English   /   Kannada   /   Nawayathi

بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کی طبیعت ناساز،جیل سے اسپتال منتقل

share with us


ڈھاکہ :07؍اکتوبر2018(فکروخبر/ذرائع)بنگلادیش کی سابق وزیراعظم اور اپوزیشن جماعت بنگلا دیش نیشنل پارٹی کی رہنما خالدہ ضیا کی طبیعت ناساز ہونے پر جیل سے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق 73سالہ خالدہ ضیا کو بنگادندہو شیخ میڈیکل یونیورسٹی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ان کے اسپتال منتقلی کی ڈائریکٹر کلینک بریگیڈیئر جنرل عبداللہ الہارون نے تصدیق کی اور کہا کہ انہیں طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔کچھ روز قبل خالدہ ضیا کے وکیل کی جانب سے ہائی کورٹ میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ حکومت ان کی صحت کے لیے خصوصی اقدامات نہ اٹھا کر ان کی صحت کو خطرے میں ڈال رہی ہے، جس کے بعد عدالت نے اپوزیشن لیڈر کو اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔گزشتہ ماہ بد عنوانی کے مزید الزامات کا سامنا کرنے والی خالدہ ضیا نے عدالت کو بتایا تھا کہ وہ بہت زیادہ بیمار ہیں اور ان کے ہاتھ اور پاوں مفلوج ہورہے ہیں۔اپوزیشن لیڈر کے وکیل زین العابدین نے رواں ہفتے بتایا تھا کہ خالدہ ضیا کو غیر سرکاری ہسپتال کے علاوہ اپنی مرضی کا ڈاکٹر منتخب کرسکیں گی۔واضح رہے کہ خالدہ ضیا کو رواں سال فروری میں 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، جس کے بعد ان کی پارٹی بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی کے ہزاروں کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔رپورٹ کے مطابق خالدہ ضیا کی قانونی ٹیم کے رکن لورڈ ایلکس کارلیل کیو سی نے بتایا کہ ان کی سزا کے پیچھے 'سیاسی مقاصد ہیں، جس کا مقصد انہیں دسمبر میں ہونے والے انتخابات سے دور رکھنا ہے۔خیال رہے کہ خالدہ ضیا نے قید کے دوران مذکورہ فیصلے کے خلاف اپیل دائر کررکھی ہے جو ان کو الیکشن میں حصہ لینے سے روک رہی ہے، اس کے علاوہ ان پر قید کے دوران متعدد تشدد اور غداری کے الزامات کے تحت کیسز بنائے گئے۔یاد رہے کہ خالدہ ضیا کو ان کی حریف جماعت بنگلہ دیش عوامی لیگ کی سربراہ اور ملک کی وزیراعظم شیخ حسینہ کی جانب سے مبینہ طور پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔خالدہ ضیا نے 2014 کے الیکشن کا بائیکاٹ کیا تھا جس کے باعث شیخ حسینہ ملک میں حکومت بنانے میں کامیاب ہوگئی تھیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا