English   /   Kannada   /   Nawayathi

مہنگی دوائیوں کے بوجھ سے پریشان بھٹکلی عوام کے لیے خوشخبری ، سرکاری اسپتال میں کم قیمت پر دوائیاں ہیں دستیاب 

share with us



بھٹکل 15؍ نومبر 2018(فکروخبر نیوز) علاج ومعالجہ انسان کی زندگی کا ایک لازمی جز و ہے اور اس پر انسان جس قدر روپئے خرچ کررہا ہے وہ ظاہر ہے۔ روز بروز علاج مہنگا ہوتا جارہا ہے اور حد تو یہ ہوگئی ہے کہ اس کو کمانے کا ایک ذریعہ بنایا گیا ہے۔ اس پر خرچ ہونے والے روپیوں سے مالدار طبقہ ہی پریشان ہے تو غریب کی پریشانی کے ذکرکی ضرورت نہیں۔ڈاکٹروں کی بل کی ادائیگی کے مقابلہ میں دوائیوں کی خریداری پر سب سے زیادہ روپئے خرچ ہورہے ہیں۔ کمپنیوں نے دوائیاں اس قدر مہنگی بنادی ہیں کہ اس کا خریدنا عام انسان کے بس کی بات نہیں ہے ، اس پر ڈاکٹروں کی جانب سے منتخب کردہ کمپنیاں جلے پر نمک چھڑکنے کا کام کرتی ہیں۔ کیونکہ ڈاکٹروں کو ایک بڑی آمدنی ان ادویات کی کمپنیوں سے ہوتی ہیں جو مریضوں کے لیے منتخب کی جاتی ہے۔ ایک ہی دوائی سو روپئے میں بازار میں دستیاب ہے تو دوسری کمپنی کی وہی دوائی پچاس فیصد زیادہ قیمت کے ساتھ فروخت کی جارہی ہے اور ڈاکٹر وہی دوائی مریض کے لیے چنے گا جس سے اس کو بھی فائدہ حاصل ہو۔اس سے یہ نہیں سمجھا جائے سبھی ڈاکٹر یہی طریقہ اختیار کرتے ہیں بلکہ اب ایک بڑی تعداد ان ڈاکٹروں کی بھی ہے جو مریض کو صحیح مشورہ دیتے ہوئے اس کی آمدنی کے حساب سے دوائیوں کی کمپنیوں کا انتخاب کرتے ہیں ، دوائیوں کی بڑھتی قیمتوں کے درمیان علاج ومعالجہ جس قدر مہنگا ہورہا ہے اس حقیقت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔ اسی وجہ سے دنیا بھر میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ علاج ومعالجہ کے لیے پیسے نہ ہونے کی وجہ سے فوت ہورہے ہیں اور کئی ایک اس کے لیے اپنے گھر بار تک کو فروخت کررہے ہیں۔ ایسے حالات میں بعض وہ لوگ بھی ہیں جو کم قیمتوں میں دوائیاں فروخت کرکے عام آدمی کی ایک بڑی ضرورت پوری کررہے ہیں۔ مرکزی حکومت کی جانب سے کم قیمتوں میں دوائیاں مہیا کرانے کے لیے سرکاری اسپتالوں میں ایسے سینٹرس کھل رہے ہیں جہاں پر کم قیمتوں پر دوائیاں دستیاب ہورہی ہیں ،فکروخبر کی جانب سے کیے گئے سروے میں کئی ایک لوگوں نے اس حقیقت کا اعتراف کرلیا ہے کہ جو دوائیاں وہ ہزاروں روپئے میں خریدا کرتے تھے وہ اب سرکاری اسپتال میں بہت ہی کم قیمت پر دستیاب ہیں جس سے انہیں بڑی راحت ملی ہے۔ ایک اور شخص نے ہمارے نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی کی حکومت کی ہزار اسکیمیں اپنی جگہ لیکن اس اسکیم سے جتنا عوام کو ہورہا ہے اس کی حقیقت سرکاری اسپتال میں دستیاب ان دوائیوں کے خریدار ہی اچھی طرح بتاسکتے ہیں۔ کل ملا کر مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ یہ اسکیم عوام کی ایک بڑی ضرورت پورا کررہی ہے۔ اب بھٹکل میں بھی کم قیمتوں پردستیاب دوائیوں کا یہ سینٹر سرکاری اسپتال میں کھل گیا ہے جہاں سے ایک بڑی تعداد اس سے فائدہ اٹھارہی ہے۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا