English   /   Kannada   /   Nawayathi

جذبات کو قابومیں رکھ کر صبر کے ساتھ کام لینے سے قوم کو ترقی حاصل ہوتی ہے : جامع مسجد بھٹکل میں مولانا عبدالعلیم ندوی کی اقتداء میں عید الأضحی کی دوگانہ ادا کی گئی 

share with us

بھٹکل سمیت ساحلی اضلاع اور ملک بھر میں عید الأضحی منائی گئی 

بھٹکل ؍ 22؍ اگست 2018(فکروخبر نیوز) بھٹکل اور اس کے مضافاتی علاقوں سمیت آج ملک کے تمام شہروں میں عید الأضحی کی دوگانہ ادا کی ۔ مسلمانوں نے بعض علاقوں میں عیدگاہ میں دوگانہ ادا کی جبکہ ملک کے بعض علاقوں میں مانسون کا موسم رہنے کی وجہ سے عید کی دوگاہ جمعہ مساجد میں ادا کی گئی ۔ بھٹکل اس کے مضافاتی علاقوں میں شیرور،مرڈیشور ، منکی ، ہوناور ، کمٹہ اور کاروار میں عید کی دوگانہ جمعہ مساجد میں ادا کی گئی ۔ لوگوں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر اپنی خوشیاں بانٹیں اور ایک دوسرے کو مبارکبادیاں پیش کیں۔ جامع مسجد بھٹکل میں امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے عید کی دوگانہ کی امامت کی۔ مولانا نے عالم اسلام کی خدمت میں عید الأضحی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے سنت ابراہیمی کو زندہ کرنے پر زور دیا ۔ مولانا نے اپنے خطاب میں کہاکہ درحقیقت قربانی سے ہمیں اخلاص کا پیغام ملتا ہے۔ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کررہا ہے کہ جو تعلق حضرت ابراہیم علیہ السلام کا اللہ تعالیٰ سے تھاکیا ویسا ہی تعلق ہمیں اللہ سے ہے۔ ہمیں اس بارے میں بھی سوچنا چاہیے کہ جس اخلاص کے ساتھ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے یہ عمل کیا تھا کیا ہم بھی اسی طرز پر یہ عمل کررہے ہیں؟اس سے مأخوذ ہونے والے پیغامات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ ہم اپنے جذبات کو اللہ کے احکامات کے سامنے قربان کردیں۔ اخلاص نہ ہونے کی صورت آدمی اپنے مفاد کو مدنظر رکھ کر کام کرتا ہے ، وہ یہ نہیں دیکھتا کہ میرے اس عمل سے امت کا نقصان ہورہا ہے یا فائدہ ؟ بلکہ وہاں اس کا نفس کام کرتا ہے اور جہاں نفس کام کرتا ہے وہاں مسائل بننے کے بجائے بگڑجاتے ہیں۔ مولانا نے قربانی کا پیغام دیتے ہوئے نوجوانو ں کو اپنے جذبات پر قابو رکھنے کی نصیحت کی ۔ انہو ں نے کہا کہ جو قوم جذبا ت کے پیچھے چلتی ہے اس کا ناکام ہونا یقینی ہے۔ غصہ میں آکر کوئی فیصلہ نہیں کرنا ہے ۔ ایسا کوئی کام جذبات میں آکر نہیں کرنا چاہیے جس سے قوم کی ترقی رک جائے ۔ اس کے برخلاف جذبات کے صحیح استعمال سے قوم کو ترقی ملتی ہے اورقوت ملتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قربانی سے ہر کام مشورہ سے کرنے کی ترغیب بھی ملتی ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام چاہتے تو اپنے بیٹے سے مشورہ کے بغیر یہ عمل انجام دے سکتے ہیں تھے لیکن انہوں نے بیٹے سے مشورہ لیا ۔ یہ اس بات کی دلیل ہے کہ مشورہ سے کام کرنے میں کام میں تقویت ملتی ہے ، بڑا چھوٹے سے مشورہ کرے اور چھوٹا بڑوں کے مشورے کے مطابق رہے۔ ایسا نہ ہونا چاہیے کہ بڑے چھوٹوں سے مشورہ لیے بغیر آگے بڑھتے رہیں جس کے بعد آگے چل پیچیدگیاں پیدا ہوجاتی ہیں ۔ مولانانے قربانی کی سنت کا موقع ملنے پر شکر ادا کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ں کہ اس زمانہ میں بھی ہمیں اس سنت کو زندہ کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ لہذا ہمیں ہر وقت اس پر اللہ کاشکر ادا کرتے رہنا چاہیے۔ اپنے خطاب کے آخر میں مولانا نے قربانی کے وقت چند باتوں کا لحاظ رکھنے کی تاکید کی اور اس سے ایک خاموش پیغام دینے کی بھی نصیحت کی۔ اسی طرح خلیفہ جامع مسجد میں مولانا خواجہ معین الدین اکرمی ندوی امام وخطیب خلیفہ جامع مسجد بھٹکل کی اقتداء میں سینکڑوں افراد نے عید کی دوگانہ ادا کی ۔ اسی طرح شہر کی دیگر جمعہ مساجد میں بھی اپنے اپنے خظباء کی اقتداء میں عوام الناس نے عید کی دوگانہ ادا کرکے رب کے حضور کی خدمت میں شکریہ کلمات ادا کیے۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا