English   /   Kannada   /   Nawayathi

مالیگاؤں دھماکہ: گواہان کی تفصیل دینے سے کورٹ کا انکار، سادھوی پرگیہ کو جھٹکا

share with us

ممبئ:15؍نومبر2018(فکروخبر/ذرائع)مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملے کی کلیدی ملزمہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر و دیگر بھگوا ملزمین کی جانب سے سرکاری گواہوں کی تفصیلات طلب کرنے والی عرضداشت کی آج قومی تفتیشی ایجنسی این آئی اے نے شدید مخالفت کی اور عدالت میں دو صفحات پر مشتمل تحریری جواب داخل کرتے ہوئے کہا کہ گواہوں کے ناموں کو قانون کے تحت اور ان کی حفاظت کے مد نظر مخفی رکھا گیا ہے نیز گواہی دینے سے قبل ان کی تفصیلات ملزمین کو بتا دی جائے گی لیکن ابھی جبکہ گواہوں کو گواہی کے لیئے طلب کیا جانا باقی ہے گواہوں کی تفصیلات ملزمین کو نہیں بتا ئی جاسکتی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق قومی تفتیشی ایجنسی کے خصوصی سرکاری وکیل اویناس رسال نے خصوصی این آئی اے جج ونود پڈالکر کو بتایا کہ ملزمین کے خلاف فرد جرم داخل کرنے کے بعد انہیں این آئی اے قانون کی دفعہ 17، یو اے پی اے قانون کی دفعہ 44 اور مکوکا قانون کی دفعہ 19 کے تحت گواہوں کے نام مخفی رکھتے ہوئے ان کے بیانات ملزمین کو دیئے گئے تھے

سرکاری وکیل نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزمین کی درخواست کو مسترد کردینا چاہیے کیونکہ گواہوں کے نام ظاہر کرنے سے مقدمہ پر اثر پڑ سکتا ہے۔ فریقین کی عرضداشتوں کو سماعت کے لیئے قبول کرتے ہوئے عدالت نے فریقین سے اس معاملے پر بحث کرنے کے لیئے 19 نومبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔

آج دوران کارروائی عدالت میں متاثرین کی نمائندگی کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء ہند مہاراشٹر (ارشد مدنی) کے وکلاء ایڈوکیٹ شاہد ندیم، ایڈوکیٹ ابھیشک ودیگر بھی موجود تھے۔ اسی درمیان اطلاع موصول ہوئی کہ کرنل پروہت کی ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف داخل عرضداشت پر پیر کے روز سپریم کورٹ میں سماعت متوقع ہے نیز متاثرین کی جانب سے جمعیۃ علماء ہند نے بھی کرنل پروہت کی عرضداشت کی مخالفت کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ خصوصی این آئی اے عدالت نے 7 ملزمین کے خلاف یو اے پی اے اور دیگر قوانین کی مختلف دفعات کے تحت چارج فریم کردیئے تھے جس کے بعد سے ہی ملزمین ٹرائل شروع نہ ہوسکے اس کے لئے نت نئے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں جس میں کرنل پروہت کا سپریم کورٹ سے رجوع ہونا و دیگر شامل ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا