English   /   Kannada   /   Nawayathi

فکری ارتداد تیزی کے ساتھ ہمارے گھروں کو اپنے لپیٹ میں لے رہا ہے علماء اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے آگے آجائیں 

share with us

مولانا بلال عبدالحئ حسنی ندوی کا علماء بھٹکل سے ولولہ انگیز خطاب 

بھٹکل 15؍ اکتوبر 2018(فکروخبر نیوز ) ملک کے حالات روز روز بگڑتے جارہے ہیں۔ امت مسلمہ دین سے دور ہورہی ہے۔ ہم نے تہذیبی ارتداد کے بارے میں سنا تھا اب اپنی آنکھوں سے اعتقادی ارتدا د دیکھ رہے ہیں ، مجددین ومصلحین کی جانب سے جو کوششیں کی گئیں وہ کرکے چلے گئے ۔ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے فرضِ منصبی کو ادا کرنے کے لیے اپنے ارادے مضبوط کرلیں۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند پیامِ انسانیت فورم کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا بلال عبدالحئ حسنی ندوی نے کیا۔ مولانا موصوف آج بعد نمازِ عصر مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی میں علماء اور عمائدین کے مجمع سے خطاب کررہے تھے۔ مولانا نے اپنے فرضِ منصبی کی ادائیگی کے لیے اقدام کرنے اور پیاسی امت کو سیراب کرنے کے لیے آگے بڑھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کتنے ہی خاندان ارتداد کے دہانے پر ہے اور کتنے خاندان اس کے شکار ہوگئے ہیں اس کے ذمہ دار کوئی اور نہیں بلکہ ہم ہیں۔ ہم نے صحیح طرح سے اپنا فرضِ منصبی ادا نہیں کیا اس وجہ سے یہ حالات پیدا ہوگئے۔ ہم اپنا محاسبہ کریں کہ ہم اس کے لیے کتنی کوششیں کررہے ہیں اور کتنا وقت ہمار ا اس کام کے لیے صرف ہورہا ہے جبکہ کئی ایک تنظیمیں اپنے ادیان میں انہیں داخل کرنے کے لیے سالوں سے کوششیں کررہی ہیں ۔ ہمیں اپنی محنت کے دائرے کو وسعت دیتے ہوئے اسلاف کے طریقۂ کار پر محنت کرنے کی ضرورت ہے ،مولانا نے محنت کی ترتیب بیان کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے اپنی ذات پر محنت ہونی چاہیے ، اس کے بعد اپنوں پر محنت اور پھر اس کے بعد نمبر آتا ہے غیروں پر محنت کا ۔ آج ہم کس ڈگر پر کھڑے ہیں یہ اس سے ہر ایک واقف ہے۔ اپنی ذات پر محنت سب سے پہلے ضروری اس وجہ سے ہے کہ ہم دوسروں پر محنت کرنے کے قابل ہوجائیں۔ پہلے مرحلہ سے نہ گذرنے پر ہمارا دوسرے مرحلہ کی دعوت دینا کوئی فائدہ نہیں دے گا۔ ہمیں یہ تینوں میدان لازمی اور ضروری ہیں لیکن سب سے پہلے اپنی ذات پر محنت ہونی چاہیے ۔ مولانا نے حضرت مولانا سید ابو الحسن علی ندوی رحمۃ اللہ علیہ اور مولانا سید احمد شہید رحمۃ اللہ کے واقعات بیان کرتے ہوئے دین کے پیغام کو عام کرنے کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے کی نصیحت کی ۔ اس سے قبل تمہیدی طور پر گفتگو کرتے ہوئے بانی وجنرل سکریٹری مولانا ابوالحسن ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل مولانا محمد الیاس ندوی نے کہا کہ ہم پہلے فکری ارتداد کے بارے میں صرف اپنے بزرگوں سے سنا کرتے تھے اور حضرت مولانا علی میاں ندوی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی بصیرت کی نگاہ سے اس کو دیکھ لیا تھا اب ہم بصارت کی آنکھ سے اس کو دیکھ رہے ہیں۔ جس تیزی کے ساتھ یہ ارتداد ہماری نسلوں کو تباہ کررہا ہے اس کے واقعات ہمارے سامنے ہیں۔ ملک کے تقریباً ہر شہروں سے ارتداد کی خبریں آرہی ہیں او رفکری ارتداد اب ہمارے گھر وں میں گھس چکا ہے ان حالات میں ہمیں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے آگے آنے کی ضرورت ہے۔ مولانا جلد ہی مولانا بلا ل صاحب کے خطاب کے روشنی میں علماء کی خصوصی نشست بلانے کا بھی اعلان کیا ۔ پروگرام کا آغاز اصغر ابن مولانا اسامہ صدیقی ندوی کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا اور قاضی جماعت المسلمین بھٹکل محترم مولانا محمد اقبال ملا صاحب ندوی کی دعائیہ کلمات پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا