English   /   Kannada   /   Nawayathi

پاکستان: تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبد الوہابؒ نہیں رہے ،

share with us

لاہور:18؍نومبر2018(فکروخبر/ذرائع) تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب انتقال کر گئے۔حاجی عبدالوہاب گزشتہ ہفتے ڈینگی بخار میں مبتلا ہوئے اور لاہور کے نجی اسپتال میں دوران علاج اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ 

زندگی بھر اسلام کی دعوت دینے والے حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ بعد نماز مغرب پنڈال اجتماع گاہ سندر روڈ رائیونڈ میں ادا کی جائے گی۔

تبلیغ کے داعی حاجی عبدالوہاب کا پورا نام راؤ محمد عبدالوہاب تھا اور 1923 میں دہلی میں پیدا ہوئے، تقسیم ہند کے بعد ٹوپیاں والا بورے والا ضلع وہاڑی منتقل ہوئے۔ 

انہوں نے تعلیم گورنمنٹ اسلامیہ کالج لاہور سے حاصل کی اور بطور تحصیلدار فرائض بھی سرانجام دیے۔

مولانا عبد الوہاب تبلیغی جماعت کے بانی محمد الیاس کاندھلوی کے زمانے سے ہی تبلیغی جماعت سے منسلک ہوئے اور وہ پاکستان کی تبلیغی جماعت کے تیسرے امیر تھے۔حاجی محمد عبدالوہاب نے اپنی پوری زندگی تبلیغ دین اور اس کی اشاعت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

خیال رہے کہ اکتوبر 2014 کو عمان کے تحقیقی ادارے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹیڈیز سینٹر نے دنیا کی 5 سو بااثر ترین مسلمان شخصیات کی فہرست شائع کی تھی جس میں پاکستان کی عالمی سطح پر سب سے بااثر قرار پائی جانے والی شخصیات میں تبلیغی جماعت کے سربراہ حاجی محمد عبدالوہاب کا 10واں نمبر تھا۔

اس کے علاوہ اردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر نے دنیا بھر کی 5 سو با اثر ترین مسلم شخصیات سے متعلق اپنی 2018 کی رپورٹ جاری کی تھی۔

اسلامک اسٹڈیز سینٹر کی شائع ہونے والی رپورٹ 272 صفحات پر مشتمل تھی جس میں اسلامی دنیا کی سب سے بااثر شخصیت الازہر یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر شیخ احمد کو قرار دیا گیا تھا جب اس فہرست میں پاکستان میں تبلیغی جماعت کے سربراہ حاجی محمد عبدالوہاب بھی شامل تھے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا