English   /   Kannada   /   Nawayathi

اب یوگی نے بدلا فیض آباد کا نام ، اکھلیش کا طنز ،کہیں ہمارے نام ہی نہ بدل دیں یوگی‘

share with us

لکھنو:06؍نومبر2018(فکروخبر/ ذرائع)یوگی حکومت نے تاریخی مقامات کے نام تبدیل کرنے کے سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے آج یہ اعلان کیا کہ اب فیض آباد ضلع کا نام ایودھیا ہوگا۔ واضح رہے کہ ایودھیا ایک قصبہ ہے جو فیض آباد ضلع میں آتا ہے لیکن یوگی نے اعلان کیا ہے کہ پورے ضلع کو ہی اب ایودھیا نام سے جانا جائے گا۔

یوگی آدیہ ناتھ نے کہا، ’’ایودھیا ہماری آن، بان، اور شان کی علامت ہے۔ ایودھیا کی پہچان بھگوان رام سے ہے۔ آج سے ضلع (فیض آباد) کا نام بھی ایودھیا ہوگا۔‘‘

یوگی نے دیوالی سے ایک روز قبل ایک تقریب کے دوران فیض آباد ضلع کا نام بدلنے کا اعلان کیا۔ یوگی نے کہا کہ ایودھیا کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں کر سکتا ہے۔

اس دوران یوگی آدتیہ ناتھ نے نام تبدیل کرنے پر صفائی بھی پیش کی۔ انہوں نے کہا ’’نام کی بہت زیادہ اہمیت ہوتی ہے۔ اس ملک میں سب سے زیادہ نام رام سے جڑتے ہیں۔ دلت سماج میں سب سے زیادہ نام کوئی جڑا ہے تو رام جڑا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’نام ہمیں اپنی روایات سے جوڑتا ہے اس لئے الہ آباد کا نام ہم نے پریاگ راج رکھا۔‘‘

وہیں سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اور اترپردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے یوگی حکومت پر طنز کستے ہوئے کہا کہ جس طرح سے یہ حکومت ایک کے بعد ایک اداروں کے نام تبدیل کرنے میں مشغول ہیں اسے دیکھتے ہوئے لوگ اب اس بات سے خائف ہیں کہ کہیں حکومت ان کے نام بدلنا شروع نہ کر دے۔

دیوالی کے موقع پر اپنے آبائی گاؤں سیفئی پہنچے  اکھلیش یادو نے ایک خصوصی ملاقات میں یواین آئی کو بتایا کہ ان کے سامنے کئی لوگوں نے اس بات کی شکایت کی ہے کہ جس ڈھنگ سے ریاست کی یوگی حکومت ایک کے بعد ایک اداروں کے نام بدلنے میں مشغول ہے۔ لوگوں کو ڈر ستانے لگا ہے کہ یوگی حکومت ان کے بھی نام بدل سکتی ہے، لوگوں کی یہ باتیں سن کر وہ خود بھی حیرت زدہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوگی حکومت نے حال ہی میں ایک تاریخی اہمیت کے حامل الہ آباد شہر کے علاوہ لکھنؤ میں بنائے گئے اکانا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کا نام بدلے جانے کے بعد سے لوگوں کی جانب سے اس طرح کے سوالات اٹھنے شروع ہوگئے ہیں، الہ آباد کا نام بدل کر پریاگ راج کیا گیا، تولکھنؤ میں بنائے گئے اکانا انٹرنیشنل اسٹیڈیم کا نام بدل کر سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے نام پر رکھ دیا گیا ہے۔ یہی سب دیکھ کر لوگ ایسا بول رہے ہیں۔ کہیں یوگی حکومت لوگوں کے نام ہی تبدیل کرنا نہ شروع کر دے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا