English   /   Kannada   /   Nawayathi

امریکا نے ایران کی اہم پیراملٹری فورس پر پابندی عائد کر دی 

share with us

واشنگٹن:17؍اکتوبر2018(فکروخبر/ذرائع)امریکی محکمہ خزانہ نے ایران پر معاشی دباؤ بڑھانے کی مہم کے سلسلے میں پاسداران انقلاب کور (آئی آر جی سی) سے جڑی اہم پیراملٹری فورس سمیت اس کو فنڈنگ کرنے والے ایک کاروباری نیٹ ورک پر پابندی عائد کر دی۔سیکرٹری امریکی محکمہ خزانہ اسٹیون منوچن نے ایک بیان میں کہا کہ 20 مختلف کاروبار پر مشتمل نیٹ ورک بنیاد تعاون بسیج، آئی آر جی سی کا اہم حصہ بسیج ریزسٹنٹ فورس کو فنڈنگ کررہا تھا،یہ فورس بشارالاسد کی حکومت سے تعاون کیلئے بچوں کی فوج شام بھیج رہی ہے،عالمی برادری کو ضرور سمجھنا چاہیے کہ بنیاد تعاون بسیج نیٹ ورک اور آئی آر جی سی کی کمپنیوں کا کاروبار عالمی طور پر واقعی انسانی خطرہ ہے۔امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق ایران کی پیراملٹری فورس بسیج کی بنیاد 1979 کے انقلاب کے فوری بعد رکھی گئی تھی جو ایرانی حکومت کی اولین اندرونی سیکیورٹی فورس میں سے ایک ہے جس کی شاخیں ایران کے ہرصوبے اور شہر میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ فورس ایران میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطرناک کارروائیوں میں ملوث ہے اور بسیج ایرانی بچوں سمیت فائٹرز کی تربیت کرتی ہے ،جنہیں بعد میں بشارالاسد حکومت کے تعاون کیلئے شام بھیج دیا جاتا ہے۔امریکی محکمہ خزانہ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملیشیا نے ایران میں موجود افغان مہاجرین کو جبری طور پر تربیت دی جن میں سے چند یورپ بھاگ گئے اور اسی طرح پاکستانی شہریوں کی بھی تربیت کی گئی۔امریکی محکمہ سیکرٹری خزانہ نے کہا کہ بسیج کی جانب سے تیار کیے گئے بچے بدقسمتی سے شام میں میدان جنگ میں لڑتے رہے اور مارے گئے،بسیج کے حوالے سے کہا گیا کہ وہ بسیج ملیشیا کو چھوٹی کمپنیوں کے ذریعے سوشل ویلفیئر سروس سمیت رہائش، مالی تعاون اور دیگر معاشی سرگرمیوں میں تعاون کر رہا ہے۔محکمہ خزانہ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ‘بنیاد تعاون بسیج نے مالی اور مہر اقتصاد بینک میں سرمایہ کاری کے ذریعے کئی سرمایہ کار کمپنیوں کی بنیاد رکھتے ہوئے ایرانی معیشت میں اپنی حیثیت کو بڑھا دی ہے’۔دیگر کمپنیوں میں ایران ٹریکٹر مینوفیکچرنگ کمپنی (آئی ٹی ایم سی) بھی شامل ہے جو مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں ٹریکٹر بنانے والی سب سے بڑی کمپنی ہے اور یہ بسیج کی نمائندہ کمپنی کے تحت لاکھوں ڈالر منافع کمارہی ہے۔امریکا کی جانب سے ایران کی زنک مائنز ڈیولپمنٹ کمپنی کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے اور اس کو ‘زنک اور معدنیات کے میدان میں لاکھوں ڈالر کمانے والی ملک کی ممتاز کمپنی قرار دیا گیا ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا