English   /   Kannada   /   Nawayathi

متحدہ عرب امارات: سیاحوں کو ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی واپسی کی شرائط کا اعلان

share with us

دبئی:15؍جولائی2018(فکروخبر/ذرائع) متحدہ عرب امارات کی فیڈرل ٹیکس اتھارٹی کی جانب سے سیاحوں کو ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی واپسی کی شرائط کا اعلان کردیا گیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق فیڈرل ٹیکس اتھارٹی کی جانب سے ایک پریس ریلیز میں ان شرائط کا اعلان کیا گیا ہے جن کے تحت غیر ملکی سیاح امارات سے واپسی کے وقت ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی رقم واپس حاصل کرسکیں گے۔

اماراتی کابینہ کی جانب سے منظور کیے جانے والے نظام کے مطابق مذکورہ ٹیکس کی واپسی کے لیے بنیادی شرائط میں ضروری ہے کہ سامان کی وصولی کے وقت سیاح امارات میں موجود ہوں۔

سامان کی ترسیل کی تاریخ سے 90 روز کے اندر سیاح امارات سے کوچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہو اور جاتے وقت وہ سامان اس کے ہمراہ ہو جبکہ سامان کی ترسیل کی تاریخ کے بعد تین ماہ کے اندر سیاح اس سامان کو امارات سے باہر بھیج دے۔

واضح رہے کہ سیاح نے سامان اس ریٹیلر سے خریدا ہو جو اماراتی نظام کے تحت منظور شدہ ہو، سامان کی خرید کا عمل اماراتی فیڈرل ٹیکس اتھارٹی کے بیان کردہ طریقہ کار کے مطابق ہو۔

خیال رہے کہ سامان ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی واپسی سے مستثنیٰ نہیں ہونا چاہئے، فیڈرل ٹیکس اتھارٹی کے مطابق اگر کوئی سیاح ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی واپسی کے ساتھ سامان کی خریداری کا خواہش مند ہو تو ریٹیلر قانونی طور پر متعین کردہ نظام کے مطابق سیاح کو مطلوبہ رسیدیں فراہم کرنے کا پابند ہوگا۔

فیڈرل ٹیکس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل خالد البستانی کے مطابق سسٹم آپریٹر ایک معاہدے کے تحت تمام ریٹیلرز کو مطلوبہ ٹیکنالوجی فراہم کرے گا تاکہ وہ فیڈرل ٹیکس اتھارٹی کے ساتھ ساتھ ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور زمینی سرحدی گزرگاہوں کے ساتھ مربوط ہوسکیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا