English   /   Kannada   /   Nawayathi

امریکی اقتصادی پابندیاں، ایرانی ریال کی قدر میں ریکارڈ کمی

share with us

تہران:04؍ستمبر2018(فکروخبر/ذرائع) امریکا کی جانب سے ایران پر اقتصادی پابندیوں کے نتیجے میں ایرانی ریال کی قدر میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق امریکا نے عالمی جوہری معاہدے سے دست برداری کے بعد ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کردی ہیں جس کے باعث امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایرانی ریال کی قدر میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گذشتہ روز غیر سرکاری مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت خرید ایک لاکھ اٹھائیس ہزار ایرانی ریال رہی۔عالمی مالیاتی منڈیوں میں ایرانی ریال کی قدر میں یہ ریکارڈ کمی بتائی جارہی ہے، جبکہ ایران کی معاشی صورت حال بھی مشکل حالات سے گزر رہی ہے۔قبل ازیں ایران میں رواں سال کے آغاز پر ایران کے مختلف شہروں میں مہنگائی، بے روزگاری غربت کو ختم کرنے میں حکومت کی ناکام پالیسیوں کے خلاف احتجاج ہوا تھا، جھڑپوں میں 2 افراد ہلاک بھی ہوئے تھے۔یاد رہے کہ رواں سال جون میں بھی ایران کے دارالحکومت تہران میں ہزاروں افراد نے بڑھتی قیمتوں اور کرنسی کی قدر میں کمی پر حکومت مخالف احتجاج کیا تھا۔

خیال رہے کہ امریکی صدر کی جانب جوہری معاہدے سے علیحدگی اور اگست سے نئی پابندیاں عائد کرنے کے اعلان کے بعد ڈالر کے مقابلے میں ایرانی ریال کی قدر میں مزید کمی کا خدشہ ہے۔دوسری جانب ایرانی حکام نے ہر صورت حال کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا