English   /   Kannada   /   Nawayathi

سی بی ائی معاملہ میں سی وی سی کا کردارمشکوک :کانگریس

share with us

نئی دہلی:28؍اکتوبر2018(فکروخبر/ذرائع)دہلی کے کانگریس صدر دفتر میں پارٹی کے سینئر لیڈروں اشوک گہلوت، شکتی سنگھ گوہل اور رندیپ سرجے والا نے پریس کانفرنس کر سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما کو ہٹائے جانے کے پورے واقعہ کا انکشاف کیا ہے۔ کانگریس نے اسے مودی حکومت اور سی وی سی کے ذریعہ تیار کردہ سازش قرار دیا ہے۔

کانگریس نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت، پی ایم او، محکمہ پرسونل، سی وی سی کے ذریعہ نصف رات کو سی بی آئی کے ڈائریکٹر کو ہٹانے کی سازش کی تہیں کھل گئی ہیں۔ سی بی آئی سربراہ کو چھٹی پر بھیجے جانے کے پیچھے ایک ہی وجہ تھی اور وہ یہ کہ 24 اکتوبر کی صبح ایک شکایت کی بنیاد پر رافیل بدعنوانی سے متعلق ایف آئی آر درج ہونے والی تھی۔ کانگریس نے مزید بتایا کہ ’’سی وی سی کے سربراہ کے وی چودھری کو 23 اکتوبر کو سرکاری دورہ پر ڈنمارک جانا تھا جس کی منظوری پی ایم او سے ملی ہوئی تھی، لیکن اچانک یہ دورہ رَد کر دیا گیا۔‘‘

کانگریس نے اس سلسلے میں تفصیل سے بتایا کہ ’’تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے جب دہلی پولس سی بی آئی صدر دفتر پر قبضہ کرنے جاتی ہے تو سی آئی ایس ایف کے روکنے پر پولس کمشنر سی آئی ایس ایف سربراہ سے بات کرتے ہیں اور اوپر سے فون آنے کے بعد دہلی پولس سی بی آئی صدر دفتر پر قبضہ کر لیتی ہے۔ محکمہ پرسونل کے سکریٹری رات کے ایک بجے تک اپنے دفتر میں انتظار کر رہے ہوتے ہیں اور حکم آتے ہی وہ وزیر اعظم دفتر جاتے ہیں، وہاں میٹنگ ہوتی ہے اور راتوں رات پرانے سی بی آئی ڈائریکٹر کو ہٹانے کا حکم جاری ہوجاتا ہے۔‘‘

کانگریس نے اس پورے معاملے میں سی وی سی کے کردار پر سوال کھڑا کیا ہے۔ پارٹی نے پوچھا کہ سی وی سی نے قانون کا غلط استعمال کیوں کیا اور آدھی رات کو کی گئی اس کارروائی میں حکومت کی مدد کیوں کی؟ کیا سی وی سی نے جان بوجھ کر حکومت کے ذریعہ اپنا غلط استعمال ہونے دیا؟ کانگریس نے یہ بھی سوال کیا کہ سی وی سی کو اپنا غیر ملکی دورہ رَد کرنے کی ایسی بھی کیا جلد بازی تھی؟

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا