English   /   Kannada   /   Nawayathi

جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں عظیم الشان قرأت مظاہرہ کا انعقاد ، مصر کے قاری عبدالناصر حرک کی مسحور کن آواز سے جامعہ گونج اٹھا

share with us

قرأت مظاہروں سے عوام کو قرآن مجید کو تجوید ومخارج کے ساتھ پڑھنے او راس کے معانی ومفاہیم پر غوروفکر کی دعوت دینا ہے : مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد ندوی 

بھٹکل 11؍ نومبر 2018(فکروخبرنیوز) جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں کل رات اپنی نوعیت کا منفرد اور تاریخ ساز قرأت مظاہرہ کا انعقاد کیا گیا جس میں مصر کے مشہور قاری او رملک االمقامات قاری عبدالناصر سعد حرک نے اپنی مسحور کن آواز سے سامعین کو محظوظ کیا۔

قاری صاحب نے جیسے ہی قرأت شروع کی ، اللہ اکبر او رسبحان اللہ کی صدائیں بلند ہوئیں اور حاضرین قاری صاحب کو داد تحسین دئیے بغیر نہیں رہ سکے ۔ ان کو دیکھنے اور سنننے کے لیے شہر کے ساتھ ساتھ آس پاس کے علاقوں کی بڑی تعداد امڈ پڑی ۔ آس پاس کے شہروں میں کمٹہ ، ہوناور ، منکی ، مرڈیشور ، شیرور ، بیندور گنگولی اورکنداپور سے بھی لوگوں کی ایک بڑی تعداد پروگرام میں پہنچی۔ جامعہ نے اس سے پہلے بڑے بڑے تاریخ ساز پروگرام دیکھے ہیں لیکن اتنی کم مدت میں اعلان شدہ اس پروگرام میں جتنی تعداد میں حاضرین موجود تھے اس پر خود جامعہ کے ذمہ داروں نے اپنی حیرت کا اظہار کیا او ربے ساختہ ان کی زبان سے شکریہ کے کلمات جاری ہوئے۔

اس موقع پر مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے یہ پیغام دیتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کوتجوید ومخارج کے ساتھ پڑھنے کا قرآن وحدیث میں حکم دیا گیا اور اس کو عام کرنے کے لیے مدارس اسلامیہ کی بڑی خدمات رہی ہیں ۔ وقتاً فوقتاً قرأت مظاہرہ اور مقابلہ انعقاد کرکے مدارس اسلامیہ عوام کو اس بات کی طرف ان کی توجہ مبذول کرانے کی کوشش کرتی ہے کہ قرآن کریم سے ہمارے لگاؤ اورمحبت میں اضافہ ہونا چاہیے اور اس کے معانی اور مفاہیم کو سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح قرآن مجید کا پڑھنا ثواب ہے اسی طرح قرآن مجید کا سننا بھی ثواب ہے اور یہاں پر جتنی آیتیں پڑھی جائیں گی ان کا ثواب ہمیں پورا پورا پہنچتا رہے گا۔ مہتمم جامعہ نے اس موقع پر بانیانِ جامعہ کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں بھی خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا یہ سب ان ہی کی محنتیں اور کاوشیں ہے ، یہاں پر جس طرح کی بھی خدمات دی جائیں گی ان میں ان کا بھی پورا پورا حصہ رہے گا۔

پروگرام میں میں حافظ قاری حماد پلور اور حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے اور ترکی میں منعقدہ عالمی مسابقہ میں اول مقام حاصل کرنے والے قاری شعیب حیدرآبادی کے ساتھ جامعہ کے طلباء میں محمد اصغر صدیقی ، عبداللہ رازی اور جامعہ کے سابق طالب علم اور ایران میں منعقدہ عالمی مسابقہ میں شرکت کرنے والے بھٹکل کے نابینا حافظ محمد انیس بڈو نے بھی اپنی مسحور کن آواز سے قرأت کا مظاہرہ کیا ۔ 
مولانا محمد اقبال نائطے ندوی نے نظامت کی ذمہ داری نبھائی اور مصر اوروہاں کے سرزمین کے بارے میں حاضرین کو معلومات فراہم کیں ، طلباء میں نظامت کے فرائض ابوالحسن ابن مولانا سید ہاشم نظام ندوی ، عبداللہ ابن عبدالسمیع آرمار ،شہباز کڑپاڑی نے بحسنِ خوبی انجام دئیے۔ مولانا سمعان صاحب خلیفہ ندوی نے مہمانوں کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ قاری عبدالناصر سعد حرک دنیا کے مشہور قاریو ں میں ان کا شمار ہوتا ہے - ڈیڑھ سو سے زائد ممالک کا انہوں نے دورہ کیا ہے اور مصر کے حکومتی سطح کے مجالس میں بھی یہ شرکت کرتے ہیں۔ اور فن قرأت میں اعلیٰ درجہ کا لقب ملک المقامات بھی انہیں نوازا گیا ہے۔ اس موقع پر ناظم جامعہ اسلامیہ بھٹکل محترم جناب ماسٹر شفیع صاحب شاہ بندری کے ہاتھوں قاری صاحب اور ان کے ساتھ تشریف لانے والے قاری صاحب کے بھائی کی بھی شال پوشی کے ذریعہ عزت افزائی کی گئی ۔ دعائیہ کلمات پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا