا اِس بات کا صحیح تجزیہ ہی نہیں کر پا رہے ہیں کہ فی زمانہ ہمیں کس قسم کی  تیا  ری یا  Preening(صلاحیتوں) کی ضرورت ہے۔ یا پھر تساہلی، پست ہمتی اور خود غرضی کے باعث جانتے بوجھتے خود فراموشی کا رویہ اپنائے ہوئے ہیں۔ معاشرتی، سماجی، اور سیاسی زندگی کے سمندر میں ڈوبنے سے بچنے کے لئے آج ہمیں جس پیشگی تیاری یا Preening Oil کی ضرورت ہے وہ ہے صحیح مذہبی سمجھ بوجھ، اعلیٰ و تکنیکی تعلیم وہ مہارت، بہترین اخلاق و کردار، شائستگی و گفتگو کا سلیقہ، جھنجلاہٹ و جذباتیت سے پرہیز، صبرو استقامت، لگن اور جوش و جذبہ اور مرحلہ وار، مسلسل مشقت و جدوجہدکے لئے آمدگی۔ اِسی پرینینگ آئل کے ذریعہ ہمارے اسلاف نے سمندروں کی قیامت خیزلہروں پر سرفینگ(Surfing) کرتے ہوئے طوفانوں کو شکست دی ہے۔ اور جب جب اور جہاں جہاں اِس عمل سے لاپرواہی برتی گئی وہاں وہاں ہماری حالت مذکورہ بالا بطخ کی سی ہوتی رہی ہے۔

 آئیے ہم نئی بیداری کے ساتھ منصوبہ بندی و تیاری کے خود کوراضی کریں، تاکہ خشکی و تری ہر جگہ ہم پھر سے کامیابیوں کی نئی تاریخ رقم کر سکیں۔ وگرنہ بغیر پرینینگ کے تیراکی اور بغیر تیاری کے سرخروئی کے خواہش مندوں کے بارے میں تو مرزا غالب کے الفاظ میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ:

اِس سادگی پہ کون نہ مرجائے اے خدا

لڑتے ہیں اور ہاتھ میں تلوار بھی نہیں

(مضمون نگار کی رائے سے ادارہ کا متفق ہونا ضروری نہیں ہے )
29؍نومبر2018(ادارہ فکروخبر)

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا