English   /   Kannada   /   Nawayathi

جموں :تعلیمی اداروں میں گیتا اور رامائن رکھنے کے گورنر انتظامیہ کے فرمان پر شدید تنقید کا سامنا،حکم نامہ واپس لینے کو مجبور ہوئی انتظامیہ

share with us

سرینگر:23؍اکتوبر2018(فکروخبر/ذرائع) جموں وکشمیر میں گورنر انتظامیہ نے ہندو مذہب کی دو مقدس کتابوں ’بھگوت گیتا‘ اور ’رامائن‘ سے متعلق اپنا وہ حکم نامہ اجرائی کے محض 18 گھنٹے بعد ہی واپس لے لیا ہے۔ حکم نامہ کے تحت اسکولوں، کالجوں اور پبلک لائبریریوں سے کہا گیا تھا کہ وہ ہندو مذہب کی ان دو نوں مقدس کتابوں کی اردو ترجمہ والی کاپیاں وافر تعداد میں خریدیں۔

سرکاری ترجمان کے مطابق حکم نامے کو ریاستی چیف سکریٹری بی وی آر سبھرامینم کی ہدایت پر واپس لیا گیا ہے۔ جموں وکشمیر پولس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ٹویٹ میں بھی کہا گیا ہے کہ ’کچھ مذہبی کتابوں کو متعارف کرانے سے متعلق محکمہ تعلیم کے سرکولر کو چیف سکریٹری کے حکم پر واپس لے لیا گیا ‘۔

کشمیر کے ایک سینئر صحافی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس حکم نامے سے تنازعہ اور ممکنہ لاء اینڈ آڈر کی صورتحال پیدا ہوسکتی تھی۔ انہوں نے لکھا ’سبق سیکھ لیا گیا۔ اُس حکم نامے کو واپس لیا گیا جس سے تنازعہ اور ممکنہ لاء اینڈ آڈر کی صورتحال پیداہونے کا امکان تھا۔ ایسے حکم نامے جاری کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جانی چاہیے۔ کشمیر کی صورتحال پہلے سے ہی غیرمستحکم ہے، اس کے چلتے احتیاط برتنا چاہیے‘۔

واضح رہے، مسلم اکثریتی ریاست میں گورنر انتظامیہ نے پیر کے روز ایک حکم نامے میں اسکولوں، کالجوں اور پبلک لائبریریوں سے کہا تھا کہ وہ ہندو مذہب کی دو مقدس کتابیں ’بھگوت گیتا‘ اور ’رامائن‘ کی اردو ترجمہ والی کاپیاں وافر تعداد میں خریدیں۔ تاہم انتظامیہ کا یہ حکم نامہ شدید تنقید کی زد میں آگیا تھا۔

وئٹر پر ایک صارف تنویر احمد نے لکھا، ’’ٹھیک ہے، لیکن صرف گیتا اور رامائن ہی کیوں! جموں و کشمیر کے اسکولوں میں قرآن شریف، بائبل اور گرنتھ صاحب سمیت تمام مقدس کتابیں پڑھائی جانی چاہئیں، تاکہ دوسرے مذاہب سے وابستہ اساتذہ اور طلبا بھی انہیں پڑھ سکیں۔‘‘

متذکرہ مکتوب یا حکم نامے کے مطابق یہ فیصلہ 4 اکتوبر کو ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کے مشیر بی بی ویاس کی صدارت میں ہونے والی ایک میٹنگ میں لیا گیا تھا۔ سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے حکم نامے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ صرف بھگوت گیتا اور رامائن ہی کیوں؟ انہوں نے حکم نامے کی کاپی ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا تھا ’صرف گیتا اور رامائن ہی کیوں؟ اگر اسکولوں ، کالجوں اور سرکاری لائبریریوں میں مذہبی کتابیں دستیاب بنانے کی ضرورت ہے، تو پھر ایک مخصوص مذہب کی کتابیں ہی کیوں؟ باقی مذاہب کو کیونکر نظرانداز کیا گیا ہے؟ (میرا ماننا ہے کہ اسکولوں، کالجوں اور سرکاری لائبریریوں میں مقدس مذہبی کتابوں کو دستیاب بنانا ضروری نہیں ہے)‘۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا