English   /   Kannada   /   Nawayathi

قطر :2022ءعالمی کپ کے تعمیراتی منصوبوں کے تارکِ وطن مزدور اُجرتو ں سے محروم

share with us

دبئی:23؍جولائی2018(فکروخبر/ذرائع)قطر میں 2022ء میں ہونے والے فٹ بال عالمی کپ کے انعقاد کے لیے اسٹیڈیمز کی تعمیر اور دوسرے منصوبوں پر کام کرنے والے سیکڑوں بھارتی تارک ِوطن مزدور انتہائی نامساعد حالات میں رہ رہے ہیں۔انھیں گذشتہ چھے سات ماہ سے تن خواہیں ادا نہیں کی جارہی ہیں ،ان میں بہت سے ملازمتوں سے ہاتھ دوبیٹھے ہیں یا ان کے ویزوں کی میعاد ختم ہوچکی ہے اور وہ مزدور کیمپوں میں انتہا ئی ابتر حالات میں رہ رہے ہیں ۔

   ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق ایسے ورکروں کی تعداد 600 سے زیادہ ہے۔ اخبار نے ایک بھارتی عہدہ دار کے حوالے سے لکھا ہے کہ ان میں بعض گذشتہ آٹھ سے دس سال سے قطر میں کام کررہے ہیں لیکن انھیں ان کے واجبات اور معاوضوں کی ادائی کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ایک قطری فرم کے لیے گذشتہ آٹھ سال سے کام کرنے والے بھارتی شہری ایس کمار نے بتایا کہ ’’ہمیں اب لوگوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ،وہ ہمیں خیرات میں کھانا دے جاتے ہیں ۔دن کے وقت ہمیں بجلی کی سہولت دستیاب نہیں اور صرف رات کے وقت ہم جنریٹر سے بجلی حاصل کرتے ہیں‘‘۔ بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والے اس تارک وطن کا کہنا تھا کہ اس کو گذشتہ چھے ماہ سے کوئی تن خواہ ادا نہیں کی گئی ہے۔

قطر نے تارکین وطن ورکروں کے مسائل کے حل کے لیے اصلاحات کا وعدہ کیا تھا لیکن اس کے بعد بھی تارکین وطن کے مسائل حل نہیں ہوئے ہیں اور ان سے محض وعدے وعید پر مفت بری میں کام لیا جارہا ہے۔ایک تعمیراتی کمپنی کے لیے گذشتہ نوسال سے کام کرنے والےایک بھارتی پلمبر کا کہنا تھا کہ اب ہمارے پاس اپنے واجبات کی ا دائی کے لیے انتظار کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔میں اسپتال بھی نہیں جاسکتا کیونکہ میرے ویزے کی میعاد ختم ہوچکی ہے اور وہاں جانے کی صورت میں مجھے پکڑے جانے کا خوف لاحق ہے‘‘۔

ایک اور ورکر کا کہنا تھا کہ’’ مجھے وطن واپس جانے کے لیے رقم ادھار لینا پڑی ہے ۔میں ناامیدی کا شکار ہوں ۔میں نے دو سال قبل یہاں آنے کے لیے اپنی جائیداد گروی رکھی تھی لیکن مجھے یہاں جو کچھ ملا ہے، وہ سب کے سامنے ہے‘‘۔اخبار نے لکھا ہے کہ قطر میں بھارتی مشن نے اس کمپنی کے ساتھ تارک وطن مزدوروں کے واجبات کی عدم ادائی کا معاملہ اٹھایا تھا لیکن اس نے اب تک کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ بھارت سے تعلق رکھنے والے 25 ورکروں نے 10 اپریل کو مشن کو ایک درخواست دی تھی اور اس میں یہ شکایت کی تھی کہ انھیں گذشتہ کئی ماہ سے تن خواہیں ادا نہیں کی جارہی ہیں۔

بھارتی مشن اب بنگلہ دیش ، نیپال اور فلپائن کے ساتھ مل کر اپنے ورکروں کو ریلیف دلانے کے لیے کام کررہا ہے۔ایک اہلکار کے مطابق قطر نے حال ہی میں متاثرہ کمپنیوں کے ورکروں کے واجبات کی ادائی کے لیے ایک اسپورٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کیا تھا ۔تاہم ابھی تک یہ فنڈ فعال نہیں ہوا ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا