English   /   Kannada   /   Nawayathi

مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کی جانب سے منعقدہ پانچ روزہ میڈیا ورکشاپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ، طلباء کو اسناد سے نوازا گیا 

share with us

بھٹکل 18؍ اکتوبر 2018(فکروخبر نیوز) مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کی جانب سے خصوصاً نوجوانوں کو صحافتی رہنمائی کے لیے منعقدہ پانچ روزہ میڈیا ورکشاپ پوری کامیابی کے ساتھ کل رات اپنے اختتام کو پہنچا۔ اختتامی نشست بعد عشاء ساڑھے آٹھ بجے المدینہ ہال بندرروڈ سیکنڈ کراس میں منعقد کی گئی جس میں پانچ روزہ ورکشاپ سے استفادہ حاصل کرنے والے طلباء کے ساتھ ساتھ صحافت کے موضوع سے دلچسپی رکھنے والے حضرات نے بھی شرکت کی۔ پروگرا م میں ملک کے کئی سینئر صحافیوں میں شرکت کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا جن میں میڈیا مشیر سابق وزیر اعلیٰ کرناٹک سدارامیا دنیش امین مٹو ، مینیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست ظہیر علی خان ، سابق بیورو چیف گلف نیوز قمر حسن ، ایڈیٹر وارتا بھارتی عبدالسلام پتگے ،، امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی اور دیگر مہمانان قابلِ ہیں۔ مہمانوں نے اپنے خطابات میں موجودہ دور میں میڈیا کی اہمیت وضرورت پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس میدان میں آگے بڑھنے پر زوردیا اور ایک اچھے صحافی بن کر قوم ملت کوحقائق سے آگاہ کرنے کی کوشش کرنے اور قوم کی صحیح رہنمائی کرنے کی بات کہی۔ جلسہ کا آغاز حافظ ابوبکر عکاشہ ابن مولوی عزیز الرحمن رکن الدین ندوی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ حمد حسن ابن عبدالقیوم سدی باپا نے پیش کی۔ تنظیم کا تعارف اور مہمانوں کی خدمت میں استقبالیہ کلمات تنظیم کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری نے پیش کیے۔ ورکشاپ کی تفصیلی رپورٹ تنظیم میڈیا واچ کمیٹی کے کنوینر آفتاب حسین کولا نے پیش کی ۔ اس ورکشاپ سے استفادہ حاصل کرنے والے کئی طلباء نے اپنے خیالات کا اظہار کے دوران تنظیم کا بے حد شکریہ ادا کیا اور وقتاً فوقتاً اس طرح کے ورکشاپ منعقد کرنے کی رائے بھی ذمہ داروں کے سامنے رکھی۔ حاضرین کو پروجیکٹر کے ذریعہ ورکشاپ کی چند اہم جھلکیاں بھی دکھائیں گئیں ۔ نظامت کے فرائض رفیق فکروخبر مولانا عبدالنور عبدالباری فکردے ندوی ، احمد دامودی ، مولانا سید محمد یاسر برماور ندوی نے بحسنِ خوبی انجام دئیے۔مہمانوں کا شکریہ شاہ بندری عنایت اللہ صاحب نے ادا کیا۔ مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی کی دعائیہ کلمات پر یہ ورکشاپ اپنے اختتام کو پہنچا ۔ 

کثرتِ مطالعہ کے بغیر اچھا صحافی بننا ناممکن : دنیش امین مٹو 

سابق وزیر اعلیٰ کرناٹک کے میڈیا مشیر دنیش امین مٹو نے اپنی تجربات کی روشنی میں اہم باتوں پر کی طرف عوام کی توجہ مبذول کرانے کی کوشش کی ۔ انہوں نے کہا کہ اچھا صحافی بننے کے لیے اخباروں کا کثرت سے مطالعہ کرنا چاہیے۔ کثرتِ مطالعہ کے بغیر اچھا صحافی بننا ناممکن۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا اب انڈسٹری بن چکا ہے اور تمام لوگ اپنے پروڈیکٹ کی فکر میں لگے ہوئے ہیں۔ اصل حقیقت سے عوام کو روشناس کرانے کی کسی کو فکر نہیں ہے۔ مزید کہا کہ صحافتی میدان میں آگے بڑھنے کے لیے اسلاف کی کتابوں کا مطالعہ بھی ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ملک کے موجودہ حالات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ 

 

مسلمانوں کو اتحاد واتفاق قائم کرتے ہوئے مصلحت کے ساتھ آگے بڑھنا ہے : جناب ظہیر الدین خان 

روزنامہ سیاست کے مینیجنگ ایڈیٹر جناب ظہیر الدین خان نے آنے والے لوک سبھا انتخابات کے لیے مسلمان ، دلت اور او بی سی کو متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی جمہوریت بچانے کے لیے ہم سب کو ایک ہونا ہے۔ ملک میں نفرت کی فضا عام کی جارہی ہے ، بیس پچیس سال اتفاق واتحاد سے سے گذاریں تو ہماری آنے والی نسل چین وسکون کے ساتھ زندگی گذارے گی اور اقتدار بھی آسانی کے ساتھ ہمارے ہاتھ میں آئے گا۔ موصوف نے مسلمانوں کو مصلحت سے کام کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ہم کوئی بھی ایسا کام نہ کریں جس سے فرقہ پرست طاقتیں ہماری مخالفت میں اتر جاتی ہیں اور ایک چھوٹے سے واقعہ کو لے کر ایسے ایسے پرپیگنڈہ کررہی ہیں کہ آپ تصور بھی نہیں کرسکتے۔ کئی سال پرانا ویڈیو جس میں جذباتی ہوکر کسی نے کچھ کہا تھا لیکن وہی ویڈیو ہمارے خلاف ماحول بنانے کے لیے آج استعمال کیا جارہا ہے۔ 

 

اسلامی نقطۂ نظر سے ہمیں صحافت کا استعمال کا کرنا چاہیے : مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی 

امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے اپنے پر جوش خطاب میں اسلام میں میڈیا کی اہمیت پر خطاب کیا ۔ مولانا موصوف نے کہا کہ میڈیا کی قیادت اچھے لوگوں کی ہاتھوں میں آئے گی تو اس سے اچھائیاں وجود میں آئیں گی اور برے لوگوں کی قیادت میں میڈیا آگیا تو اس سے برائیاں وجود میں آئیں گی۔ ہم مسلمان ہونے کی حیثیت سے اسے شریعت کی روشنی میں آگے بڑھانا ہے۔ ہماری کسی خبر سے کوئی غلط پیغام جاتا ہے اس کا وبال ہم پر ہوگا۔ خبر کے ساتھ ہم صحیح تجزیہ بھی پیش کریں۔ لوگوں کی صحیح پیغام دینا اور ان کی صحیح خطوط پر ذہن سازی کرنا او ران کے عزم وحوصلہ کو آگے بڑھانا میڈیا کی ذمہ داری ہے۔ اس میدان میں آگے بڑھنے والے طلباء کو ہمیشہ اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ ہم اس کو اسلامی نقطۂ نظر سے دیکھیں کیونکہ ہم لوگ آج دیکھ رہے ہیں اس پیشہ سے جڑے افراد جو مسلمان شمار کیے جاتے ہیں لیکن ان کی خبریں اور ان کے تجزئیے انہی لوگوں کی جانب سے حاصل کردہ ہوتے ہیں جن کا اس پر کنٹرول ہے۔ ، اس سلسلہ میں امانت او رعدل وانصاف کا بھی پاس ولحاظ رکھنا ضروری ہے۔

 

میڈیا ہاؤس ہماری ملکیت میں ہونے چاہیے : عبدالسلام پتگے 

ریاست کرناٹکا کامشہور کنڑا اخبار وارتا بھارتی کے ایڈیٹر جناب عبدالسلام پتگے صاحب نے کہا کہ صحافتی میدان میں ہمیشہ ہم یہ رونا روتے ہیں کہ اس کے ذریعہ سے اسلام کی تصویر مسخ کرکے پیش کی جاتی ہے۔ ہمیں ہمیشہ اس پر توجہ دینے کے بجائے میڈیا ہاؤس بنانے کے لیے کوششیں کرنی چاہیے۔ جس طرح مساجد اور مدارس کی تعمیر کرنا دین کاکام ہے اسی طرح صحافتی میدان میں آگے بڑھنا بھی دین کا کام ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کی ہمیشہ مذمت کی جاتی ہے۔ ہمیں اس میدان میں آگے بڑھنے کے لیے بڑے بڑے میڈیا سینٹر قائم کرنے ہوں گے اور اچھے صحافی ہمارے پاس موجود ہوں جو اپنی بات منانے کی صلاحیت رکھتے ہوں اور اس کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر بیداری لانے کا کام ہم کریں ۔ 

 

میڈیا کے میدان میں تنقیدبرداشت کرنے کی صلاحیت ہونی چاہیے : جناب قمر حسن صاحب 

سابق بیورو چیف گلف نیوزے جناب قمر حسن صاحب نے کہا کہ میڈیا کے میدان میں تنقید برداشت کرنے کی صلاحیت ہمارے اندر موجود ہونی چاہیے اور سچائی کا علمبردار ہمیں بننا ہے۔ کیونکہ اکثر یہ دیکھا جاتا ہے کہ جو بھی سچائی کو سامنے لانے کی کوشش کرتا ہے وہ اس کی ہمیشہ مذمت کی جاتی ہے اور اس پر تنقید کرنے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا جاتا۔ انہوں نے بھٹکل کے نوجوانوں کی کئی ایک خوبیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ لڑکے سنجیدگی کے ساتھ صحافتی میدان میں آگے بڑھیں تو کم وقت میں بہت بڑا کام ہوسکتا ہے۔ 
 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا