English   /   Kannada   /   Nawayathi

آل انڈیا مسلم پرسنل لائ بورڈ سکریٹری کی حکومت پر شدید نکتہ چینی ،کہا حکومت کے جھوٹ بولنے کا کوئی حساب نہیں

share with us

ممتاز عالم دین مولانا محمد ولی رحمانی نے مودی حکومت اور ان کے وزرا پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ 'اس حکومت کے جھوٹ بولنے کا کوئی حساب نہیں ہے'۔آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری  اور موقر عالم دین مولانا  محمد ولی رحمانی  نے بغیر محرم کے خواتین کے سفر حج کے حوالے سے کہا کہ حج ایک عبادت ہے  اور اس   کی ادائیگی  عبادت کے طور پر ہی کی جانی چاہیے اس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

 مولانا ولی رحمانی نے حج کی فرضیت کے حوالے سے کہا کہ کسی بھی خاتون پر اس وقت تک حج فرض نہیں ہوتا جب تک کہ اس کے ساتھ کوئی محرم  نہ ہو۔ مولانا کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت بڑے شان سے کہتی ہے کہ اس نے خواتین کو بغیر محرم کے سفر حج کی اجازت دے دی ہے، لیکن یہ حکومت کی 'بےہودگی اور بے حیائی' ہے۔عازمین حج کو دی جانے والی سہولتوں کے حوالے سے مولانا نے کہا کہ ایمبارگیشن پوائنٹز جو پہلے ہوا کرتے تھے آج بھی وہی ہیں لیکن یہ افسوس کی بات ہے کہ عازمین حج کو جتنی تشہیر کی گئی اتنی  سہولتیں فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔ 

 

انہوں نے ایمبارگیشن پوائنٹز پرنافذ کردہ  سخت قوانین کے بارے میں کہا کہ دہلی میں عازمین حج کے ٹھہرنے کے جو انتظامات کیے گیے ہیں وہ انتہائی نا مناسب ہیں۔ مولانا نے کہا کہ ایمبارگیشن پوائنٹز پر صفائی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو بھیڑ بکریوں کی طرح رکھا جا رہا ہے۔ بارش ہونے کے سبب پانی جمع ہوگیا، ٹوائلٹز گندے پڑے ہیں، پانی کا انتظام نہیں ہے۔  انہوں نے کہا کہ اگر بے ترتیبی اور بدنظمی  دیکھنی ہو تو یہاں چلے آئیں۔

 

مولانا نے عازمین حج کو پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں کہا کہ بہار کے عازمین حج کو سب سے پہلے پٹنہ سے گیا تک بس کے ذریعے لایا جاتا ہے پھر گیا سے چھوٹے جہازوں کے ذریعے کسی دوسرے شہر میں لاکر وہاں سے سعودی عرب پہنچایا جا رہا ہے۔ مولانا نے کہا کہ اس پورے مرحلے کو آسان بنایا جا سکتا ہے۔ لیکن غلط سیاسی فیصلے کی وجہ سے ایسا نہیں ہو پا رہا ہے۔

حج کے کرایوں میں اضافے کے حوالے سے مولانا نے کہا کہ ممبئی اور سری نگر کے کرایوں کو اگر دیکھا جائے تو کرایوں میں اضافہ واضح طور پر نظر آتا ہے۔ انہوں نے ان دونوں شہروں کے حوالے سے کہا کہ  ممبئی کے مقابلے سری نگر سے سفر حج کا کرایہ تقریبا دوگنا یا 85 فیصد زیادہ ہے۔ مولانا نے حاجیوں کے کریے پر اضافہ  کو حاجیوں پر ظلم سے تعبیر کیا ہے۔ 

 

بھارتی حکومت کی طرف سے کرایوں میں کمی کے دعووں پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مولانا رحمانی نے کہا کہ یہ بڑی  بد قسمتی کی بات ہے کہ موجودہ حکومت اور وزیر اعظم کرایوں کے کمی کے سلسلے میں  جھوٹ بول رہے ہیں۔ اور اتنا بول رہے ہیں کہ ان کے جھوٹ کا 'پرسنٹیج'نہیں نکالا جا سکتا۔مولانا نے کہا کہ آپ خود عازمین حج سے معلوم کر سکتے ہیں کہ مرکزی حکومت کے دعووں میں کتنی سچائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرایہ زبردستی زیادہ لیا جارہا ہے۔ انہوں نے سفر حج پر 18 فیصد جی ایس ٹی عائد کرنے پر اعتراض کیا اور مرکزی حکومت سے سوال کیا کہ جو لوگ تھائی لینڈ، انڈونیشیا سے بہار کے شہر گیا کا سفر کرتے ہیں ان پر کتنی جی ایس ٹی لگائی جا رہی ہے اور سفر حج پر کتنی جی ایس ٹی لی جا رہی ہے، انہوں نے حکومت سے ان دونوں کے درمیان فرق کو واضح کرنے کا مطالبہ کیا۔

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا