English   /   Kannada   /   Nawayathi

برے اور بھلے وقت میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑے رہیں گے،محمد بن راشد

share with us


دبئی:24؍نومبر2018(فکروخبر/ذرائع)متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور حاکم دبئی الشیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ایک بار پھر سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اچھے اور برے وقت میں امارات سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ عرب اخبار کو دیئے گئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو نشانہ بنانے کی سازشیں بری طرح ناکامی سے دوچار ہوں گی۔ خطے میں امن ، استحکام اور خوشحالی کے لیے سعودی عرب کا کلیدی کردار ہے اور اس کے بغیر خطہ عدم استحکام سے دوچار ہوسکتا ہے۔حاکم دبئی نے کہا کہ دشمنوں کو سعودی عرب کی ترقی اور خوش حالی برداشت نہیں ہو رہی۔ انہیں پوری امید ہے کہ سعودی عرب اپنے اقتصادی ویژن 2030 کے مطابق اپنی ترقی کا سفر جاری رکھے گا اور دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ امارات سعوی ولی عہد کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ مشرق وسطی نیا یورپ بنے گا۔ایک سوال کے جواب میں حاکم دبئی نے کہا کہ "عرب بہار" کی آڑ میں عرب اقوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ تبدیلی کی آڑ میں عرب ملکوں کی مشکلات میں اضافہ کیا گیا۔ بیشتر عرب ممالک کی قیادت نے عرب بہار کی ناکامی سے سبق سیکھ لیا ہے۔ اب عرب ممالک میں اصلاحات کی ہوا چل رہی ہے اور یہی اصل عرب بہار ہے۔امریکا کی ایران پر پابندیوں کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں الشیخ محمد بن راشد نے کہا کہ ہمارے خطے میں کشیدگی نئی بات نہیں۔ یہ چالیس سال سے جاری ہے مگر اس کے باوجود تعمیرو ترقی کا پہیہ بھی چلتا رہا ہے اور ایرانی مداخلت کے باوجود عرب ممالک میں سرمایہ کاری میں کمی نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ امارات ہر طرح کے مقابلے میں شامل ہونے کے لیے تیار ہے۔ امارات متحد اور سیسہ پلائی دیوار ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ سنہ 2004 میں لیبیا کے سابق لیڈر کرنل معمر قذافی نے انہیں ٹیلیفون کر کے طرابلس کو دبئی کی طرح ترقی یافتہ شہر اور افریقی ممالک کا اقتصادی مرکز بنانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا