English   /   Kannada   /   Nawayathi

مودی حکومت کی ناقص حکمرانی کے خلاف این ایس یو آئی کا زبر دست مارچ

share with us

نئی دہلی:08؍اگست2018(فکروخبر/ذرائع) جنگ آزادی کے دوران مجاہدین کی طرف سے چھیڑی گئی ’بھارت چھوڑو‘ تحریک کی یاد میں کانگریس کی طلبا تنظیم نیشنل اسٹوڈنٹ یونین آف انڈیا ( این ایس یو آئی ) نے منڈی ہاؤس سے پارلیمنٹ تک مارچ نکالا۔ ’چھاتر آکروش ریلی ‘ کے نام سے نکالے گئے اس مارچ کے دوران مودی حکومت کی ناقص کارکردگی کو لے کر ہزاروں طلباء نے صدائے احتجاج بلند کیا۔ اس مارچ کی قیادت این ایس یو آئی کے قومی صدر فیروز خان کر رہے تھے ۔

مظاہرین طلباء کا کہنا تھا کہ مودی جی نےنوجوانوں کو اچھے دن کے خواب دکھا ئے اور ہرسال2 کروڑ نوکری دینے کا وعدہ کر نے والی مودی حکومت نے پڑھے لکھے نو جوان طبقہ کو سڑکوں پر لا کر کھڑا کر دیا ۔انہوں نے کہا گزشتہ4 برسوں سے برسر اقتدار مودی حکومت ہر محاذ پر ناکام رہی ہے ، نوجوانوں کو نوکری دینے کے بجائے پکوڑے بیچنے کا مشورہ دے رہی ہے۔

این ایس یو آئی کے اس مارچ میں ملک بھر کی ریاستوں سے ہزاروں کی تعداد میں آئے طلبا نے شرکت کی۔ اس موقع پر این ایس یو آئی کے قومی صدر فیروز خان نے نامہ نگار وں سے کہا کہ یہ مارچ تعلیم ،بے روزگاری، جنسی استحصال، ملک میں بڑھتے ہجومی تشدد کے خلاف ہے۔ انھوں نے مودی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 4 برسوں سے مودی حکومت نے ملک کے حالات بد سے بد تر کردیئے ہیں۔

فیروز خان نے کہا کہ بی جے پی ،آر ایس ایس اور اس سے وابستہ اے بی وی پی جیسی تنظیمیں ملک کی تمام یونیورسٹیوں کو زعفرانی رنگ میں رنگنے کی کوشش کررہی ہیں جس کے سبب خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹیاں تعلیم کی آمجگاہ ہوتی ہیں جہاں سے طلبا آراستہ و پیراستہ ہو کر باہر نکلتے ہیں اگر درس گاہوں میں سیاست اور مذہب کی آمیزش کی جائے گی تو آنے والے وقت میں ہندوستان کامستقبل کیسے روشن ہو گا۔

مارچ میں موجود دہلی یونیورسٹی طلبا یونین کی سابق سکریٹری کرشمہ ٹھاکر نے کہا کہ مودی حکومت نے انتخابات سے قبل کھوکھلے وعدے کیے تھے، خواتین کی حفاظت کو لے کرنہ کوئی مؤثر اقدام اٹھائے گئے جس کے سبب ملک میں آئے دن معصوم بچیوں کا جنسی استحصال ہو رہاہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا