English   /   Kannada   /   Nawayathi

کانگریس کے صدور گننے کے بجائے رافیل ،بے روزگاری ، اور گئو رکشا کے نام پر جاری جرائم پر بات کریں مودی : چدمبرم،

share with us

نئی دہلی:17؍نومبر2018(فکروخبر/ذرائع)کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس صدور کے سلسلے میں مغز ماری کرنے کے بجائے انہیں اپنے دور اقتدار میں ہونے والے کاموں پر بات کرنی چاہئے۔

چدمبرم نے ہفتہ کے روز ٹویٹ کیا کہ "میں وزیر اعظم مودی کا شکر گزار ہوں کہ انہیں یہ فکر ہے کہ کانگریس صدر کون کون منتخب ہوئے تھے۔ اس پر انہوں نے کافی دیر تک بحث بھی کی ہے ۔ کیا وہ اس سے آدھا وقت دے کر نوٹ بندي، مصنوعات و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی)، رافیل طیارہ سودا ، مرکزی تفتیشی بیورو اور ریزرو بینک کے بارے میں بات کریں گے؟"۔

انہوں نے کہا کہ ’’وزیر اعظم کو یاد دلا دوں کہ 1947 کے بعد سے جو کانگریس صدر بنے ہیں ان میں آچاریہ کرپلانی، پٹابھی سيتارميا، پرشوتم داس ٹنڈن، یو این ڈھیبر، سنجيوا ریڈی، كامراج، نجلنگپا، سی سبرامنیم، جگ جیون رام، شنکر دیال شرما، ڈی کے بارو، برهمانند ریڈی، پی وی نرسمہا راؤ اور سیتارام کیسری شامل ہیں۔‘‘

سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ کانگریس صدور کے بارے میں تو مودی بول رہے ہیں لیکن کیا وہ کسانوں کی خودکشی، بے روزگاری، ہجومی تشدد ، عصمت دری، خواتین اور بچیوں کے خلاف ہونے والے جرائم، گئو رکشا کے نام پر جرائم اور ملک میں بڑھ رہے دہشت گردانہ حملوں کے بارے میں بھی بات کریں گے؟۔

واضح رہے کہ مودی نے چھتیس گڑھ اسمبلی انتخابات کے دوران امبكاپور میں جمعہ کے روز ایک انتخابی ریلی میں الزام لگایا تھا کہ گاندھی خاندان نے صرف کنبہ پروری کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کانگریس کو چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ ' ایک کام کیجیے پانچ سال کے لئے خاندان کے باہر کے کسی کانگریسی کو کانگریس صدر بنا دو، تو میں مان لوں گا کہ نہرو جی کی وجہ سے ہی کوئی عام کانگریسی بھی کانگریس کا صدر بن پایا"۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا