English   /   Kannada   /   Nawayathi

کیرالہ سیلاب:راہل نے کیرالہ کے سیلاب کو قومی آفت قراردینے کا کیا مطالبہ ،پی ایم مودی کا 500 کروڑ روپے کی عبوری امداد کا اعلان

share with us

کیرالہ:18؍اگست2018(فکروخبر/ذرائع) کیرالہ میں زبردست سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے ہوئے 19512 کروڑ روپئے کے نقصان کی رپورٹ کے بیچ  ریاست کے 11 اضلاع میں ریڈ الرٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ کانگریس صدر راہل گاندھی نے کیرالہ میں سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی سے ریاست کے سیلاب کوقومی آفت قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔  راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز ٹویٹ کرکے کہا کہ " محترم وزیر اعظم، براہ مہربانی بلا تاخیر کئےکیرالہ کےسیلاب کو قومی آفت قرار دیں۔ ہمارے کروڑوں لوگوں کی زندگی، روزی روٹی اور مستقبل داؤ پر ہے"۔  اس سے پہلےراہل گاندھی نے ایک ٹویٹ کر کے مودی سے سیلاب سے متاثرہ کیرالہ کو خصوصی مدد دینے کی درخواست کی تھی۔کانگریس صدر نے کہا کہ "کیرل بہت بڑی مصیبت میں ہے۔ میں نے وزیر اعظم سے بات کی ہے اور ان سے فوج اور بحریہ کے جوانوں کی تعیناتی میں اضافہ کرنے کی درخواست کی ہے۔ میں نے ان سے کہا ہے کہ یہ بحران صورت حال ہے۔ ریاست کی تاریخ میں یہ سب سے زیادہ خوفناک سیلاب ہے، اس لئے ریاست کو خصوصی مدد ملنی چاہئے" ۔

خلیج بنگال میں بنے دباو کے علاقہ کے سبب یہاں ایک بار پھر بھاری بارش ہونے کا اندیشہ ہے۔ دریں اثنا، وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کیرالہ کو 500 کروڑ روپیہ کی عبوری مدد کا اعلان کیا ہے۔ مودی نے ہفتے کے روز کیرالہ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے سیلاب کی وجہ سے غیر ناگہانی موت اور املاک کے نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

ریاست میں سیلاب کی صورتحال کاجائزہ لینے پہنچنے والے مودی نے ایک جائزہ میٹنگ کی۔ موسم میں بہتری کے بعد، انہوں نے سیلاب سے متاثرہ کچھ علاقوں کا ہوائی سروے کیا۔کیرالہ کے گورنر جسٹس (ریٹائرڈ) پی سداشیوم، وزیر اعلی پنرائی وجین اور وزیر ملکت برائے سیاحت الفاسو کنتنم بھی ہوائی کے سروے کے دوران وزیراعظم کے ساتھ تھے۔ وزیر اعظم مودی نے گورنر، وزیر اعلی اور دیگر سینئر انتظامی حکام کے ساتھ میٹنگ کے بعد 500 کروڑ روپے کی عبوری امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے یقین دہانی کی کہ ریاست کی درخواست پر، غذائی اجناس اور ادویات سمیت دیگر امدادی سامان بھی فراہم کئے جائیں گے۔

اس سے پہلے، مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا اور 100 کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کیا تھا۔ مودی نے عبوری ریلیف کے علاوہ قدرتی آفات متاثرین کے ورثاء کو دو دو لاکھ روپے اور شدید زخمی افراد کو 50 ہزار روپے کی عبوری امداد وزیر اعظم قومی ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ سے دیئے جانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ انہوں نے انشورنس کمپنیوں کو معاوضہ کے لئے خصوصی کیمپ لگانے اور سوشل سیکورٹی اسکیم کے تحت مستفیدین کو معاوضے کی رقم وقت پر جاری کئے جانے اور فصل انشورنس اسکیم کے مستفیدین کسانوں کے دعوے کو جلد نمٹانے کی بھی ہدایت دی۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا