English   /   Kannada   /   Nawayathi

جمعیۃعلماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) کی جانب سے طلباء میں تعلیمی وظائف کی تقسیم 

share with us

اول مرحلہ میں 22لاکھ سے زائد کی رقم اعلیٰ پولس افسران کے ہاتھوں طلبہ میں تقسیم ،وظیفہ پانے والوں میں غیر مسلم طلبہ بھی شامل 

ممبئی:15؍جولائی2018(فکروخبر/ذرائع)ہندوستانی مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم جمعیۃعلماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) نے آج ساؤتھ اورساؤتھ سینٹرل زون،ممبئی کے مسلم و غیر مسلم طلبہ کو تعلیمی وظائف کے چیک تقسیم کرنے کے لئے ریاستی دفتر واقع امام باڑہ کمپاؤنڈ ،ممبئی میں ایک تقریب منعقد کی،جس میں محکمہ پولس کے اعلیٰ افسران اور جمعیۃعلماء کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔اس تقریب میں معزز مہمانوں اور ذمہ داران جمعیۃعلماء کے بدست طلبہ کو 22لاکھ روپئے سے زائد رقم کا چیک دیا گیا ، جس میں ابتداء سے لیکر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلباء شامل ہیں ۔
ً اس موقع پر ڈپٹی پولس کمشنر آف پولس ژون نمبر ۱؍منوج کمار شرما ،اے سی پی ڈونگری ڈویژن اویناش دھرم ادھیکاری اور جمعیۃعلماء کے عہدیداروں نے چیک لینے کے لئے آئے ہوئے طلبہ اور ان کے سرپرستوں سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کے تئیں بچوں میں جذبہ پیدا کرنے اور انکی نگرانی کی تلقین کی۔
منوج کمار شرما(ڈی سی پی ژون نمبر ۱)نے اپنے خطاب میں جمعیۃعلماء مہاراشٹر اور اس کے ذمہ داران کی بے لوث ملکی و ملی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس وقت جمعیۃعلماء جو کام کر رہی ہے یہ قوم ہی نہیں بلکہ پورے ملک کو ترقی کی طرف لے جانے والا ایک عمدہ قدم ہے ،اس کے لئے ہم سب کو اس تنظیم کے مشن میں بھر پور تعاون کرنا چاہئے۔
اے سی پی ڈونگری ڈویژن اویناش دھرم ادھیکاری نے طلباء اور ان کے سر پرستوں کو UPSCاورMPSCکی تعلیم کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ بچوں کی بہترین تربیت کے ساتھ ان کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے رہنمائی کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے ،اس کے لئے ہمیں مشہور اور ماہرین اسکالروں سے رہنمائی حاصل کر کے بچوں میں اس کے تئیں حوصلہ پیدا کرنا چاہئے ،جس سے وہ آگے چل کر بڑے بڑے سرکاری عہدوں پر پہونچ سکیں ۔ سر پرستوں کی کوتاہی کی طرف متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم اپنے بچوں کو اسکولوں اور کالجوں میں علم و فن سیکھنے کے لئے بھیج دیتے ہیں لیکن ان کی نگرانی نہیں کرتے ،جس سے یہ بری صحبت میں پڑ کر بے راہ روی کے شکار ہوجاتے ہیں۔اس لئے ان کی ہمہ وقت نگرانی بہت ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے بچوں کو اچھی تعلیم اور عمدہ تربیت دیں تاکہ ملک کی ترقی میں معاون ہو سکیں ۔ ملک کی ترقی کے لئے ادنیٰ سے ادنیٰ قربانی کو معمولی نہیں سمجھنا چاہئے،کیوں کہ قطرہ قطرہ مل کر دریا بنتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جمعیۃعلماء کی جانب سے دیا جانے والا وظیفہ یہ ابتدائی زینہ ہے ،اگر ہم نے اپنے بچوں کی تربیت کی ان کی تعلیم پر دھیان دیا تو آگے چل کر یہ ہمارا ہی نہیں بلکہ ملک کا نام روشن کرنیکا ذریعہ بنیں گے۔
مولانا مستقیم احسن اعظمی (صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر)نے بھی طلبہ کو دلجمعی کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے اور ان کے سر پرستوں کو عمدہ اور بہترین تربیت کرنے کی تلقین کی ۔
گلزار احمد اعظمی (سکریٹری قانونی امداد کمیٹی )نے جمعیۃعلماء کی خدمات کا مختصر طور پر ذکر کیا ۔اور اس تقریب میں تشریف لانے والے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پرمولانا مستقیم احسن اعظمی صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے ژون نمبر ۱؍ کے ڈی سی پی منوج کمار شرما کو ، مفتی محمد یوسف قاسمی خازن ڈونگری ڈویژن کے اے سی پی اویناش دھرم ادھیکاری کو ،مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری نے جے جے پولس اسٹیشن کے پی آئی اقبال اولکر کو ،مولانا اشتیا ق احمد قاسمی نائب صدر نے سینئر انسپکٹر ڈونگری ڈویژن سندیپ بھاگڈیکر کو گلدستہ پیش کرکے ان کا ستقبال کیا ۔
اس تقریب میں جمعیۃعلماء کے عہدیداران اور مقامی ذمہ داروں کے ساتھ بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ،جن میں مولانا یار محمد قاسمی(جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء سینٹرل زون،ممبئی) عقیل احمدشیخ (سکریٹری جمعیۃعلماء ساؤتھ زون اور جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء ساؤتھ زون،بی وارڈ ،ممبئی ) مولانا حبیب الرحمن قاسمی (صدر جمعیۃ علماء کاجو پاڑہ ،کرلا) خصوصیت کے ساتھ قابل ذکر ہیں ۔

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا